9 مئی مقدمات: عمران خان کی بہنوں سمیت پی ٹی آئی رہنماؤں کی عبوری ضمانتوں میں توسیع
لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے سابق وزیراعظم عمران خان کی بہنوں علیمہ خان اور عظمیٰ خان کی عبوری ضمانتوں میں توسیع کر دی دوسری جانب عدالت نے سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری اور اعظم سواتی کی عبوری ضمانتوں میں توسیع کر دی۔
لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ارشد جاوید نے مسلم لیگ ن کا آفس جلانے سمیت دیگر جلاؤ گھیراؤ کے مقدمات عظمیٰ خان اور علیمہ خان کی عبوری ضمانتوں پر سماعت کی۔
اس موقع پر وکیل کی جانب سے بانی پی ٹی آئی کی بہنوں کی ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست کی گئی۔
عدالت نے حاضری معافی کی درخواست منظور کرتے ہوئے عظمیٰ خان اور علیمہ خان کی عبوری ضمانتوں میں 8 نومبر تک توسیع کر دی۔
واضح رہے کہ بانی پی ٹی آئی کی بہنوں کیخلاف مسلم لیگ ن کا آفس جلانے سمیت دیگر جلاؤ گھیراؤ کے مقدمات درج ہیں۔
فواد چوہدری اور اعظم سواتی کی عبوری ضمانتوں میں توسیع
دوسری جانب انسداد دہشت گردی عدالت نے سابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری اور سابق وفاقی وزیر اعظم سواتی کی عبوری ضمانتوں میں توسیع کر دی۔
انسداد دہشت گردی عدالت لاہور کے جج منظر علی گل نے 9 مئی جلاؤ گھیراؤ کے مختلف مقدمات میں پی ٹی آئی رہنماؤں کی عبوری ضمانتوں کی درخواستوں پر سماعت کی۔
عدالت نے پی ٹی آئی رہنما عمر ایوب کی عبوری ضمانتوں میں 8 نومبر تک توسیع کردی۔
دوران سماعت وکیل اعظم سواتی نے کہا کہ اعظم سواتی گرفتار ہیں، پیش نہیں ہو سکتے۔
عدالت نے اعظم سواتی کی حاضری معافی کی درخواست منظور کرتے ہوئے ان کی عبوری ضمانتوں میں 26 نومبر تک توسیع کر دی۔
تفتیشی افسر نے عدالت میں اپنے بیان میں کہا کہ فواد چوہدری عبوری ضمانتوں میں شامل تفتیش ہو چکے ہیں۔
وکیل فواد چوہدری نے کہا کہ ہم عبوری ضمانتوں میں دلائل دینے کے لیے تیار ہیں، جس پر انسداد دہشت گردی عدالت کے جج نے کہا کہ جب تک تفتیش مکمل نہیں ہوتی، کسی نتیجے پر کیسے پہنچیں گے۔
عدالت نے فواد چوہدری کی عبوری ضمانتوں میں 8 نومبر تک توسیع کر دی جبکہ عدالت نے مسرت جمشید چیمہ کی عبوری ضمانتوں میں 19 نومبر تک توسیع کر دی۔
Comments are closed on this story.