Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  
Live
politics April 8 2023

سپریم کورٹ سے متعلق بل واپس: صدر پی ٹی آئی کارکن کے طور پر کام کر رہے ہیں، وزیراعظم

اپنے عمل سے عارف علوی نے اپنے عہدے کی توہین کی، شہباز شریف
شائع 08 اپريل 2023 10:25pm
فوٹو — فائل
فوٹو — فائل

صدر مملکت کی جانب سے سپریم کورٹ سے متعلق بل نظر ثانی کے لئے واپس بجھوانے کے اقدام پر وزیراعظم شہباز شریف نے شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔

ٹوئٹر پر جاری بیان میں شہباز شریف نے کہا کہ صدر علوی کا پارلیمنٹ سے منظور شدہ سپریم کورٹ بل کو واپس کرنا انتہائی افسوس ناک ہے، اپنے عمل سے عارف علوی نے اپنے عہدے کی توہین کی ہے۔

وزیراعظم نے صدر مملکت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ صدر پی ٹی آئی کے کارکن کا کردار ادار کر رہے ہیں، ایسا کارکن جو عمران نیازی کے لئے آئین ذمہ داریوں کو نظر انداز کر رہا ہے۔

خیال رہے کہ خیال رہے کہ صدر مملکت نے سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر بل 2023 کو نظرثانی کیلئے واپس بھیج دیا ہے۔

سپریم کورٹ ججز کے نئے فیصلوں سے عدالتی بحران شدید ہونے کا خدشہ

وکلاء تنظیموں کے بیانات دراڑیں واضح ہورہی ہیں۔
شائع 08 اپريل 2023 09:34pm
سینئر جج جسٹس قاضی فائز عیسیٰ (بائیں) اور چیف جسٹس آف پاکستان عمر عطا بندیال (دائیں)۔ (تصاویر بزریعہ سپریم کورٹ ویبسائٹ)
سینئر جج جسٹس قاضی فائز عیسیٰ (بائیں) اور چیف جسٹس آف پاکستان عمر عطا بندیال (دائیں)۔ (تصاویر بزریعہ سپریم کورٹ ویبسائٹ)

پاکستان کے دو سینئر ترین ججوں کے دو حالیہ اقدامات کے باعث عدالتِ عظمیٰ (سپریم کورٹ آف پاکستان) میں چل رہا بحران مزید گہرا ہوتا دکھائی دے رہا ہے۔

چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس عمر عطا بندیال نے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف ریفرنس کا معاملہ پیر کو سماعت کے لیے مقرر کردیا ہے۔

جبکہ جسٹس فائز عیسیٰ نے چیف جسٹس عمر عطا بندیال کے چھ رکنی بینچ کی تشکیل پر سوال اٹھاتے ہوئے اسے خلاف آئین قرار دے دیا ہے۔

ان کا نوٹ سپریم کورٹ آف پاکستان کی ویب سائٹ پر جاری ہوا لیکن اسے فوراً ہٹا لیا گیا۔

انہی معاملات سے جڑی ایک پیش رفت میں، خیبرپختونخوا بار کونسل نے چیف جسٹس عمر عطا بندیال سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا ہے، جبکہ سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن سپریم جج کی حمایت میں کھڑی ہوگئی ہے۔

ان تمام معاملات کے درمیان پی ٹی آئی نے احتساب ریفرنسز میں وزیر اعظم شہباز شریف اور مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم نواز شریف کی بریت کو کالعدم قرار دینے کے لیے سپریم کورٹ سے رجوع کر لیا ہے۔

جسٹس عیسیٰ کے خلاف ریفرنس

جسٹس فائزعیسیٰ کے خلاف کیوریٹو ریویو ریفرنس عمران خان کے دورِ حکومت میں دائر کیا گیا تھا۔

اس وقت سپریم کورٹ نے جسٹس عیسیٰ اور ان کے خاندان کے خلاف ایک ریفرنس خارج کیا تھا جس کے بعد عمران خان کی حکومت نے 2021 میں کیوریٹو ریویو ریفرنس دائر کیا۔

عمران خان کو اپریل 2022 میں معزول کر دیا گیا تھا، لیکن شہباز شریف انتظامیہ جسٹس فائز کے خلاف ریفرنس واپس لینا بھول گئی اور گزشتہ ہفتے ہی ایکشن میں یہ کہتے ہوئے کود پڑی کہ جسٹس فائز عیسیٰ کے خلاف ریفرنس اس لئے واپس لے لیا جائے گا کیونکہ یہ ”عمران نیازی کی طرف سے ایک منصف مزاج جج کے خلاف جو آئین اور قانون کی راہ پر گامزن ہے، انتقامی کارروائی تھی، جو (عمران خان) ایک انتقامی شخص تھا۔“

اور یوں حکومت نے کیوریٹیو ریویو ریفرنس کو واپس لینے کے لیے درخواست دائر کردی۔

ہفتہ کو چیف جسٹس نے شہباز حکومت کی درخواست 10 اپریل کو ان چیمبر سماعت کے لیے مقرر کی۔ انہوں نے اسی دن ایک اور متعلقہ معاملہ بھی سماعت کے لئے مقرر کیا ہے۔

جب عمران خان کی حکومت نے 2021 میں کیوریٹو ریویو دائر کیا تو سپریم کورٹ نے اس کے خلاف کچھ اعتراضات اٹھائے اور حکومت نے اعتراض کے خلاف اپیل دائر کی۔

چیف جسٹس عمر عطا بندیال پیر کو اس اپیل پر بھی ان کیمرہ سماعت کریں گے۔

یہ فیصلہ چیف جسٹس کی جانب سے جسٹس عیسیٰ کی طرف سے ازخود اختیارات کے ضرورت سے زیادہ استعمال کے خلاف دیے گئے فیصلے کو کالعدم قرار دینے کیلئے بنائے گئے چھ رکنی بینچ کے کچھ دن بعد ہی سامنے آیا ہے۔

جسٹس اعجاز الاحسن کی سربراہی میں جسٹس منیب اختر، جسٹس سید مظاہر علی اکبر نقوی، جسٹس محمد علی مظاہر، جسٹس عائشہ ملک اور جسٹس سید حسن اظہر رضوی پر مشتمل بینچ منگل کو تشکیل دیا گیا تھا اور اس بینچ نے مختصر سماعت کے بعد ازخود نوٹس کے بعد ازخود اختیارات کے خلاف فیصلہ واپس لے لیا تھا۔

جسٹس فائز عیسیٰ کا چھ رکنی بینچ پر سوال

چھ رکنی بینچ نے اُس کیس کی سماعت کرتے ہوئے فیصلہ تبدیل کیا جس کی اصل سماعت جسٹس عیسیٰ اور جسٹس امین الدین خان نے کی تھی۔

جسٹس فائز عیسیٰ نے ہفتے کے روز اسی کیس میں ایک نوٹ جاری کرتے ہوئے قرار دیا کہ چھ رکنی بینچ کی تشکیل غیر قانونی اور آئین کے خلاف ہے۔

جسٹس عیسیٰ نے کہا کہ رجسٹرار عشرت علی، جنہوں نے منگل 3 اپریل کو روسٹر جاری کیا تھا، کو وفاقی کابینہ نے 3 اپریل کو پہلے ہی ہٹا دیا تھا کیونکہ انہوں نے اس سے قبل جسٹس عیسیٰ اور جسٹس امین الدین کی جانب سے ازخود نوٹس کے بارے میں دیے گئے فیصلے کو غیر قانونی طور پر تبدیل کرنے کی کوشش کی تھی۔

جسٹس عیسیٰ کے نوٹ میں کہا گیا ہے کہ چھ رکنی بینچ کی تشکیل سے ثابت ہوا کہ رجسٹرار کا 29 مارچ کو جاری کردہ سرکلر غیر قانونی تھا۔

نوٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ کی بینچ کے خلاف کسی بھی اپیل کی سماعت دوسری اور بالکل مختلف بینچ نہیں کر سکتی۔

نوٹ میں کہا گیا کہ اس کے علاوہ، بینچ نے معمول کے خلاف بزنس چلایا اور پارٹی کو نوٹس جاری کرنے میں ناکام رہا۔

نوٹ میں جسٹس فائز عیسیٰ نے مزید کہا کہ چھ رکنی بینچ نے 4 اپریل کو جو فیصلہ سنایا اس کی کوئی آئینی حیثیت نہیں ہے۔

نوٹ میں یہ بھی کہا گیا کہ چیف جسٹس آف پاکستان کے لیے استعمال ہونے والے الفاظ ’ماسٹر آف رولز‘ آئین میں نہیں ہیں۔

سپریم کورٹ کی کی ویب سائٹ سے نوٹ غائب

جسٹس عیسیٰ کی جانب سے جاری کردہ نوٹ ہفتہ کی شام سپریم کورٹ آف پاکستان کی ویب سائٹ supremecourt.gov.pk پر اردو اور انگریزی میں شائع کیا گیا۔

لیکن، اسے بغیر کسی وضاحت کے فوراً ویب سائٹ سے ہٹا دیا گیا۔

خیبرپختونخوا بار کونسل کا چیف جسٹس سے استعفیٰ دینے کا مطالبہ

شدید ہوتے عدالتی بحران کی ایک اور علامت کے طور پر کے پی بار کونسل نے ہفتے کے روز ایک بیان جاری کیا، جس میں چیف جسٹس عمر عطا بندیال سے ملک کے اعلیٰ ترین جج کے عہدے سے سبکدوش ہونے پر زور دیا گیا۔

کے پی بار کونسل کے چیئرمین زر بادشاہ خان کے بیان میں چیف جسٹس پر آمرانہ رجحانات کے مظاہرے کا الزام لگایا گیا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ جسٹس اطہر من اللہ کی طرف سے لکھے گئے ایک نوٹ میں واضح کیا گیا ہے کہ پنجاب میں انتخابات سے متعلق یکم مارچ کا فیصلہ پٹیشن کے خلاف 4-3 کا فیصلہ تھا نہ کہ پٹیشن کے حق میں 3-2 کا۔

بیان میں چیف جسٹس کے خلاف سخت الفاظ استعمال کیے گئے اور کہا گیا کہ بار کا اجلاس 12 اپریل کو بار کونسل آفس میں بلایا جائے گا۔

دوسری جانب ہفتہ کو سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن نے چیف جسٹس بندیال کے خلاف دائر ریفرنس کی مذمت کی ہے۔

بار نے کہا کہ چیف جسٹس عمر عطا بندیال کے خلاف ریفرنس کا مقصد پنجاب اور کے پی میں انتخابات میں تاخیر کرنا ہے اور اس سے عدلیہ کی آزادی کو براہ راست خطرہ لاحق ہے۔

پی ٹی آئی کا شہباز شریف کے خلاف مقدمات بحال کرنے کا مطالبہ

دریں اثنا، پی ٹی آئی نے ہفتے کے روز سپریم کورٹ میں وزیر اعظم شہباز شریف اور مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم نواز شریف کے خلاف بدعنوانی کے مقدمات کی بحالی کی درخواست دائر کی۔

انہیں گزشتہ سال عدالتوں نے بری کر دیا تھا اور ملک کے سب سے بڑے اینٹی کرپشن ادارے قومی احتساب بیورو (نیب) نے بریت کے خلاف اپیل دائر نہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

پی ٹی آئی کی درخواست میں نیب کے فیصلے پر سوال اٹھایا گیا ہے اور سپریم کورٹ سے اپیل دائر کرنے کا حکم دینے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

بزدل آدمی لیڈر نہیں بلکہ نواز شریف بن جاتا ہے، عمران خان

چوروں کے ٹولے کو سہولت کاروں نے ہمارے اوپر مسلط کیا، پی ٹی آئی چیئرمین
اپ ڈیٹ 08 اپريل 2023 09:55pm
فائل ــ فوٹو
فائل ــ فوٹو

سابق وزیراعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کا کہنا ہے کہ چوروں کے ٹولے کو سہولت کاروں نے ہمارے اوپر مسلط کیا۔

لاہور میں افطار ڈنر کے موقع پر کارکنوں سے خطاب میں عمران خان نے کہا کہ کلمہ طیبہ انسانوں کو غیرت مند بناتا ہے، لیڈر ہوتا ہی غیرت مند ہے، غیرت مند انسان کی معاشرے میں عزت بڑھ جاتی ہے، بے غیرت آدمی اربوں پتی بھی ہو تو اس کی عزت نہیں ہوتی۔

انہوں نے کہا کہ جو بھی لیڈر بنے وہ غیرت مند بنے، لیڈر سچا اور ایماندار ہوتا ہے، جو لیڈر ہوتا ہے وہ خوفزدہ نہیں ہوتا، بزدل آدمی لیڈر نہیں بنتا بلکہ نواز شریف بن جاتا ہے۔

ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پر بات کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ پاکستان میں ہماری جنگ حقیقی آزادی کے لئے ہے، انصاف کے لئے قوم کو تیار ہونا ہے، چوروں کے ٹولے کو سہولت کاروں نے ہمارے اوپر مسلط کیا، وہ ہمیں غلام سمجھ کر اپنے فیصلے مسلط کر رہے ہیں۔

پی ٹی آئی چیئرمین کا کہنا تھا کہ میرے گھر پر حملہ کیا، پارٹی رہنما علی امین گنڈا پور کو گرفتار کر لیا گیا، یہ بتانا چاہتے ہیں کہ ہم ان کے غلام ہیں۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ میں اسلام کا اسکالر نہیں ہوں، میں نے اپنی زندگی سے سب سیکھا، کلمہ طیبہ انسان کو اندر کی آزادی دیتا ہے اور معاشرے کی آزادی انصاف دیتا ہے، جو انقلاب اللہ کے آخری نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم لے کر آئے ویسا انقلاب دنیا میں کہیں نہیں آیا۔

انھوں نے کہا کہ ہم سب لیڈر ہیں کیونکہ ہم اشرف المخلوقات ہیں، اللہ نے فرشتوں کو کہا انسان کے سامنے جھکو تو ابلیس نے اعتراض کیا، ہم اپنی صلاحیتوں کو آزماتے نہیں جس کی بڑی وجہ خوف ہے، کوفہ کے لوگوں نے یزید کے ڈر سے امام حسین رضی اللہ عنہ کی مدد نہ کی، کلمہ طیبہ پر کامل ایمان ہو تو یہ خوف کے بت کو توڑ دیتا ہے۔

مسلمانوں کے جذبہ ایمان پر بات چیت کرتے ہوئے چئیرمین تحریک انصاف نے کہا کہ جنگ بدر میں صرف تین سو تیرہ سپاہی تھے، گیارہ سال بعد خالد بن ولید کی لیڈر شپ کے سامنے رومن فوج نے گھٹنے ٹیک دئیے، بارہویں سال میں دوسری سپر پاور کو قدسیہ میں مسلمانوں نے شکست دی، کلمہ طیبہ کی طاقت ہے کہ دو سپر پاورز نے گھٹنے ٹیک دئیے۔

عمران خان نے کہا کہ عربوں کو اللہ کے آخری نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے آزادی دی، آپ ﷺ نے انصاف دے کر معاشرے میں سب کو برابر کیا، آزاد لوگ اپنی آزادی کیلئے کھڑے ہوتے ہیں، غلام لوگ آزادی کی جنگ نہیں لڑتے، افغانستان اور قبائلی علاقوں سے گزر کر کئی ہندوستان فتح کرنے آئے، ان فاتحین کو دہلی یا پانی پت سے پہلے کوئی نہیں روکتا تھا، جو جنگ جیت لیتا تھا ان سب کا حکمراں بن جاتا تھا،افغانستان کو تین سپر پاورز فتح نہ کر سکیں۔

پشاور: ن لیگ کی ناراض صوبائی قیادت کو شوکاز نوٹس جاری

پارٹی کو دو دھڑوں میں تقسیم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، نوٹس
شائع 08 اپريل 2023 06:16pm

پاکستان مسلم لیگ (ن) نے پشاور میں سابق گورنرز اور ناراض اراکین کو پارٹی قیادت کے خلاف مختلف مقامات پر اجلاس منعقد کرنے اور اشتعال انگیز تقاریر پر شو کاز نوٹس جاری کردیئے۔

سردار مہتاب عباسی، ظفر اقبال جھگڑا اور دوسرے رہنماؤں کو شوکاز نوٹسز خیبرپختونخوا کے جنرل سیکرٹری مرتضیٰ عباسی نے جاری کئے ہیں۔

نوٹس میں کہا گیا ہے کہ پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی کرنے اور پارٹی کو دو دھڑوں میں تقسیم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، مرکزی قائدین 15 یوم کے اندر اندر جواب دیں۔

جسٹس قاضی فائز کیخلاف ریفرنس پر اعتراضات، اپیل سماعت کیلئےمقرر

چیف جسٹس پاکستان 10 اپریل کو ان چیمبر سماعت کریں گے
شائع 08 اپريل 2023 05:09pm
فوٹو ــ فائل
فوٹو ــ فائل

سپریم کورٹ آف پاکستان میں جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف کیوریٹیو ریویو پر اعتراضات کیخلاف اپیل سماعت کیلئے مقرر ہوگئی۔

عدالت عظمیٰ نے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف کیوریٹیو ریویو پر اعتراضات کیخلاف اپیل سماعت کیلئے مقرر کرلی ہے۔ چیف جسٹس عمر عطا بندیال اپیل پر سماعت کریں گے۔

حکومت کی جانب سے کیوریٹیو ریویو واپس لینے کی درخواست بھی سماعت کیلئے مقرر ہوئی، چیف جسٹس پاکستان 10 اپریل کو ان چیمبر سماعت کریں گے۔

واضح رہے کہ وزیراعظم شہبازشریف نے سپریم کورٹ کے سینئر ترین جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف کیوریٹیو ریویو ریفرنس واپس لینے کا حکم دیا تھا۔

پی ٹی آئی کے دور حکومت میں سپریم کورٹ کے سینئر ترین جج جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف ریفرنس دائر ہوا تھا، تاہم موجودہ حکومت نے ریفرنس کو کمزور اور بے بنیاد وجوہات پر مبنی قرار دے کر اس کی پیروی نہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

کیا آئی ایم ایف نے منع کیا، اسحاق ڈار نے امریکا نہ جانے کی وجہ بتا دی

آج سحری سے قبل روانہ ہو کر کل امریکا پہنچنا تھا، اسحاق ڈار
شائع 08 اپريل 2023 04:05pm
فوٹو — اسکرین گریب
فوٹو — اسکرین گریب

وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان آئی ایم ایف کا ممبر ہے، بھکاری نہیں ہے، آئی ایم ایف مجھے کانفرنس میں شرکت سے نہیں روک سکتا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران اسحاق ڈار نے کہا کہ میں آئی ایم ایف کانفرنس میں کیوں نہیں جارہا، میری فلائٹ کی ٹکٹ بک تھی، سحری سے قبل روانہ ہو کر کل امریکا پہنچنا تھا، پرسوں سے ورلڈ بینک سے اسپرنگ میٹنگ میں شرکت کرنی تھی، وزیرخزانہ اور گورنراسٹیٹ بینک کانفرنس میں شرکت کرتے ہیں۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ سپریم کورٹ نے21 ارب روپے انتخابات کیلئےدینے کا حکم دیا، مردم شماری پر 35 ارب روپے خرچ ہو رہے ہیں، سپریم کورٹ نے 10 اپریل تک الیکشن کمیشن کو فنڈز دینے کا حکم دیا، عدالت نے الیکشن کمیشن سے11اپریل کو رپورٹ طلب کی ہے، الیکشن کمیشن کو فنڈز ملنے سے متعلق رپورٹ جمع کرانی ہے۔

وفاقی وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ ملک میں آئینی بحران پیدا کیا جا چکا ہے، پاکستان پہلے سے سیاسی و معاشی بحران کا شکار ہے، وزیراعظم کی ہدایت پر میں نے امریکا کا دورہ منسوخ کیا، اپنی معاشی ٹیم کو معاونت فراہم کرتا رہوں گا۔

اسحاق ڈار نے اس تاثر کو غلط قرار دیا کہ آئی ایم ایف نے انھیں منع کیا، انھوں نے کہا کہ پاکستان آئی ایم ایف کا ممبر ہے، بھکاری نہیں ہے، آئی ایم ایف مجھے کانفرنس میں شرکت سے نہیں روک سکتا، اسلام آباد سے ورچوئل میٹنگز میں شرکت کروں گا۔

انھوں نے کہا کہ ملک میں کئی مواقع ایسے آئے جب انتخابات 90 دن میں نہیں ہوئے، نوے دن میں انتخابات تو اب بھی نہیں ہورہے، اندرونی و بیرونی قوتیں پاکستان کو ڈیفالٹ کرنا چاہتی ہیں، مشکل ترین حالات کے باوجود تمام ادائیگیاں وقت پر کیں، آگے بھی تمام ادائیگیاں وقت پر کریں گے۔ 2017 میں پاکستان معاشی قوت بننے جارہا ہے لیکن پاناما ڈرامے سے نا اہل حکومت کو مسلط کیا گیا۔

ڈی آئی خان میں دفعہ 144 کی خلاف ورزی، پی ٹی آئی کے درجنوں کارکن گرفتار

راولپنڈی میں تحریک انصاف خواتین ونگ کا مہنگائی کیخلاف احتجاج
اپ ڈیٹ 08 اپريل 2023 04:41pm
تصویر: اے  پی پی/ فائل
تصویر: اے پی پی/ فائل

ڈیرہ اسماعیل خان میں دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے درجنوں کارکنوں کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

ڈیرہ اسماعیل خان انتظامیہ کی جانب سے امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کےلئے دفعہ 144 نافذ کر رکھی ہے۔ پولیس نے دفعہ ایک سو چوالیس کی خلاف ورزی پر پی ٹی آئی کے درجنوں کارکنوں کو گرفتار کیا اور قیدی وین میں ڈال کر لے گئی۔

دوسری طرف راولپنڈی میں تحریک انصاف خواتین ونگ نے مہنگائی کیخلاف احتجاج کیا، شرکاء نے مہنگائی کیخلاف بینرز اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے۔

احتجاج میں شریک پی ٹی آئی کی خواتین کا کہنا تھا کہ حکومت مہنگائی پر قابو پانے میں بری طرح ناکام ہوگئی ہے، جب عمران خان کی حکومت تھی تو اشیائے خورو نوش سستی تھیں۔

اسٹیبلشمنٹ اور حکومت مذاکرات کیلئے بیٹھیں، تحریک انصاف

12ماہ سردھڑکی بازی لگالی، عمران خان نااہل نہ ہوسکے، فواد چوہدری
اپ ڈیٹ 08 اپريل 2023 04:14pm
تحریک انصاف کے رہنما حماد اظہر اور فواد چوہدری لاہور میں پریس کانفرنس کررہے ہیں - اسکرین گریب
تحریک انصاف کے رہنما حماد اظہر اور فواد چوہدری لاہور میں پریس کانفرنس کررہے ہیں - اسکرین گریب

پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں فواد چوہدری اور حماد اظہر نے ہفتہ کو ایک پریس کانفرنس میں حکومت پر شدید تنقید کی ہے تاہم ساتھ ہی حکومت اور اسٹیبلشمنٹ سے مذاکرات کا مطالبہ بھی کیا ہے۔

فواد چوہدری نے کہاکہ کہا کہ 12 ماہ آپ نے سردھڑ کی بازی لگالی،عمران خان نااہل نہ ہوسکے، کس جج نے کہا 90 دن میں الیکشن ضروری نہیں۔

انہوں نے کہا کہ ”بات چیت ہی وہ واحد ذریعہ ہے جس سے ہم آگے بڑھ سکتے ہیں ہم نے پہلے بھی کہا تھا میں ذاتی طور پر سمجھتا ہوں کہ اسٹیبلشمنٹ بیٹھے، حکومت بیٹھے اور ہم بیٹھیں اور ایک دوسرے کو سپیس دے کر آگے بڑھنے کی کوشش کریں۔“

لاہور میں مشترکہ پریس کانفرنس میں فواد چوہدری نے کہا کہ 80 فیصد نوجوان ملک چھوڑ کرجا رہے ہیں اور سازش کے تحت معیشت کو برباد کیا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کوئی سیاسی جماعت اتنے بزدل لوگوں پرمشتمل ہوسکتی ہے کونسی سیاسی جماعت انتخابات سے بھاگ سکتی ہے بینچ عوام کا مسئلہ نہیں،عوام فوری انتخابات چاہتے ہیں، کس جج نے کہا ہے کہ 90 دن میں انتخابات ضروری نہیں؟ حکومت ججز میں تقسیم پیدا کرنے کی کوشش کررہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کا جسٹس اطہرمن اللہ سے احترام کارشتہ ہے کسی جج پر انگلی اٹھانے کاسوچ بھی نہیں سکتے فیصلوں سے اختلاف ہوتا ہے، احترام پر سمجھوتا نہیں ہوسکتا، سپریم کورٹ کا فیصلہ انصاف پرمشتمل ہے۔

پی ٹی آئی کے رہنما نے کہا کہ پاکستان کی بنیاد 2 چیزوں پر ہے پاکستان کی حاکمیت اعلیٰ اللہ رب العزت کی ہے اللہ تعالیٰ کے بعد اختیار منتخب نمائندوں کا ہے اور پاکستان کے مسائل کا حل صرف انتخابات ہیں۔

فواد چوہدری نے کہا کہ کل قومی سلامتی کمیٹی کا اعلامیہ آیا ہے کہا گیا الیکشن نہیں کراسکتے، دہشت گردوں کے رحم و کرم پر ہیں اور کہا گیا ایٹمی طاقت کے پاس الیکشن کیلئے 21ارب روپے نہیں، کل دنیا کوآپ کیا جواب دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ کیا پاکستان میں انتخابات دہشت گردوں کی مرضی سےہوں گے دنیا کو بتائیں گے کہ الیکشن کیلئے 10ملین ڈالر بھی نہیں، پنجاب میں پراپرٹی ڈیلرو زیربن گئے ہیں یہ چھوٹے لوگ بڑی کرسیوں پربیٹھ گئے ہیں۔

فواد چوہدری نے کہا کہ 372کےایوان میں45ارکان نےقراردادجمع کرائی اور قرارداد پردستخط کرنے والے ارکان کا کوئی مستقبل نہیں، وہ ارکان نااہل ہوں گے۔

مزید کہا کہ وفاقی وزرا نے قرارداد پر دستخط نہیں کئے صرف مخصوص نشستوں پرارکان سے دستخط کرائے گئے اور وفاقی کابینہ نے سپریم کورٹ پراثرانداز ہونے کی کوشش کی ہے، صدرمملکت نے سپریم کورٹ بل واپس بھیج دیا ہے۔

پی ٹی آئی کے رہنما نے مزید کہا کہ پیپلزپارٹی نےعدلیہ مخالف مہم کاحصہ نہ بننےکا فیصلہ کیا ہے ان کا فیصلہ خوش آئند ہے، 12ماہ آپ نے سردھڑ کی بازی لگالی،عمران خان نااہل نہ ہوسکے اور بالآخر پاکستان کو انتخابات کی طرف جانا ہے۔

حماد اظہرنے کہا کہ پی ڈی ایم کی حکومت کو تقریباً ایک سال مکمل ہوچکا ہے دیکھتے ہیں ایک سال میں معیشت پرکیا گل کھلایا ہے ہمارے دورمیں مہنگائی کی شرح 34 فیصد تھی۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کے دورمیں گروتھ ریٹ 6 فیصد تھا آج پاکستان کا گروتھ ریٹ منفی 0.04 فیصد ہے پاکستان کو تاریخی معاشی بدحالی کا سامنا ہے۔

مزید کہا کہ آٹے کی لائنز میں لگ کر20 افراد جانیں دے چکے ہیں وزیرخزانہ موسم بہار کانفرنس میں نہ جائیں، ایسا کبھی نہیں ہوا ہے، ورلڈبینک، آئی ایم ایف کےایم ڈی نے وزیرخزانہ سے ملنے سے انکارکردیا ہے۔

وزیراعظم ہاؤس کے باہر سے گرفتارمشکوک شخص ذہنی معذور نکلا

گرفتارشخص سوات کا رہائشی ہے، پولیس
شائع 08 اپريل 2023 02:12pm

وزیراعظم ہاؤس کے باہر سے ایک مشکوک شخص کو گرفتارکرلیا گیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیق کے مطابق گرفتار شخص سوات کا رہائشی ہے، جو ذہنی طورمعذور ہے۔

سیکورٹی عملے نے کاروائی کرتے ہوئے متعلقہ شخص کو وزیراعظم ہاؤس کے ایم بلاک کے باہر سے گرفتار کیا ہے۔

لائیو

تحریک انصاف کا مذاکرات کا مطالبہ، چیف جسٹس کے اختیارات پر بل دوبارہ منظور کرنے کیلئے اجلاس طلب

پی ٹی آئی ضمنی الیکشن ملتوی کرانے کی خواہشمند، نگراں حکومت کے اختیارات پر لاہور ہائیکورٹ میں پٹیشن
اپ ڈیٹ 08 اپريل 2023 04:15pm

الیکشن کمیشن کو10 اپریل تک انتخابات کیلئے فنڈزملنے کے امکانات نہیں

الیکشن کمیشن نےپنجاب انتخابات کیلئے21 ارب روپے مانگے تھے
شائع 08 اپريل 2023 01:07pm
فنڈزکی عدم فراہمی پر وزیرخزانہ،سیکرٹری خزانہ کوجوابدہ ہونا ہوگا،ذرائع - تصویر: روئٹرز/ فائل
فنڈزکی عدم فراہمی پر وزیرخزانہ،سیکرٹری خزانہ کوجوابدہ ہونا ہوگا،ذرائع - تصویر: روئٹرز/ فائل

الیکشن کمیشن کو10 اپریل تک انتخابات کے لئے فنڈزملنے کے امکانات نہیں ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اقتصادی رابطہ کمیٹی کا پیرتک کوئی اجلاس شیڈول نہیں ہے اور فنڈز کی مںظوری کیلئے سرکولیشن سمری کا سہارہ لینا پڑے گا۔

مزید کہا کہ فنڈ کی عدم فراہم پر وزیرخزانہ اورسیکرٹری خزانہ کو توہین عدالت کارروائی کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے اور سرکولیشن سمری کے ذریعے فنڈزکی منظوری دی جا سکتی۔

یاد رہے کہ الیکشن کمیشن نے پنجاب انتخابات کیلئے21 ارب روپے مانگے تھے اور سپریم کورٹ نے وزارت خزانہ کو 10 اپریل تک فنڈزفراہمی کا حکم دیا تھا۔

ذرائع نے بتایا کہ فنڈزکی عدم فراہمی پر وزیرخزانہ، سیکرٹری خزانہ کو جوابدہ ہونا ہوگا فنڈزکی عدم فراہمی پرتوہین عدالت کارروائی کاسامنا کرنا پڑسکتاہے۔

لاہورہائیکورٹ، نگران حکومت کو تقرر و تبادلوں کے مکمل اختیارات دینے کا نوٹیفیکیشن چیلنج

ایک ہی نوٹیفیکیشن کے ذریعے الیکشن کمیشن نے تقرر و تبادلوں کا مکمل اختیار دیا ہے، درخواست
شائع 08 اپريل 2023 12:23pm

لاہورہائیکورٹ میں پاکستان تحریک انصاف نے نگران حکومت کو تقرر و تبادلوں کے مکمل اختیارات دینے کا نوٹی فیکیشن چیلنج کردیا ہے۔

عدالت میں درخواست تحریک انصاف کی جانب سے فواد چوہدری نے دائرکی جس میں وفاقی حکومت، الیکشن کمیشن، حکومت پنجاب اور دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔

درخواست میں موقف پیش کیا گیا ہے کہ ایک ہی نوٹی فیکیشن کے ذریعےالیکشن کمیشن نے تقرر و تبادلوں کا مکمل اختیار دے دیا، الیکشن کمیشن کا اقدام الیکشن ایکٹ اورعدالتی فیصلوں کی خلاف ورزی ہے۔

مزید کہا کہ تقرر و تبادلوں کیلئے قانونی جواز ہونا آئینی اور قانونی تقاضا ہے نگران حکومت کو سیاسی مفادات کیلئے مکمل اختیارات دئیے گئے۔

درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت تقرر و تبادلوں کے جاری کردہ نوٹی فیکیشن کوکالعدم قرار دے۔

آشیانہ اقبال ریفرنس: شہباز شریف، احد چیمہ کی بریت کی درخواستیں دائر

ایڈووکیٹ امجد پرویز نے بریت کی درخواستیں دائر کیں
شائع 08 اپريل 2023 12:14pm
تصویر/ ٹوئٹر
تصویر/ ٹوئٹر

آشیانہ اقبال ریفرنس میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف اور احد چیمہ نے احتساب عدالت لاہور میں بریت کی درخواستیں دائر کردیں ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف اور احد خان چیمہ کی جانب سے ایڈووکیٹ امجد پرویز نے بریت کی درخواستیں دائر کردیں۔

بریت کی درخواست میں موقف اختیارکیا گیا ہے کہ نیب کی سپلیمنٹری تفتیشی رپورٹ سے کوئی کرپشن ثابت نہیں ہوئی، نیب نے سپلیمنٹری تفتیشی رپورٹ میں بے گناہ قرار دیا ہے۔

عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ ہمارے خلاف کوئی شواہد موجود نہیں،اشیانہ اقبال ہاؤسنگ ریفرنس میں بری کرنے کا حکم دیا جائے۔

عدلیہ مخالف قرار داد کی واپسی کیلئے وزیراعظم، سیکرٹری کابینہ ڈویژن کو خط

قرار داد واپس نہ لی تو توہین عدالت کی کاروائی کی جائے گی
شائع 08 اپريل 2023 11:41am
تصویر/ فائل
تصویر/ فائل

عدلیہ مخالف منظور کردہ قرار داد کی واپسی کے لئے وزیراعظم اور سیکرٹری کابینہ ڈویژن کو خط لکھ دیا گیا ہے۔

خط جوڈیشل ایکٹوازم ہینل کے چئیرمین اظہر صدیق ایڈووکیٹ کی جانب سے بھجوایا گیا ہے، خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ نے الیکشن عمل درآمد کیس میں 90 روز میں انتخابات کرانے کا حکم دیا۔

وزیراعظم کی سربراہی میں وفاقی کابینہ نے سپریم کورٹ کے فیصلے کے خلاف قرار داد منظور کی، آئین پاکستان کےتحت تمام ادارے سپریم کورٹ کے حکم کے پابند ہیں، آئین میں سپرہم کورٹ کے فیصلے کےخلاف اپیل کا قانونی طریقہ کار موجود ہے۔

وفاقی کابینہ نے عدلیہ مخالف قرار داد منظور کر کے غیر آئینی طریقہ اپنایا، وفاقی کابینہ کا اقدام آئین کے آرٹیکل 204 کے تحت واضع طور پر توہین عدالت ہے۔

اگر وفاقی کابینہ نے منظور کردہ قرار داد واپس نہ لی تو توہین عدالت کی کاروائی کے لئے عدلیہ سے رجوع کیا جائے گا۔

سیشن عدالت لاہور نے حسان نیازی کی ضمانت میں توسیع کردی

حسان نیازی کے وکیل نے حاضری معافی درخواست دائر کی تھی
شائع 08 اپريل 2023 11:33am
تصویر/ فائل
تصویر/ فائل

سیشن عدالت لاہور نے حسان نیازی کی ضمانت میں 20 اپریل تک توسیع کر دی ہے۔

سیشن عدالت لاہور نے اسلام آباد پولیس کو عمران خان کے وارنٹ گرفتاری کی تعمیل سے روکنے کے مقدمہ میں حسان نیازی کی درخواست ضمانت پر سماعت کی۔

حسان نیازی کی جانب سے ان کے وکیل نے حاضری معافی درخواست دائر کی گئی۔

عدالت کو بتایا گیا کہ نجی مصروفیت کے باعث پیش نہیں ہو سکتاعدالت نے ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست منظور کرے۔

عدالت نے حاضری درخواست منظور کرتے ہوئے حسان نیازی کی ضمانت میں 20 اپریل تک توسیع کر دی۔

اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض کو عہدے سے ہٹانے کیلئے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر

درخواست میں میں وفاقی حکومت، سپیکر قومی اسمبلی اور دیگر فریق
شائع 08 اپريل 2023 11:26am
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔ بزنس ریکارڈر
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔ بزنس ریکارڈر

اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی راجہ ریاض کو فوری طور پر عہدے سے ہٹانے کے لئے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی۔

منیر احمد نے اظہر صدیق ایڈووکیٹ کےتوسط سے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی۔ جس میں وفاقی حکومت، سپیکر قومی اسمبلی اور دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔

درخواست میں کہاگیا ہےکہ عدالت نےتحریک انصاف کےاراکین قومی اسمبلی کےاستعفوں کی منظوری پر حکم امتناعی جاری کررکھا ہے، اسمبلی رولز کے حوالے سے عدلیہ کا فیصلہ آ چکا ہے،پی ٹی آئی اراکین کی موجودگی میں راجہ ریاض کی تقرری غیر آئینی ہے، راجہ ریاض کا تعلق پی ٹی آئی سےہے وہ اپوزیشن لیڈر نہیں بن سکتے، اسمبلی کی مدت ختم ہونے والی ہے مگر سپیکر نے راجہ ریاض کو عہدے سے نہیں ہٹایا۔

درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت اسمبلی کی مدت ختم ہونے سے پہلے ہی راجہ ریاض کو عہدے سے ہٹانے کا حکم دے۔

قومی اسمبلی کے دو حلقوں میں ضمنی الیکشن منسوخی کرانے کیلئے پی ٹی آئی رہنماؤں کی درخواست

اسمبلی کی باقی مدت کم رہنے پر این اے 108اور 118 میں الیکشن نہ کرائے جائیں، بریگیڈیئر(ر) اعجاز، فرخ حبیب کا مطالبہ
اپ ڈیٹ 08 اپريل 2023 12:19pm

پاکستان تحریک انصاف کے 2رہنماؤں فرخ حبیب اور اعجاز شاہ نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 108 اور این اے 118 کے ضمنی انتخابات منسوخی کے لئے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا۔

بریگیڈیئر ریٹائرڈ اعجاز شاہ اور فرخ حبیب نے اظہر صدیق ایڈووکیٹ کے توسط سے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی۔

تحریک انصاف کے بریگیڈیئر اعجاز شاہ نے این اے 118 اور فرخ حبیب این اے 108 کے ضمنی انتخابات رکوانے کے لئے عدالت سے رجوع کیا ہے ۔

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ قومی اسمبلی کے انتخابات کے لئے 120 دن سے کم کا عرصہ رہ گیا ہے اور 120 دن سے کم کا عرصہ ہو تو ضمنی انتخابات نہیں ہوسکتے،اس صورت میں ضمنی انتخاب کروانا قانون کے منافی ہے اور ایسے انتخاب کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔

درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی کہ قومی اسمبلی کے حلقہ 108اور 118 میں ضمنی انتخاب کو منسوخ کیا جائے۔

علی امین گنڈا پور اسلام آباد پولیس کے حوالے

تحریک انصاف کے رہنما علی امین گنڈا پور کا راہداری ریمانڈ منظور
اپ ڈیٹ 08 اپريل 2023 04:34pm
پی ٹی آئی رہنما علی امین گنڈا پور
پی ٹی آئی رہنما علی امین گنڈا پور

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما علی امین گنڈا پور کو اسلام آباد پولیس کے حوالے کردیا گیا۔

ڈیرہ اسماعیل خان میں سیاسی درجہ حرارت صبح سے ہی گرم رہا کیونکہ پی ٹی آئی کے سرگرم رہنما علی امین گنڈا پور کو اسلام آباد پولیس کے حوالے کیے جانے کی اطلاعات تھی، اسی لئے تحریک انصاف کے رہنما پرویز خٹک، اسد قیصر سمیت دیگر مقامی رہنما اور کارکنان ڈیرہ اسماعیل خان کی مقامی عدالت کے باہر جمع ہوئے۔

ڈیرہ اسماعیل خان کی مقامی عدالت نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما علی امین گنڈاپور کا راہداری ریمانڈ منظور کیا۔ جس کے بعد علی امین گنڈا پور کو اسلام آباد پولیس کے حوالے کردیا گیا اور وفاقی دارالحکومت کی پولیس انھیں اپنے ہمراہ لے کر روانہ ہوگئی۔

مزید پڑھیں: پی ٹی آئی رہنما علی امین گنڈا پور اشتہاری قرار

یہ بات بھی اہم ہے کہ ڈیرہ اسماعیل خان کی مقامی عدالت کے باہر پی ٹی آئی رہنما اور کارکنان علی امین گنڈا پور کے انتظار میں کھڑے رہے جبکہ پولیس نے عدالت کے دوسرے دروازے سے سابق وزیر کو اسلام آباد پولیس کے حوالے کیا۔

مزید پڑھیں: پی ٹی آئی رہنما علی امین گنڈہ پور گرفتاری کے ڈر سے روپوش ہوگئے

واضح رہے کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی ہدایت پر اسلام آباد سے پی ٹی آئی کے سینئر وکلاء کی ٹیم بھی ڈی آئی خان پہنچی۔ ڈیرہ اسما عیل خان میں راستے بند ہونے کے پیش نظر ٹریفک پلان بھی جاری کیا گیا تھا۔

عمران خان کو پارٹی عہدے سے ہٹانے کی درخواست سماعت کیلئے مقرر

لاہور ہائیکورٹ کا لارجر بینچ 12 اپریل کو سماعت کرے گا
اپ ڈیٹ 08 اپريل 2023 11:39am
پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان
پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو پارٹی عہدے سے ہٹانے کی درخواست لاہور ہائیکورٹ میں سماعت کے لئے مقرر کرلی گئی ہے۔

جسٹس شاہد بلال حسن کی سربراہی میں لاہور ہائیکورٹ کا لارجر بینچ 12 اپریل کو سماعت کرے گا۔

درخواست شہری محمد جنید نے ایڈووکیٹ آفاق احمد کی وساطت سے لاہور ہائیکورٹ میں دائر کی ہے، جس میں سابق وزیراعظم عمران خان اور چیف الیکشن کمشنر سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن عمران خان کو این اے 95 میانوالی سے نااہل قرار دے چکا ہے، الیکشن کمیشن نے 7 دسمبر 2022 کو عمران خان کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کیا، توشہ خانہ کے حوالے سے حقائق کو چھپانے پر الیکشن کمیشن نے 21 اکتوبر 2022 کو عمران خان کو نااہل قرار دیا۔

درخواست میں مزید کہا گیا کہ اس سے قبل نواز شریف کو بھی عدالت نااہل کر چکی ہے، جس کے بعد نواز شریف پارٹی صدر نہیں رہے، نااہلی کے بعد کوئی پارٹی ہیڈ نہیں رہ سکتا، الیکشن کمیشن سے رجوع کیا مگر عہدے سے ہٹانے کی درخواست پر کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔

درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت عمران خان کو چیئرمین کے عہدے سے ہٹانے کا حکم دے۔

سوموٹو نوٹس کے اختیار پر قانون کا بل صدر نے واپس بھیج دیا، پارلیمنٹ کا اجلاس طلب

وفاقی حکومت بل منظور کرانے کیلئے ڈٹ گئی
اپ ڈیٹ 08 اپريل 2023 01:23pm
صدر مملکت عارف علوی
صدر مملکت عارف علوی

صدر مملکت عارف علوی نے سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر بل نظرثانی کے لئے واپس پارلیمنٹ کو بھجوادیا۔

صدرِپاکستان نے عدالتی اصلاحات بل 2023 آئین کے آرٹیکل 75 کے تحت نظر ثانی کے لئے پارلیمنٹ کو واپس بھیجا ہے۔

مزید پڑھیں: چیف جسٹس کے اختیارات محدود کرنے کا ترمیمی بل قومی اسمبلی سے منظور

صدر نے کہا کہ پارلیمٹ اس بل پر از سر نو غور کرے، مسودہ بل بادی النظر میں پارلیمٹ کے دائرہ اختیارسے باہرہے، بل قانونی طورپر مصنوعی اور ناکافی ہونے پر عدالت میں چیلنج کیا جاسکتا ہے، میرے خیال میں اس بل کی درستگی کے بارے میں جانچ پڑتال پوری کرنے اور دوبارہ غور کرنے کے لئے واپس کرنا مناسب ہے۔

مزید پڑھیں: سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر بل سینیٹ میں منظور، اپوزیشن کی شدید نعرے بازی

صدر عارف علوی نے مزید کہا کہ آئین سپریم کورٹ کو اپیل، ایڈوائزری، ریویو اور ابتدائی اختیار سماعت سے نوازتا ہے، مجوزہ بل آرٹیکل 184 تین، عدالت کے ابتدائی اختیار سماعت سے متعلق ہے، مجوزہ بل کا مقصد ابتدائی اختیار سماعت استعمال کرنے اور اپیل کرنے کا طریقہ فراہم کرنا ہے۔

مزید پڑھیں: سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر بل 2023 کو واپس لینے کے لئے مراسلہ ارسال

صدر مملکت نے سوال اٹھایا کہ یہ خیال قابل تعریف ہو سکتا ہے مگر کیا اس مقصد کو آئین کی دفعات میں ترمیم کے بغیر حاصل کیا جا سکتا ہے؟

ان کا کہنا تھا کہ تسلیم شدہ قانون تو یہ ہے کہ آئینی دفعات میں عام قانون سازی کے ذریعے ترمیم نہیں کی جاسکتی، آئین ایک اعلیٰ قانون ہے اور قوانین کا باپ ہے، آئین کوئی عام قانون نہیں بلکہ بنیادی اصولوں، اعلیٰ قانون اور دیگر قوانین سے بالاتر قانون کا مجسمہ ہے۔

صدر عارف علوی نے مزید کہا کہ سپریم کورٹ کے جانچ شدہ قواعد میں چھیڑ چھاڑ عدالت کی اندرونی کاروائی، خود مختاری اورآزادی میں مداخلت کے مترادف ہوسکتی ہے، آرٹیکل 67 پارلیمان اور آرٹیکل 191 سپریم کورٹ تحفظ فراہم کرتا ہے یہ آرٹیکل دونوں اداروں کواختیارمیں مداخلت سے منع کرتے ہیں۔

مزید پڑھیں: حکومت کو عدالتی اصلاحات بل سینیٹ سے پاس کرانے کی فکر، رات گئے تین سینیٹرز کو کوئٹہ سے اسلام آباد پہنچادیا گیا

صدر کے انکار کے بعد سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر بل پارلیمنٹ کو موصول

صدر کے سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر بل پر دستخط سے انکار کے بعد بل صدر کے اعتراضات کے ساتھ پارلیمنٹ کو واپس موصول ہوگیا ہے۔

دوسری جانب وفاقی حکومت بھی بل منظور کرانے کے لئے ڈٹ گئی ہے۔

حکومت نے بل کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں منظور کرانے کی تیاری کرلی ہے۔

پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس پیر کی دوپہر 2 بجے طلب کرلیا گیا۔

بل دوبارہ منظور کرکے صدر مملکت کو بھجوایا جائے گا اور اگر صدر عارف علوی نے 10 دن میں دستخط نہ کیے تو بل ازخود قانون بن جائے گا۔

پریکٹس اینڈ پروسیجر بل کیا ہے؟

سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر بل کے تحت سو موٹو نوٹس لینے کا اختیار اب اعلیٰ عدلیہ کے 3 سینئر ترین ججز کے پاس ہوگا۔

اس بل کو قومی اسمبلی اور سینیٹ سے منظور کرائے جانے کے بعد دستخط کے لیے صدر کو بھیجا گیا تھا۔

مزید پڑھیں: بل پر سپریم کورٹ کو اعتماد میں لینے کی ضرورت ہے، عدالت میں تقسیم ہوسکتی ہے: صدر مملکت

بل کے تحت چیف جسٹس کا ازخود نوٹس کا اختیار محدود ہوگا، بینچوں کی تشکیل اور از خود نوٹس کا فیصلہ ایک کمیٹی کرے گی جس میں چیف جسٹس اور دو سینئر ترین ججز ہوں گے، نئی قانون سازی کے تحت نواز شریف، کو از خود نوٹس پر ملی سزا پر اپیل کا حق مل گیا، یوسف رضا گیلانی، جہانگیر ترین اور دیگر فریق بھی فیصلوں کو چیلنج کرسکیں گے۔

احتساب عدالت نے ڈاکٹر عاصم کی بریت کی درخواست مسترد کردی

ڈاکٹرعاصم پر ٹھیکوں کی مد میں 17 ارب روپے کی کرپشن کا الزام ہے
شائع 08 اپريل 2023 10:21am
فوٹو۔۔۔۔۔۔ اے ایف پی
فوٹو۔۔۔۔۔۔ اے ایف پی

کراچی کی احتساب عدالت نے پیپلز پارٹی کے رہنما ڈاکٹرعاصم کی بریت کی درخواست مسترد کردی۔

احتساب عدالت کراچی میں سابق وفاقی وزیر ڈاکٹرعاصم کے خلاف کیس کی سماعت ہوئی، اس سلسلے میں ڈاکٹرعاصم حسین اور دیگر ملزمان عدالت میں پیش ہوئے۔

عدالت نے ڈاکٹرعاصم حسین کی بریت کی درخواست مسترد کردی۔

نیب کے مطابق ڈاکٹرعاصم پر ٹھیکوں کی مد میں 17 ارب روپے کی کرپشن کا الزام ہے۔

مولانا فضل الرحمان نے چیف جسٹس سے استعفے کا مطالبہ کردیا

چیف جسٹس نے متنازع فیصلوں سے سپریم کورٹ جیسے معزز ادارے کو تقسیم کردیا، فضل الرحمان
شائع 08 اپريل 2023 07:51am
پی ڈی ایم سربراہ مولانا فضل الرحمان
پی ڈی ایم سربراہ مولانا فضل الرحمان

پاکستان ڈیمو کریٹ موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے چیف جسٹس عمر عطا بندیال سے مستعفیٰ ہونے کا مطالبہ کر دیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ٹویٹ میں جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے اپنے متنازع فیصلوں سے سپریم کورٹ جیسے معزز ادارے کو تقسیم کردیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ چیف جسٹس سپریم ادارے پارلیمنٹ اور سپریم کورٹ کو محاذ آرائی کی پوزیشن پر لے آئے ہیں اور ان کے فیصلوں نے ریاست کو بحران میں مبتلا کر دیا ہے، اس کا واحد حل چیف جسٹس کا استعفی ہے۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ چیف جسٹس عمر عطا بندیال کو بغیر کسی تاخیر کے استعفی دے دینا چاہیئے۔