Aaj News

بدھ, اپريل 23, 2025  
24 Shawwal 1446  

خیبرپختونخوا، پنجاب میں ٹریفک حادثات، 2 بھائیوں اور 7 سالہ بچی سمیت 22 افراد جاں بحق

مختلف حادثات میں متعدد افراد زخمی ہوگئے، جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا

خیبرپختونخواسمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں ہونے والے ٹریفک حادثات کے نیتجے میں 2 بھائیوں اور 7 سالہ بچی سمیت 22 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ متعدد افراد زخمی ہوگئے، جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔

جڑانوالہ

پنجاب کے شہر جڑانوالہ کے تھانہ لنڈیانوالہ کی حدود میں ہونے والے ٹریفک حادثے میں جاں بحق افراد کی تعداد 12 ہوگئی۔

جڑانوالہ میں تیز رفتار مسافر بس اور رکشے میں تصادم ہوگیا، جس کے نتیجے میں 8 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔

افسوسناک ٹریفک حادثہ جڑانوالہ میں لاہور روڈ کے قریب پیش آیا، جہاں تیز رفتار بس نے لوڈر رکشے کو بری طرح کچل ڈالا، حادثے میں 12 افراد جاں بحق جبکہ متعدد افراد شدید زخمی ہوگئے۔

حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں، جاں بحق افراد میں 7 خواتین سمیت رکشہ ڈرائیور شامل ہے۔

جاں بحق افراد کی لاشوں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا، زخمیوں کی حالت تشویشناک ہونے کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے جبکہ 5 زخمیوں کی حالت نازک ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق مسافر بس جڑانوالہ سے قصور جارہی تھی جبکہ واقعے کی تحقیقات شروع کردی گئیں ہیں۔

سرگودھا

ادھر پنجاب کے ضلع سرگودھا میں تیز رفتار ویگو ڈالے کی موٹر سائیکل کو ٹکر سے 3 افراد جاں بحق ہوگئے، جن میں 2 بھائی اور ایک بہن شامل ہے۔

سرگودھا کی تحصیل کوٹ مومن کے علاقے بچہ کلاں میں 3 افراد 16 سالہ آذان، 10 سالہ فیضان اور ان کی 12 سالہ بہن ایمان موٹرسائیکل پر جارہے تھے کہ ایک ویگو ڈالے نے سامنے سے ٹکر مار دی جس سے تینوں بہن بھائی جان کی بازی ہار گئے۔

ریسکیو 1122 کے اہلکاران نے موقع پر پہنچ کر لاشوں کو رورل ہیلتھ سینٹر بھابڑہ منتقل کر دیا۔

ادھر سرگودھا میں ہی جھنگ روڈ پر کار اور مسافر وین میں تصادم ہوا، حادثے میں 11 افراد زخمی ہوئے۔

مظفر آباد

مظفرآباد کی جہلم ویلی میں گڑھی دوپٹہ کے نواحی علاقہ تولہ دچھور میراں کے مقام پر جیپ گہری کھائی میں جاگری، حادثے کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق اور بچی سمیت 2 افراد زخمی ہوگئے۔

حادثہ سڑک کی ناگفتہ بہ حالت کے باعث پیش آیا، جیپ حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں جیپ کا مالک وحید اعوان، جاوید اقبال عباسی اور اشفاق عباسی شامل ہیں۔

علاقہ مکینوں نے لاشوں اور زخمی بچی کو ریسکیو کرلیا، جیپ حادثے میں زخمی اسپتال پہنچ کر دم توڑ گیا، زخمی حریم وحید کو مظفرآباد ریفر کردیا گیا۔

قصور

دوسری جانب ضلع قصور کی تحصیل پتوکی میں پھولنگرملتان روڈ پر نامعلوم گاڑی نے 55 سالہ بزرگ شہری کو کچل دیا، واقعے کے بعد زخمی شہری کو اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ جان کی بازی ہار گیا۔

ہری پور

خیبرپختونخوا کے ضلع ہری پور بالاٸی خان پور بیسبن کے مقام پر گاڑی کھاٸی میں جاگری، حادثے میں 7 سالہ بچی جان سے گئی جبکہ 8 افراد زخمی ہوگئے۔

ریسکیو ٹیم نے موقع پر پہنچ کربچی عائزہ کی لاش اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا۔

مردان

ضلع مردان جمال گڑھی میں تیزرفتار موٹرسائیکل حادثے کا شکار ہوگئی، جس کے نتیجے میں 2 بھائی جاں بحق ہوگئے، جن کی شناخت 17سالہ محمداور14سالہ سبحان کے نام سے ہوئی۔

خیبر پختونخوا

punjab

traffic accident

Road Accident

trafic accident