Aaj News

منگل, اپريل 08, 2025  
10 Shawwal 1446  

عیدالفطر کے دوسرے روز بھی ملنے ملانے، کھابوں اور موج مستی کا سلسلہ جاری رہا

بچوں نے چڑیا گھر، پارکوں میں جھولے جھولے، خواتین کچن کے محاذ سے مہمانوں کی آؤ بھگت میں مصروف رہیں
Eid & Delicious Delicacies: What’s Special in Each City? - Aaj News

عید کے دوسرے روز بھی ملنے ملانے کا سلسلہ جاری رہا۔ شادی شدہ افراد نے دن یومِ سسرال کے نام کیا، خواتین کچن کے محاذ سے مہمانوں کی آؤ بھگت میں مصروف رہیں۔ رات کو دوستوں کی ٹولیوں کی باربی کیو پارٹیاں، ۔ فیملیز نے بھی فوڈ اسٹریٹس پررونقیں لگائیں۔

عید الفطر کے دوسرے دن کو بھی شہریوں نے بھرپور طریقے سے منایا، کہیں سیر سپاٹے تو کہیں ملنے ملانے کے بعد کھابوں کا سلسلہ چل پڑا، شہریوں نے فوڈ اسٹریٹس کا رخ کیا۔

عید کے پہلے روز جو کل میزبان تھے آج کسی کے مہمان بنے، گھروں میں لذیذ پکوان بنا، مزے مزے کی ڈشوں سے مہمانوں کی تواضع کی، دن بھر شہریوں نے سیر سپاٹے تو کہیں ملنے ملانے کے بعد کھابوں کے لیے فوڈ اسٹریٹس کا رخ کیا۔

عیدالفطر کے پہلے روز بھی بچوں نے خوب سیر سپاٹے کیے، عید کے دوسرے روز بھی خوب موج مستی کی، کوئی چڑیا گھر گیا، تو کسی نے پارکوں میں جھولے جھول کر مزے اڑائے۔

چھوٹی عید کی بڑی خوشیاں: بچوں کی موج مستی، مردوں نے بھی کچن سنبھال لیا

عید ہے تو دوستوں کے ساتھ پارٹی تو بنتی ہے، نوجوان مل جل کر فاسٹ فوڈ ریسٹورنٹس کا رخ کریں گے اور گپ شپ لڑا کر من ہلکا کریں گے، شام کو سینما گھروں کا ٹائم سیٹ بھی کر لیا ہے۔

خواتین کا بھی اپنی سہیلیوں کے ساتھ گھومنے کا پروگرام ہے، بڑے بزرگ بھی اپنی منڈلیاں لگائے بیٹھے ہیں اور اپنی دلچسپیوں میں مگن ہیں۔

لاہور

عید کے دوسرے روز لاہور کے گھروں میں محفلوں اور دعوتوں کا سلسلہ جاری رہا، مہمانوں کے لیے خواتین نے اپنی سج دھج کے ساتھ پکوان کی تیاریاں بھی خوب کیں، مرد حضرات مزیدار پکوان سے لطف اندوز ہو رہے ہیں اور بچوں نے عیدی بٹورنے کا پلان بنایا۔

عید کے دوسرے روز بھی گھروں میں دعوتوں اور رشتے داروں سے ملاقاتیں جاری رہیں، لاہور کے ہر گھر میں رونقیں لگیں، جہاں خواتین کی رمضان کے بعد بھی کچن سے ڈیوٹی ختم نہیں ہوئی وہیں اپنی تیاریاں بھی خوب ہیں۔

شنواری مٹن قورمہ، پلائو، بروسٹ ، چکن کڑاہی، سلاد سمیت مختلف پکوان اور اہلخانہ کی موجودگی نے عید کے دوسرے روز بھی تہوار کی خوشیاں بڑھائیں۔

صرف یہی نہیں عید کے دوسرے روز لاہور چڑیا گھر میں بھی بچوں کی موج مستی بڑھتی رہی، والدین بھی فرمائشوں کو پورا کرنے میں مصروف رہے۔ چڑیا گھر میں بچے تو شرارتوں اور جانوروں کو دیکھ کر خوش رہے مگر ہاتھی کی کمی بھی محسوس کرتے رہے۔

اسلام آباد

ادھر عید الفطر کے دوسرے روز شہری فیملیز اور دوستوں کے ہمراہ ناشتہ کرنے اور کرانے فوڈ سٹریٹ پہنچے جہاں پائے، نان چنے، حلوہ پوری اور لسی سے لطف اندوز ہوتے رہے۔

عید کے دوسرے روز شہری ناشتے کے لیے میلوڈی فوڈ سٹریٹ پہنچے، کوئی فیملی کو ساتھ لایا تو کوئی دوستوں کے ہمراہ آیا، شہریوں نے حلوہ پوری، پائے، نان چنے، مرغ چنے اور لسی سے ناشتے کی ٹیبل کی زینت بنے ، چھوٹے بڑے سبھی نے من پسند ناشتے کا لطف اٹھایا۔

شہریوں کا ماننا ہے کہ عید کا روز ہو اور ناشتہ گھر سے باہر بازار سے نہ کریں تو مزہ نہیں آتا۔

عید ہو یا کوئی بھی تہوار، دکاندار رات گئے ہی صبح کے ناشتے کے لیے تیاری شروع کر دیتے ہیں تاکہ لوگ اپنے من پسند ناشتے سے محظوظ ہو سکیں۔

شہریوں نے کہا کہ تگڑے ناشے سے دن کا آغاز کردیا، اب لنچ بھی گھر سے باہر ہی ہوگا اور بچوں کو تفریح بھی کرائیں گے۔

کراچی

عید الفطر کے دوسرے دن شہر قائد کی تفریح گاہیں عوام سے بھر گئیں، کراچی چڑیا گھر میں شہری اپنی فیملیز کے ہمراہ سیرو تفریح کرنے میں مشغول رہے۔

چڑیا گھر میں کوئی ریل گاڑی میں گھومتا رہا تو کوئی آئسکریم کے مزے لیتا نظر آیا، چڑیا گھر میں بچے اپنی عیدی کے پیسے اڑانے میں مصروف رہے۔ سب نے خوب تفریح کی، جبکہ بچے جھولے جھولتے اور جانوروں کو دیکھ کر خوش ہوتے رہے۔

چڑیا گھر میں کوئی ریل گاڑی میں گھوم رہا تو کوئی آئسکریم کے مزے لیتا نظر آیا۔ عوام نے عید کے دوسرے دن کو خوب انجوائے کیا۔ شہریوں نے حسین یادوں کو تصاویر اور ویڈیوز کے ذریعے قید کیا۔

دوسری جانب عید کے دوسرے روز کراچی سمیت سندھ بھر سے ہزاروں سیاح کینجھر جھیل پہنچ گئے ہیں، منچلے نوجوان ٹھنڈے پانی میں ڈبکیاں مار کر خوب انجوائے کیا۔

پشاور

عیدالفطر کے دوسرے دن پشاور کے عوام بڑی تعداد میں چڑیا گھر پہنچ گئے، کسی نے شیر اور بھالو کو دیکھنا ہے، تو کوئی اونٹ کی سواری اور جھولوں سے محظوظ ہوتا رہا جبکہ کوئی جانوروں کو دیکھ کر سلفیاں لیتا رہا۔

رات ہوئی تو پشاور کے شہریوں نے مصالحہ دار کھانوں کے بعد شہر کے مشہور فالودہ پوائنٹ کا رخ کیا۔

ملک کے دیگر شہروں میں بھی شہریوں نے اپنے اہل خانہ اور بچوں کے ہمراہ خوب تفریح کی اور فوڈ اسٹریٹ کا رخ کیا، تکہ بوٹی، سیخ کباب، برگر اور دیگر کھا نے کھا کر انجوائے کیا۔

Eid ul Fitr

eid ul fitr 2025

eid celebration