لاہور، بورے والا اور کرک میں مختلف ٹریفک حادثات، 8 افراد جاں بحق
لاہور، بورے والا اور کرک میں مختلف ٹریفک حادثات میں 8 افراد جاں بحق اور 10 زخمی ہوگئے جبکہ جاں بحق افراد میں ایک بچہ بھی شامل ہے۔
بورے والا
پنجاب کے شہر بورے والا میں 3 مختلف ٹریفک حادثات میں 4 افراد جاں بحق جبکہ 2 شدید زخمی ہوگئے۔
ریسکیو اہلکاروں نے لاشوں اور زخمیوں کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثات اے سی موڑ، جملیرا روڈ اور کھادر نہر کے قریب پیش آئے۔
لاہور
پنجاب کے شہر لاہور میں تیز رفتار کی گاڑی سے 10 سالہ لڑکا جاں بحق ہوگیا، ڈرائیور گاڑی سمیت موقعہ سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔
پولیس کے مطابق حادثہ ڈیفنس فیز 6 میں پیش آیاجب سکیورٹی گارڈ قمرعباس کا 10 سالہ بیٹا بلال گھر کے باہر کھیل رہاتھا کہ اس دوران ایک تیز رفتار گاڑی نے اسے ٹکر مارکرکچل دیا، جس سے وہ موقع پر جان سے ہاتھ دھو بیٹھا جبکہ ڈرائیور گاڑی سمیت فرار ہوگیا۔
پولیس نے بلال کے والد قمرعباس کے بیان پر قانونی کارروائی شروع کردی۔
پولیس کا کہناہے کہ جلد ڈرائیورکوگاڑی سمیت گرفتار کرلیا جائے گا۔
کرک
خیبرپختونخوا کے شہر کرک انڈس ہائی پر مسافر کوچ اور کنٹینر کے مابین تصادم ہوا، جس کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق اور 8 زخمی ہوگئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیوں شروع کیں، ریکیسو اہلکاروں نے زخمیوں کو نکال کر اسپتال منتقل کردیا جہاں ڈاکٹروں نے 3 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کر دی۔
حادثے میں زخمی افراد کا علاج معالجہ جاری ہے جبکہ انڈس ہائے وے سے کنٹینر کو ہٹانے کے لیے ہیوی مشنری استعمال کی جارہی ہے۔
Comments are closed on this story.