Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

شہباز شریف نے تحریک انصاف اور پیپلز پارٹی کو نشانے پر رکھ لیا

ایک پارٹی دن رات بات کرتی ہے کہ مناظرہ کرلیں حالانکہ ان کے اسکولوں میں ڈیسک ہیں نہ چھتیں، صدر ن لیگ
اپ ڈیٹ 30 جنوری 2024 10:06pm
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔۔۔ اسکرین گریب
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔۔۔ اسکرین گریب

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کو نشانے پر رکھ لیا اور کہا کہ ایک پارٹی دن رات بات کرتی ہے کہ مناظرہ کر لیں حالانکہ ان کے اسکولوں میں ڈیسک ہیں نہ چھتیں، پنجاب کے اسپتالوں کا دیگر صوبوں سے مقابلہ کر لیں تو مناظرہ بھی ہو جائے گا۔

لاہور کے حلقہ پی پی 172 میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ بارش کے باوجود پرجوش مجمع گلشن راوی میں موجود ہے، یہ مجمع گواہی دے رہا ہے کہ 8 فروری کا سورج نواز شریف اور آپ کا سورج ہو گا، ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل نے اپنی رپورٹ جاری کی ہے، بانی پی ٹی آئی بھی ان کی رپورٹ کا حوالہ دیتے تھے، رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 2018 میں مسلم لیگ ن کی حکومت ختم ہوئی تو کرپشن کم تھی اور یہ کرپشن 2018 کے بعد بڑھی اور میرے 16 ماہ کے دور حکومت میں پھر کم ہوئی۔

شہباز شریف نے کہا کہ ہماری حکومت میں وہ جماعتیں بھی تھیں جو بانی پی ٹی آئی عمران خان کے ساتھ بھی تھیں، سوال ذہن میں آتا ہے کہ جنہوں نے ہمیں اعتماد کا ووٹ دیا تو اس دور میں کرپشن کیسے کم ہوئی، وعدہ ہے اگر کامیاب ہوئے تو نوجوانوں کو دوبارہ لیپ ٹاپ اور تعلیمی وظائف دیں گے۔

مسلم لیگ ن کے صدر کا مزید کہنا تھا کہ ایک پارٹی دن رات بات کرتی ہے کہ ایک مہربان سے مناظرہ کرلیں حالانکہ ان کے اسکولوں میں نہ ڈیسک ہیں اور نہ چھتیں، پنجاب کے اسپتالوں کا دیگر صوبوں سے مقابلہ کر لیں تو مناظرہ بھی ہو جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ 13 جماعتوں کی حکومت چلانا آسان نہیں، میں میرٹ والا بندہ ہوں، اگر ٹیچر بھی بھرتی کیے تو میرٹ پر کیے، 20 ارب روپے لاگت کے منصوبے کے پی کے ایل آئی کو برباد کر دیا گیا، نواز شریف کے دور کے تمام ترقیاتی کاموں کو ختم کر دیا گیا۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ آپ نے 8 فروری کو شیر کے نشان پر مہر لگانی ہے، 20 سال پہلے مال روڈ کے حوالے سے فقرہ نکل گیا کہ میں لاہور کو پیرس بنا دوں گا، اس فقرے پر مجھے مذاق کا نشانہ بنایا گیا لیکن آپ بتائیں کہ کیا لاہور پیرس جیسا بنا کہ نہیں لیکن پھر لاہور کو برباد کر دیا گیا۔

شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمیٹی رات کو کوڑا اٹھاتی تھی لیکن پھر ایسا نہیں ہوتا رہا، 8 فروری کو نواز شریف کامیاب ہوئے تو ایک بار پھر لاہور کی گلیوں کی صفائی ہوگی، اسپتالوں میں مفت ادویات ملا کریں گی اور مفت ٹیسٹ ہوا کویں گے، ذہانت اور قابلیت کی بنیاد پر پورے پاکستان کے بچوں کو لیپ ٹاپ اور وظائف دیں گے، نواز شریف کا منصوبہ نوجوان نسل کو آئی ٹی، سکلز ڈویلپمنٹ، ووکیشنل ایجوکیشن دینے کا ہے، ہمارے اس منصوبے سے سب کو عزت والا روزگار ملے گا۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہمارے پاس تیل اور گیس نہیں لیکن یہ نوجوان پاکستان کا سرمایہ ہیں، میں نے پورے لاہور میں سپورٹس کمپلیکس بنوائے تھے، آپ کے اس حلقے میں بھی اسپورٹس کمپلیکس تیار ہو چکا ہے، موقع ملا تو لاہور کے ہر صوبائی حلقے میں اسپورٹس کمپلیکس اور سوئمنگ پول بنائیں گے، لاہور کے ہر پارک میں نوجوانوں کے لیے ای لائبریریاں بنائیں گے، گریٹر اقبال پارک کی طرح دیگر پارکس میں بھی کھانے پینے کا بندوبست کریں گے۔

مسلم لیگ ن کے صدر نے کہا کہ 8 فروری کو نواز شریف کی قیادت میں عوام کی خدمت کے لیے دن رات ایک کر دیں گے، تیز پر ایک نکتہ لگائیں تو وہ شیر بن جاتا ہے، اس لیے آپ نے شیر کے نشان پر مہر لگانی ہے۔

PMLN

Bilawal Bhutto

Nawaz Sharif

Shehbaz Sharif

imran khan

lahore

shahbaz sharif

Bilawal Bhutto Zardari

Election 2024

GENERAL ELECTION 2024

Election Jan 30 2024