Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  
Live
Politics April 28 2023

پی ٹی آئی رہنما علی امین گنڈا پور کی رہائی کیلئے چیف جسٹس کو خط

خط میں چیف جسٹس سے عدالتی حکم پر عملدرآمد کرانے کی استدعا
شائع 28 اپريل 2023 11:29pm
فوٹو ــ فائل
فوٹو ــ فائل

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما علی امین گنڈاپور کی ضمانت کے باوجود رہائی نہ ہونے پر بھائی فیصل امین نے چیف جسٹس کو خط لکھ دیا۔

علی امین گنڈا پور کے بھائی نے چیف جسٹس کو لکھے گئے خط میں موقف اپنایا کہ علی امین سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں ہورہی ہیں، جعلی ایف آئی آرز میں مختلف شہروں میں گھسیٹا جا رہا ہے۔

فیصل امین نے خط میں لکھا کہ مقدمات میں ضمانت کے باوجود علی امین کو رہا نہیں کیا جارہا، بھائی پر مزید کوئی مقدمات نہیں ہیں ، پھر بھی رہا نہیں کیا گیا۔ عدالت سے استدعا کی گئی کہ بھائی کی رہائی کیلئےعدالتی احکامات پرعمل کرایا جائے۔

مئی کے پہلے ہفتے میں انتخابات کا اعلان کردیں، عمران خان کا مطالبہ

نواز شریف اور میرا نام ای سی ایل پر ڈال دیں، چیئرمین پی ٹی آئی
شائع 28 اپريل 2023 11:07pm
فوٹو ــ فائل
فوٹو ــ فائل

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے مطالبہ کیا ہے کہ مئی کے پہلے ہفتے میں انتخابات کا اعلان کردیا جائے۔

حکومت اور پی ٹی آئی میں مذاکرات کا سلسلہ جاری ہے۔ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کارکنوں سے خطاب میں حکومتی مذاکراتی ٹیم کا نام لیے بغیر کہا کہ یہ لوگ کہہ رہے ہیں کہ بجٹ کے بعد حکومت تحلیل کریں گے۔

سربراہ پی ٹی آئی کا کہنا تھا ان سے پوچھتا ہوں بجٹ میں آپ نے کرنا کیا ہے، ملک کو آپ پہلے ہی برباد کرچکے ہیں، بجٹ میں کیا کریں گے، یہ انتخابات کو مزید تاخیر کا شکار کرنا چاہتے ہیں، انھیں چاہیے کہ مئی کے پہلے ہفتے میں انتخابات کا اعلان کردیں، مذاکرات میں ہفتے تک دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے گا۔

عمران خان نے کہا کہ سپریم کورٹ پر بہت دباؤ ہے، چیف جسٹس نے آئین کیلئے مافیا کےخلاف اسٹینڈ لیا، پوری قوم چیف جسٹس کو سلام پیش کررہی ہے، یہ انتخابات نہ کراکے عوام کو بنیادی حق نہیں دے رہے، پنجاب کے عوام کا حق ہے کہ اپنے نمائندوں کو منتخب کریں۔

چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ یہ لوگ پاکستان کو تباہی کی طرف لیکرجارہے ہیں، یہ ذاتی مفادات کیلئے قومی مفاد کو قربان کرتے ہیں، یہ ذاتی مفادات کیلئے عوام کو ان کا بنیادی حق نہیں دے رہے۔

عمران خان نے کہا کہ سات سے آٹھ افراد ملک کو تباہی کی طرف لے جارہے ہیں، ان کے دور میں سب سے تیزی سے روپے کی قدرگری، ان کی جائیداد اور بچے سب کچھ بیرون ملک ہیں، یہ پاکستان صرف لوٹ مار کیلئے آتے ہیں اور لوٹ مار کرکے پھر باہر بھاگ جائیں گے۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ یہ لندن پلان پر عملدرآمد کرنا چاہتے ہیں، ان کی خواہش ہے کہ نوازشریف کے کیسز معاف ہوجائیں، قائد ن لیگ جھوٹ بول کر باہر بھاگے ہوئے ہیں، شہبازشریف نے اپنے بھائی کا جھوٹا حلف نامہ دیا۔

عمران خان نے تجویز دی کہ میرا اور نوازشریف کا نام ای سی ایل پر ڈال دینا چاہیے، الیکشن ہونے تک ہمارا نام ای سی ایل پر رکھا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ نوازشریف اور شہبازشریف 35 سال سے پنجاب پرمسلط ہیں، دونوں بھائیوں نے مجرموں کو پولیس میں بھرتی کیا، ہم نے پنجاب پولیس کو غیر سیاسی کرنے کی بہت کوشش کی، اب پولیس کے اندر سے لوگ ہمیں تمام اطلاعات دیتے ہیں، ملوث افسران کےخلاف قانون کے تحت کارروائی کریں گے۔

انھوں نے کہا کہ کسی نے آئین کی خلاف ورزی کی تو بھاگنے نہیں دیں گے، ہماری قوم تیار ہوچکی ہے، عوام اپنے حق کیلئے سڑکوں پر نکلیں گے، پرامن انداز میں سڑکوں پراحتجاج کریں گے۔

سابق وزیراعظم نے ایک بار پھر کہا کہ جوڈیشل کمپلیکس میں مجھ پر حملے کا منصوبہ تھا، یہ مجھے گرفتار نہیں بلکہ مارنا چاہتے تھے، پی ٹی آئی کے کارکن میرے دفاع کیلئے کھڑے ہیں۔

پولیس پرویز الہٰی کو گرفتار کرنے میں ناکام، خواتین سمیت 25 ملازمین گرفتار

پولیس نے چوہدری شجاعت حسین کے گھر شیشے بھی توڑ دیے
اپ ڈیٹ 29 اپريل 2023 07:50pm
فوٹو — اسکرین گریب
فوٹو — اسکرین گریب

پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی صدر اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی کی گرفتاری کے لئے پولیس نے ظہور الہیٰ پیلس پر سرچ آپریشن کیا، 8 گھںٹے طویل آپریشن کے باوجود پرویز الہیٰ پولیس کے ہتھے نہ چڑھ سکے، پولیس نے خواتین سمیت 25 سے مزاحمت کرنے والے ملازمین کو حراست میں لے لیا۔

گوجرانوالہ میں درج مقدمے میں گرفتاری کے لیے پولیس نے لاہور میں چوہدری پرویزالہٰی کے گھر پر رات گئے دھاوا بول دیا۔

سابق وزیراعلیٰ پنجاب کے گھر سے پولیس پر پتھراؤ کیا گیا، گیٹ سے اہلکاروں کو دور رکھنے کے لیے ملازمین نے اہلکاروں پر پانی بھی پھینکا۔

پولیس اہلکار دیواریں پھلانگ کر گھر میں داخل ہوئے تاہم مرکزی رہائش گاہ میں داخل ہونے میں ناکام رہے۔

بعد ازاں گھر میں داخل ہونے کے لیے پولیس کی بکتربند گاڑی نے ظہور الہی پیلس کے مرکزی دروازے کو ٹکر مار کر توڑ دیا، بکتر بند کی آڑ میں پولیس کی بھاری نفری گھر میں داخل ہونے میں کامیاب ہو سکی۔

پرویزالہٰی کی تلاش میں پولیس اہلکاروں نے چوہدری شجاعت حسین کے گھر کا دروازہ بھی توڑ دیا، ٹوٹا ہوا شیشہ لگنے سے چوہدری شافع زخمی بھی ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کا دماغ خراب ہوچکا ہے، انہیں پتہ ہی نہیں کہ کیا کرنا ہے۔

چوہدری شجاعت کے بیٹے چوہدری شافع اور وفاقی وزیر چوہدری سالک نے اپنے گھر کا دروازہ توڑنے پر شدید برہمی کا اظہار کیا تو ڈی جی اینٹی کرپشن پنجاب سہیل ظفر چٹھہ معافی مانگنے پہنچ گئے۔

ان کا کہنا تھا کہ چوہدری پرویز الہٰی کی گرفتاری کے لیے آپریشن جاری رہے گا، پرویزالہٰی کا عملہ تعاون نہیں کر رہے۔

چوہدری پرویز الہٰی کے وکیل عامر سعید راں کا مؤقف تھا کہ اس مقدمے میں پرویز الٰہی کی ضمانت ہو چکی ہے۔ جسٹس طارق سلیم شیخ نے 6 مئی تک ضمانت قبل از گرفتاری دی ہے۔

اڑھائی بجے کے قریب اینٹی کرپشن کی ٹیم پرویز الہیٰ کو گرفتار کئے بغیر واپس روانہ ہو گئی تاہم چند ہی منٹ میں اینٹی کرپشن ٹیم ایڈیشنل ڈائریکٹر وقاص حسن کی سربراہی میں دوبارہ لوٹ آئی۔

انہوں نے کہا کہ ہماری اطلاعات کے مطابق پرویز الہی گھر کے اندر ہی موجود ہیں، جب تک پوری تسلی نہیں ہوجاتی ہے، آپریشن جاری رہے گا۔

سرچ آپریشن کے دوران پولیس پرویز الہیٰ کے گھر میں 4 بار داخل ہوئی۔ ظہور پیلس کے مقابل چوہدری راسخ الہٰی کے گھر کی بھی تلاشی لی گئی لیکن تمام تر کوششوں کے باوجود پولیس چودھری پرویز الہٰی کا سراغ لگانے میں ناکام رہی۔

رات ساڑھے 9 بجے شروع ہونے والا سرچ آپریشن 8 گھنٹے بعد صبح ساڑے 5 بجے اختتام پذیر ہوا۔

مختلف مواقع پر چوہدری پرویز الہٰی کے مزاحمت کرنے والے 25 سے زائد ملازمین کو حراست میں بھی لیا گیا۔

عمران خان نے درست کہا تھا پاکستان میں قانون کی حکمرانی ختم ہو چکی ہے،مونس الہٰی

پرویز الٰہی کے صاحبزادے اور رہنما پی ٹی آئی مونس الٰہی نے ایک ٹویٹ میں لکھا کہ پولیس میرے والد کو گرفتار کرنے آئی ہے جن کی مقدمے میں ضمانت ہوچکی ہے۔

مونس الٰہی نے کہا کہ میرے والد کی ضمانت کی سماعت کو تمام میڈیا نے کور کیا، عمران خان نے درست کہا تھا پاکستان میں قانون کی حکمرانی ختم ہو چکی ہے۔

پرویز الٰہی کے بعد پولیس نے چوہدری شجاعت حسین کے گھر شیشے بھی توڑ دیے

دوسری جانب پرویز الٰہی کے گھر کا دروازہ توڑنے کے ساتھ پنجاب پولیس نے صدر مسلم لیگ (ق) چوہدری شجاعت حسین کے گھر پہنچ کر ان کی رہائش گاہ کے شیشے توڑ ڈالے۔

آج نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری شافع نے بتایا کہ چوہدری شجاعت حسین گھر میں آرام کر رہے ہیں، گھر کے شیشے ٹوٹنے پر باہر آیا ہوں، پولیس کو معلوم نہیں یہ چوہدری شجاعت کا گھر ہے۔

پرویز الہٰی کی رہائش گاہ پر چھاپہ، 13 دفعات کے تحت مقدمہ درج

دوسری جانب چوہدری پرویز الہٰی کی رہائش گاہ پر اینٹی کرپشن کے چھاپے کے معاملے پر پولیس نے تھانہ غالب مارکیٹ میں دہشت گردی اور اقدام قتل سمیت 13 دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا۔

مقدمے میں پرویزالہٰی سمیت 19 افراد نامزد ملزم قرار دیے گئے، مقدمہ سی او اینٹی کرپشن کی مدعیت میں درج کیا گیا۔

ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ اینٹی کرپشن ٹیم نے پرویز الہٰی کی گرفتاری کے لیے ان کی رہائش گاہ پر چھاپہ مارا، رہائش گاہ کے اندر موجود 40 سے 50 افراد نے پتھراؤ اور تشدد کیا جبکہ چھاپہ مار ٹیم پر جلانے کی نیت سے پیٹرول بھی پھینکا گیا۔

ایف آئی آر کے مطابق چوہدری پرویز الہٰی اس دوران موقع سے فرار ہوگئے جبکہ مزاحمت کرنے والے شرپسند افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔

پولیس کے مطابق گرفتار ہونے والے 19 افراد کی شناخت کرلی گئی ہے۔

پرویز الہٰی کا پولیس آپریشن کیخلاف عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ

ادھر سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی نے پولیس آپریشن کے خلاف عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

پرویزالہٰی کے وکیل آج لاہور ہائیکورٹ میں درخواستیں دائر کریں گے۔

سپریم کورٹ بار کی مذمت

سپریم کورٹ بار نے پرویز الہی کے گھر پر چھاپے کی مذمت کرتے ہوئے اسے غیر قانونی عمل قرار دیا ہے۔

سپریم کورٹ بار کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا کہ عدالت نے پرویز الہیٰ کو کرپشن کیس میں ضمانت دے رکھی ہے، پرویز الہیٰ کے گھر چھاپا بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے، حکومت تحقیقات کرکے ملوث افراد کے خلاف کارروائی کرے۔

ضمانت کے کاغذات اینٹی کرپشن میں جمع

چوہدری پرویز الہیٰ کی ضمانت کے کاغذات اینٹی کرپشن میں جمع کرادئیے گئے ہیں، جس پر اینٹی کرپشن حکام کا کہنا ہے کہ پرویزالہیٰ کے خلاف کوئی کارروائی نہیں ہوگی، تاہم ان کے خلاف تحقیقات جاری رہیں گی۔

دستاویزات کے مطابق چوہدری پرویز الہیٰ 6 مئی تک عبوری ضمانت پر ہیں۔

اینٹی کرپشن پنجاب کا کہنا ہے کہ پرویزالہیٰ کے گھر سے گرفتار افراد پولیس حراست میں ہیں،گرفتار افراد نے اہلکاروں پر پٹرول بم پھینکے اور پتھراؤ کیا جس پر مقدمہ درج کیاگیا۔

عید الاضحیٰ کے بعد قومی انتخابات کی تجویز دی، سراج الحق

پی ڈی ایم اور پی ٹی آئی والے رویوں میں لچک پیدا کریں، امیر جماعت اسلامی
شائع 28 اپريل 2023 08:59pm
فوٹو ــ فائل
فوٹو ــ فائل

امیرجماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ عید الاضحیٰ کے بعد قومی انتخابات کی تجویز دی ہے۔

اسلامی سراج الحق نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ملک و قوم کی بہتری کے لیے سیاسی جماعتیں الیکشن کی تاریخ پراتفاق کریں، ایک اسٹیک ہولڈر کی حیثیت سے عید الاضحی کے بعد قومی انتخابات کی تجویز دی ہے۔

امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ حکمراں اتحاد (پی ڈی ایم) اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اپنے رویوں میں لچک پیدا کریں، تمام جماعتیں دو دو قدم پیچھے ہٹیں گے تو کوئی صورت نکل سکتی ہے۔

پنجاب میں پہلے الیکشن کروانے کے معاملے پر بات چیت کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ ان کا واضع موقف ہے کہ پورے ملک میں انتخابات ایک ساتھ ہی ہونے چاہئیں۔

مسئلہ نوٹوں کی نہیں، ووٹوں کی کمی کا ہے، اسدعمر

حکومت کے پاس 21 ارب نہیں لیکن 8 ماہ میں 515 ارب کے اخراجات کی منظوری دی گئی، اسدعمر
شائع 28 اپريل 2023 08:21pm

رہنما پی ٹی آئی اسد عمر کا کہنا ہے کہ حکومت کے پاس انتخابات کے لئے 21 ارب نہیں لیکن 8 ماہ میں 515 ارب کے اخراجات کی منظوری دی گئی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنی ٹویٹ میں تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر کا کہنا ہے کہ حکومت کہتی ہے کہ ان کے پاس انتخابات کروانے کے لئے 21 ارب نہیں ہیں، جب کے اس مالی سال کے پہلے 8 ماہ میں 515 ارب کے اخراجات جو بجٹ میں نہیں تھے ان کی منظوری دے چکے ہیں۔

اسد عمر کا کہنا تھا کہ منظور کی گئی اس رقم میں 349 ارب مد میں تبدیلی کی گئی اور اس میں 166 ارب کے اضافی گرانٹ شامل ہیں۔ اصل میں مسئلہ نوٹوں کی کمی کا نہیں ووٹوں کی کمی کا ہے۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہعمران خان کا سیشن جج کے بارے میں ایک جملہ کے ہم آپ کے خلاف کارروائی کریں گے، اس پر پرچہ کٹ گیا اور وارنٹ گرفتاری بھی جاری ہو گئے، جب کہ حکومت سپریم کورٹ کے ججوں بشمول چیف جسٹس کے بدترین حملے اور دھمکیاں دے رہے ہیں اور کوئی پوچھنے والا نہیں، ان لاڈلوں اور لاڈلیوں کو کھلی چھٹی کیوں ہے۔

اسد عمر نے مزید کہا کہ تمام مقدموں میں ضمانت کے باوجود علی امین گنڈاپور کو رہا نہیں کیا جا رہا، اس سے واضح ہوتا ہے کہ یہ علی امین سے کتنے خوفزدہ ہیں۔

مونس الہی کے دوست سہیل اصغراعوان سیشن کورٹ سے گرفتار

ملزم کو گوجرانوالہ میں درج مقدمہ میں گرفتار کیا گیا ہے، اینٹی کرپشن
شائع 28 اپريل 2023 06:24pm

اینٹی کرپشن پنجاب نے سابق وفاقی وزیر مؤنس الہی کے دوست سہیل اصغراعوان کو گرفتار کرلیا۔

ق لیگ کے صدر پرویزالہیٰ کے بیٹے اور سابق وفاقی وزیر مؤنس الہیٰ کے دوست سہیل اصغر اعوان بھی اینٹی کرپشن کے ریڈار پر آگئے ہیں، اور انہیں اینٹی کرپشن پنجاب نے سیشن کورٹ لاہور سے گرفتار کرلیا ہے۔

اینٹی کرپشن ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم سہیل اصغر اعوان نے گجرات روڈ کی تعمیر کا ٹھیکہ اپنے من پسند ٹھیکیدار کو دلوایا، اور انہوں نے سڑک کی تعمیر و مرمت میں 5 ملین کا کک بیک وصول کیا، جب کہ ملزم نے سڑک کی تعمیر و مرمت میں ناقص میٹیریل استعمال کیا۔

اینٹی کرپشن ذرائع نے بتایا کہ ملزم سہیل اصغر اعوان کے خلاف گوجرانوالہ میں مقدمہ درج ہے، اور ملزم کو اسی مقدمے میں گرفتار کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ 13 اپریل کو اینٹی کرپشن پنجاب نے اربوں روپے کی کرپشن کے الزام میں پرویزالہی، مونس الہی، محمد خان بھٹی اور زبیرخان کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا۔

ترجمان اینٹی کرپشن نے بتایا کہ سابق وزیراعلیٰ پنجاب کے خلاف مقدمہ ٹھوس شواہد کی بنا پر درج کیا گیا ہے، پرویز الہٰی اینڈ کمپنی نے لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے ذریعے ایک غیر ملکی کمپنی کی واجب الادا رقم 2 ارب 90 کروڑ کی ادائیگی کے عوض ساڑھے 12 کروڑ روپے رشوت وصول کی۔

ترجمان نے مزید کہا کہ پرویز الہٰی، مونس الہٰی اور محمد خان بھٹی کی ڈیل مونس الہٰی کے دوست زبیر خان نے کروائی، غیرملکی کمپنی کی واجب الادارقم کے عوض پرویز الہٰی نے ساڑھے 6 کروڑ روپے وصول کیے، مونس الہٰی اور محمد خان بھٹی نے 5 کروڑ جب کہ زبیر خان نے 50 لاکھ روپے لئے۔

ترجمان اینٹی کرپشن کے مطابق ملزمانپرویزالہٰی، مونس الہٰی، محمد خان بھٹی اور زبیر خان نے اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی علی انان قمر پر دباؤ ڈال کر 2 ارب 90کروڑ روپے کی فوری ادائیگی کروائی۔

اینٹی کرپشن پنجاب نے 14 اپریل کومؤنس الہیٰ کے قریبی دوست زبیر خان کو اینٹی کرپشن پنجاب نے کروڑوں روپے کی کرپشن کے الزام میں گرفتار کرلیا تھا۔

پکڑ دھکڑ شریف برادران کا پرانا وطیرہ اور ہر کام جعلی ہے، پرویزالہیٰ

بھگوڑا نواز شریف وطن واپس آئے تو بات کریں گے، سابق وزیراعلیٰ
شائع 28 اپريل 2023 03:44pm

تحریک انصاف کے صدر چودھری پرویز الٰہی کا کہنا ہے کہ پکڑ دھکڑ شریف برادران کا پرانا وطیرہ ہے، ان کا ہر کام جعلی ہے۔

لاہور ہائیکورٹ پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے صدر پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ پکڑ دھکڑ تو شریف برادران کا پرانا وطیرہ ہے، ان کے پاؤں پڑ جائیں تو خیر نہیں ہوتی، نواز شریف بھگوڑا ہے ملک میں آئے پھر بات ہوگی۔

پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ نے کہا آپ سیاسی لوگ بیٹھ کر فیصلہ کرلیں، سپریم کورٹ کا فیصلہ توعمران خان مانتے ہیں، لیکن شریفوں کا ہر کام جعلی ہے، میں نے عمران خان کو جس کا کہا ان سب کو ٹکٹیں دی گئیں۔

سابق وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ نگران حکومت نے صحافیوں کی فلاح و بہبود کے منصوبے روک دیئے، یہ حکومت صحافیوں کیلئے کچھ کرنا نہیں چاہتی۔

مذاکرات نہیں ہونے چاہیے یہ وقت کا ضیاع ہے، خواجہ آصف

علیحدہ علیحدہ انتخابات سے وفاق کوبہت نقصان پہنچے گا، وزیردفاع
اپ ڈیٹ 28 اپريل 2023 04:12pm

وزیردفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ مذاکرات نہیں ہونے چاہیے یہ وقت کا ضیاع ہے اور بحران جیسی کوئی صورتحال نہیں۔

صحافیوں سے غیر رسمی بات کرتے ہوئے ایک سوال کے جواب میں وزیردفاع خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ حکومتی اراکین کہتے ہیں عمران خان سے مذاکرات نہیں ہوسکتے، میں بھی یہی کہہ رہا ہوں مذاکرات نہیں ہونے چاہیے، یہ وقت کا ضیاع ہے۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ پیشگی شرائط کے ساتھ مذاکرات نہیں شروع ہوتے، اگر شرائط پہلے رکھ دیں تو پھر مذاکرات کا فائدہ نہیں، سنا ہے کہ عمران خان نے اس قسم کی باتیں کی ہوئی ہیں، پھر ہمیں اس سے بات کرنے کا کوئی شوق نہیں ہے، مولانا فضل الرحمان پہلے ہی کہہ چکے پی ٹی آئی سے بات نہ کریں۔

وزیردفاع نے مزید کہا کہ بحران جیسی کوئی صورتحال نہیں ہے، ہم نے کہہ دیا ہے ہمارے پاس پیسے نہیں ہیں، علیحدہ علیحدہ انتخابات سے وفاق کو بہت نقصان پہنچے گا، دیگرصوبوں میں پنجاب کے خلاف نفرت اور بڑھے گی۔

پی ٹی آئی رہنما فرخ حبیب کو دبئی جانے سے روک دیا گیا

ایف آئی اے نے پاسپورٹ، بورڈنگ کارڈ اورسامان قبضے میں لے لیا
شائع 28 اپريل 2023 03:00pm

تحریک انصاف کے رہنما فرخ حبیب کو دبئی جاتے ہوئے ائرپورٹ پر ہی روک لیا گیا۔

وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے تحریک انصاف کے رہنما فرخ حبیب کو بیرون ملک جانے سے روکتے ہوئے ان کا سامان بھی قبضے میں لے لیا۔

ائرپورٹ ذرائع کے مطابق فرخ حبیب پی آئی اے کی پرواز پی کے 203 کے ذریعے دبئی جا رہے تھے، انہیں آج دوپہر دو بجکر دس منٹ پر دبئی روانہ ہونا تھا تاہم ایف آئی اے نے انہیں روک لیا، اور گرفتار کرنے کی کوشش بھی کی۔

ائرپورٹ ذرائع نے بتایا کہ فرخ حبیب کا نام اسٹاپ لسٹ میں ہونے کی وجہ سے روکا گیا، انہیں گرفتار کیا جانا تھا تاہم وہ گرفتاری کی کوشش سے بچ کر ائرپورٹ سے واپس روانہ ہوگئے۔

ایف آئی اے نے فرخ حبیب کا پاسپورٹ، بورڈنگ کارڈ اور سامان اپنی تحویل میں لے لیا ہے۔

دوسری جانب فرخ حبیب نے اپنی ٹویٹ میں تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ فسطائیت اور فاشسزم عروج پر ہے، میں اپنی فیملی ممبر کی عیادت کے لیے ملک سے باہرجا رہا تھا، لیکن ائر پورٹ پر ایف ائی اے امیگریشن نے مجھے روک دیا۔

فرخ حبیب نے بتایا کہ میرا پاسپورٹ اور سامان ایف ائی اے کے پاس ہے۔

حکومت فوری اسمبلی توڑ کر الیکشن کرانا چاہتی ہے تو ہی بات کریں، عمران خان

یہ لوگ انتخابات میں تاخیر چاہتے ہیں، چیئرمین پی ٹی آئی
اپ ڈیٹ 28 اپريل 2023 05:53pm

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے اپنی مذاکراتی ٹیم کو کہا ہے کہ اگرحکومت فوری اسمبلی توڑ کر الیکشن کرانا چاہتی ہے تو ہی بات کریں۔

اسلام آباد ہائی کورٹ میں صحافیوں سے غیر رسمی بات کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے تھا کہ اگر 14 مئی کی تاریخ گزر گئی تو آئین ٹوٹ جائے گا، اگر آئین ٹوٹ گیا تو پھر جس کا زورہوگا اسی کی بات چلے گی، ہم قانون پر چل رہے ہیں لیکن حکومت قانون شکنی پراتری ہوئی ہے۔

مذاکرات کے سوال پر عمران خان کا کہنا تھا کہ مذااکرات کرنے کو تیار ہیں، مذاکرات ایک جیسے لوگ کرتے ہیں، آئین شکنی کرنے والوں نے تو آئین ہی ختم کردیا، تحریک انصاف نے سپریم کورٹ کے فیصلوں پرعمل کیا، شاہ محمود قریشی اور فواد چوہدی کو کہہ رہا ہوں اگر حکومت فوری اسمبلی توڑ کر الیکشن کرانا چاہتی ہے تو ہی بات کریں، اگر وہ دوبارہ وہی ستمبر اکتوبر کی بات کرتے ہیں تو کوئی ضرورت نہیں، اب بال حکومت کے کورٹ میں ایک دن الیکشن کرانے ہیں تو کرائیں۔

سابق آرمی چیف سے متعلق سوال پر پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ باجوہ کا شکریہ جنہوں نے چوروں کا ٹولہ ہم پرمسلط کیا، جنرل باجوہ خود کہتے ہیں کہ عمران خان خطرناک ہے۔

سابق وزیر اعظم نے کہا کہ پارلیمنٹ نہیں آئین سپریم ہوتا ہے، دیگر دو اسمبلیاں تحلیل ہوتیں ہیں تو جوائنٹ الیکشن کیلئے تیار ہیں۔ کشمیر سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ مجھے اس سے بھی زیادہ چیزیں پتہ ہیں، یہ نیشنل سیکیورٹی کا مسئلہ ہے، میں نہیں چاہتا کوئی انٹرنیشنل خبر بن جائے اور ملک کا نقصان ہو۔

حکمرانوں کو لگتا ہے ہراساں کرنے سے پی ٹی آئی کو توڑا جا سکتا ہے

اس سے قبل تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان آج اداروں کو بغاوت پر اکسانے کے کیس میں ضمانت کے لئے اسلام آباد ہائیکورٹ پیش ہوئے تھے، جہاں سے انہیں 3 مئی تک عبوری ضمانت مل گئی، تاہم عدالت پیشی کے بعد چیئرمین پی ٹی آئی نے الزام عائد کیا ہے کہ پیشی کے موقع پر پولیس نے ان کے کارکنان کو گاڑیوں سے اتار کر گرفتار کیا ہے۔

تحریک انصاف کے چیئرمین نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنی ٹویٹ میں کہا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیشی کے وقت ہمارے کارکن پر امن طور پر اپنی گاڑیوں میں بیٹھے ہوئے تھے، اسلام آباد پولیس نے انہیں گاڑیوں سے باہر نکال کر گرفتار کیا۔

عمران خان نے اپنی پوسٹ میں ویڈیو بھی شیئر کی ہے جس میں اسلام آباد پولیس کی جانب سے پی ٹی آئی کے مبینہ کارکنان کو گرفتار کیا جارہا ہے۔ چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ ان کو لگتا ہے ہراساں کرنے سے پی ٹی آئی کو توڑا جا سکتا ہے، یہ لوگ انتخابات میں تاخیر چاہتے ہیں۔

دوسری جانب اسلام آباد پولیس نے بیان جاری کیا ہے کہ عمران خان کی پیشی کے دوران ہائی کورٹ کے اطراف سے 23 افراد کو گرفتار کیا تھا، اور گرفتار کئے گئے تمام افراد کو رہا کردیا گیا ہے۔

ترجمان اسلام آباد پولیس نے اپنے بیان میں بتایا کہ ہائیکورٹ کے اطراف سے 33 افراد کو ہنگامہ آرائی اور کار سرکار میں مداخلت پر گرفتار کیا گیا تھا، جن کو اچھے چال چلن کی ضمانت اور قانونی تقاضوں پر عمل کرتے ہوئے رہا کردیا گیا ہے، اور ان افراد نے بھی آئندہ قانون کی خلاف ورزی نہ کرنے کی یقین دہانی کروائی ہے۔

ترجمان اسلام آباد کا مزید کہنا تھا کہ مساوی قانون سب پر لاگو ہے اور کسی کے ساتھ امتیازی برتاؤ ہرگز نہیں کیا جائے گا۔

لائیو

مذاکرات نہیں ہونے چاہئے، خواجہ آصف، حکومت اسمبلی توڑے تو مذاکرات کریں، عمران خان

الیکشن کمیشن نے رپورٹ جمع کروادی، مریم نواز کو انتخابی نشان کیا ملا؟ جانیے تازہ ترین خبریں
اپ ڈیٹ 28 اپريل 2023 08:32pm
تصویر: اے ایف پی
تصویر: اے ایف پی

انتخابات کیلئے فنڈز: سپریم کورٹ نے وزارت خزانہ سے بھی رپورٹ طلب کرلی

سپریم کورٹ رجسٹرار آفس نے فنڈز کے اجراء کے معاملے پر نوٹس بھجوادیا
شائع 28 اپريل 2023 12:14pm

سپریم کورٹ نے پنجاب اور خیبرپختونخوا میں انتخابات کے لئے فنڈز کی فراہمی پر وزارت خزانہ سے بھی رپورٹ طلب کرلی۔

پنجاب اور خیبرپختونخوا کے صوبائی انتخابات کے لیے 21 ارب روپے کے فنڈز کی فراہمی کے معاملے پر سپریم کورٹ نے وزارت خزانہ سے بھی رپورٹ طلب کی ہے۔

ذرائع کے مطابق سپریم کورٹ رجسٹرار آفس نے وزارت خزانہ کو فنڈز کے اجراء کے معاملے پر نوٹس بھجوادیا۔

حکام کے مطابق عدالت کے خصوصی میسنجر نے نوٹس وزارت خزانہ بھجوایا ہے۔ عدالتی نوٹس پر تاحال وزارت خزانہ کی رپورٹ رجسٹرار آفس سپریم کورٹ نہیں پہنچی۔

اس سے قبل الیکشن کمیشن نے پنجاب اور خیبرپختونخوا میں انتخابات کے لیے فنڈز کی فراہمی سے متعلق رپورٹ سپریم کورٹ جمع کرا دی ہے۔

الیکشن کمیشن کی رپورٹ دو صفحات پر مشتمل ہے جس میں انتخابات کے لیے فنڈز کی عدم فراہمی اور سیکیورٹی خدشات سے متعلق بتایا گیا ہے۔

الیکشن کمیشن نے رپورٹ گزشتہ رات سپریم کورٹ میں جمع کراوئی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے تاحال انتخابات کے لیے فنڈز نہیں مل سکے۔

واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے انتخابات کے انعقاد کے لیے فنڈز سے متعلق رپورٹ کے لیے سیکرٹری الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کیا تھا۔

سپریم کورٹ نے 27 اپریل تک وفاقی حکومت کو تیسری بار فنڈز کی فراہمی سے متعلق ڈیڈ لائن دی تھی۔

اس سے قبل 17 اپریل تک فنڈز کی منتقلی کی تاریخ دی گئی تھی۔

مریم نواز کو پرچ پیالی، ملکہ اور تندور، حمزہ کو مور اور انار کے انتخابی نشانات الاٹ

لاہور کے 30 حلقوں کیلئے امیدواروں کو انتخابی نشانات الاٹ
اپ ڈیٹ 28 اپريل 2023 03:55pm

پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے معاملے پر الیکشن کمیشن نے لاہور کے 30 حلقوں کے لئے امیدواروں کو انتخابی نشانات الاٹ کردیے۔

مسلم لیگ (ن) کی جانب سے کسی نے پارٹی ٹکٹ جمع نہیں کروایا، امیدواروں کو الیکشن کمیشن نے بطور آزاد امیدوار انتخابی نشانات الاٹ کیے۔

مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز کو لاہور کے 3 حلقوں میں پرچ پیالی، ملکہ اور تندور کے نشانات الاٹ کیے گئے۔

لاہور کے حلقہ پی پی 173 میں مریم نواز کا مقابلہ پی ٹی آئی کی ڈاکٹر یاسمین راشد سے ہوگا۔

سابق وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کو لاہور کے 2 حلقوں میں مور اور انار کے نشانات الاٹ ہوئے۔

سیف الملوک کھوکھر کو لاہور کے 2 حلقوں میں لیپ ٹاپ اور ٹریفک سگنل کے نشانات الاٹ کیے گئے۔

مسلم لیگ (ن) کے عطاء اللہ تارڑ کو 2 حلقوں میں مکان اور ہینڈ پمپ کے نشانات الاٹ ہوئے۔

وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کے بھائی خواجہ سلمان رفیق کو دونوں حلقوں میں چھتری کا نشان الاٹ ہوا۔

مسلم لیگ (ن) کی رہنما حنا پرویز بٹ کو 2 حلقوں میں عقاب اور ڈولفن کے نشانات الاٹ کیے گئے جبکہ رانا مشہود کو پی پی 171 میں بیج کا نشان الاٹ ہوا۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)، پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) اور جماعت اسلامی نے اپنے امیدواروں کو ٹکٹ جاری کردیے ہیں۔

فنڈزنہیں ملے، 14 مئی کو انتخابات نہیں ہوسکتے: الیکشن کمیشن نے رپورٹ جمع کروادی

انتخابات کیلئے فنڈز منتقل نہیں ہوئے، الیکشن کمیشن رپورٹ
اپ ڈیٹ 28 اپريل 2023 11:58am
سپریم کورٹ آف پاکستان
سپریم کورٹ آف پاکستان

پنجاب اور خیبرپختونخوا میں انتخابات کے لئے فنڈز کے اجرا کے معاملے پر الیکشن کمیشن نے رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کروادی۔

ذرائع کے مطابق سپریم کورٹ کی ہدایت پر الیکشن کمیشن کی جانب سے پنجاب خیبرپختونخوا انتخابات کے فنڈز سے متعلق رپورٹ جمع کروائی۔

دوصفحات پرمشتمل رپورٹ انتخابات کیلئے تاحال فنڈز کی عدم فراہمی اور سیکیورٹی خدشات سے متعلق بتایاگیا ہے۔

ذرائع کے مطابق رپورٹ میں کہا گیاہے کہ انتخابات کے لیے فنڈز دیے گئے ہیں نہ ہی سیکیورٹی فراہم کی گئی ہے، ایسے حالات میں 14 مئی کو پنجاب میں انتخابات نہیں ہوسکتے۔

مزید پڑھیں: انتخابات کیس : لگتا ہے حکومت صرف پاس پاس کھیل رہی ہے، سپریم کورٹ

الیکشن کمیشن حکام نے سپریم کورٹ کو آگاہ کر دیا ہے کہ انتخابات کے لیے فنڈز منتقل نہیں ہوئے۔

گزشتہ روز سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن سے پیشرفت رپورٹ طلب کی تھی۔

عدالت عظمیٰ نے الیکشن کمیشن سے پیشرفت رپورٹ طلب کرتے ہوئے استفسار کیا تھا کہ پنجاب اور خیبرپختونخوا کے انتخابات کے لئے فنڈز ملے یا نہیں ملے۔

مزید پڑھیں: قومی اسمبلی میں الیکشن کیلئے 21 ارب روپے دینے کی قرارداد پھر مسترد

گزشتہ روز ہی قومی اسمبلی نے انتخابات کے لئے 21 ارب روپے فنڈز دینے کی قرارداد ایک پھر مسترد کردی تھی۔

جمعرات کو ہی سپریم کورٹ میں ملک بھرمیں ایک روز انتخابات کرانے کی درخواست پر سماعت کے دوران چیف جسٹس نے ریمارکس دیے تھے کہ سیاستدانوں کو خود سے مسائل کا حل نکالنا چاہیے، اگر مذکرات کے ذریعے حل نہ نکلا تو آئین بھی اور ہمارا فیصلہ بھی موجود ہے، ہم نہ کوئی ہدایت جاری کر رہے ہیں اور نہ ہی کوئی ٹائم لائن دیں گے، سماعت پر مناسب حکم جاری کریں گے۔

مزید پڑھیں: انتخابات کیلئے فنڈز، سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن سے پیشرفت رپورٹ طلب کرلی

واضح رہے کہ عدالت عظمیٰ نے وفاقی حکومت کو 27 اپریل تک فنڈزمنتقلی کا حکم دیتے ہوئے ۔ اس سے قبل 17 اپریل تک کی ڈیڈ لائن دی گئی تھی۔

سپریم کورٹ نے انتخابات کے لٸے 21 ارب کے فنڈز جاری کرنے کی ہدایت کی تھی اور سیکرٹری الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کرتے ہوئے فنڈز سے متعلق رپورٹ پیش کرنے کا کہا تھا۔

پاکستان مخالف عناصر کو بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں، وزیراعظم

رسالپور پی اے ایف اکیڈمی اصغر خان میں پاسنگ آؤٹ پریڈ جاری
اپ ڈیٹ 28 اپريل 2023 11:21am
فوٹو۔۔۔۔۔ اسکرین گریب
فوٹو۔۔۔۔۔ اسکرین گریب

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پاکستان کو معاشی چلینجز کا سامنا ہے، جلد ملک کے معاشی حالات بہتر ہوں گے، پاکستان ایک امن پسند ملک ہے، پاکستان مخالف عناصر کو بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

رسالپور میں پی اے ایف اکیڈمی اصغر خان میں پروقار پاسنگ آؤٹ پریڈ ہوئی، وزیر اعظم شہبازشریف تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔

پاک فضائیہ کے طیاروں زرار اور میراج طیاروں نے فلائی پاسٹ کیا، پاک فضائیہ کے شاہینوں نے شاندار مظاہرہ پیش کرکے آسمان پر رنگ بکھیر دیے۔

وزیراعظم نے گارڈز آف آنرز کا معائنہ کیا اور پاس آؤٹ ہونے والے کیڈٹس کو فلائنگ بیجز لگائے اور ایوارڈز دیے جبکہ شہباز شریف کو کیڈٹس نے سلامی پیش کی۔

سالانہ تقریب میں سربراہ پاک فضائیہ ائرچیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سمیت عسکری قیادت شریک تھی۔

وفاقی وزیراطلاعات مریم اورنگزیب اور وزیردفاع خواجہ آصف سمیت دیگر سیاسی قیادت نے بھی پریڈ میں شرکت کی۔

اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کیڈٹس کے والدین کو دل سے مبارکباد پیش کرتا ہوں، پاس آؤٹ ہونے والے کیڈٹس کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

شہبازشریف نے کہا کہ پاکستان کو معاشی چلینجز کا سامنا ہے، جلد ملک کے معاشی حالات بہتر ہوں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاک فضائیہ نے کسی بھی چیلنج میں ملک کا نام روشن کیا، پاک فضائیہ بہترین پیشہ وارانہ صلاحیتوں کی وجہ سےدنیا بھرمیں نمایاں ہے، یقین ہےکہ مسلح افواج ہمیشہ قوم کی امنگوں کے مطابق صلاحیتوں کامظاہرہ کرتی رہےگی۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان مخالف عناصر کو بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں، پاک فضائیہ ہمیشہ ملک کے دفاع کے لیے پرعزم رہی ہے، پاکستان ایک امن پسند ملک ہے، پاک فضائیہ کی بہترین پیشہ ورانہ صلاحیتیں دنیا میں نمایاں ہیں۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اس وقت دنیا کو موسمیاتی تبدیلیوں سمیت بہت سارے چیلنجز کا سامنا ہے اور پاکستان کو معاشی چیلنجز کا سامنا ہے، یقین دلاتا ہوں معیشت کو مستحکم کرنے کے لیے ہرکوشش کی جائے گی اور جلد ملک کے معاشی حالات بہتر ہوں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ تمام ملکوں سے دو طرفہ مفادات کی بنیاد پر مثبت تعلقات چاہتے ہیں، مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر جنوبی ایشیا میں امن کا قیام ناممکن ہے، بھارت مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی کررہا ہے، بھارت نے اگست 2019 سے کشمیرکو جیل میں تبدیل کررکھا ہے۔

شہبازشریف نے مزید کہا کہ قیام امن کی ہماری خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے، ہمسائیوں کے ساتھ پر امن تعلقات چاہتے ہیں۔

سابق آرمی چیف کی گفتگو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کی گئی، آئی ایس پی آر

سابق آرمی چیف کی گفتگو سے متعلق تبصروں پر ردعمل
اپ ڈیٹ 28 اپريل 2023 11:19am
آئی ایس پی آر
آئی ایس پی آر

**پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کا کہنا ہے کہ سابق آرمی چیف کے پاک فوج کی جنگی صلاحیت اور تیاریوں سے متعلق گفتگو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کی گئی۔

آئی ایس پی آر نے سابق آرمی چیف کے گفتگو سے متعلق تبصروں پر اپنے ردعمل کا اظہار کیا ہے۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ حال ہی میں پاکستان آرمی کے پاس موجود بعض ہتھیاروں کے نظام کی صورتحال کے پیش نظر پاک فوج کی جنگی صلاحیت قابلیت کے بارے میں میڈیا میں مباحثے کیے گئے، پاکستان کے لیے مستقبل کے خطرات کے بارے میں سابق آرمی چیف کے خیالات کو بنیاد بنا کر اس موضوع پر اظہار خیال کیا گیا۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ سابق آرمی چیف نے ایک آف دی ریکارڈ انٹرایکٹو سیشن میں میڈیا کے نمائندوں کے ساتھ ان امور پر بات چیت کی ، جسے میڈیا میں سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا۔

ترجمان پاک فوج نے واضح کیا کہ عوام کو یقین دلاتے ہیں کہ پاک فوج کو اپنی آپریشنل تیاریوں اور جنگی قابلیت پر فخر ہے اور پاک فوج ہر طرح کے چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کے لیے تیار ہے۔

آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ مسلح افواج دفاع کے لئے ہتھیاروں اور جنگی ساز و سامان ہمیشہ تیار رکھتی ہیں، مسلح افواج جنگی وسائل سے بھرپور ہیومن ریسورس کی حامل ہیں۔

واضح رہے کہ چند روز قبل صحافی حامد میر نے ٹی وی ٹاک شومیں سابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے صحافیوں کی ملاقات کا احوال بتاتے ہوئے چند خدشات کااظہار کیا تھا جو بقول ان کے پاک فوج کے سابق سربراہ کی جانب سے ظاہر کیے گئے تھے۔

تشدد کے الزام میں آئی جی پنجاب کے پی آر او نایاب حیدر گرفتار

پولیس نے نایاب حیدر کو بیٹے اور دیگر 2 افراد سمیت گرفتار کیا
اپ ڈیٹ 28 اپريل 2023 03:49pm
فوٹو۔۔۔۔۔۔ فائل
فوٹو۔۔۔۔۔۔ فائل

لاہور میں سرکاری افسر پر تشدد کے الزام میں آئی جی پنجاب کے پی آر او نایاب حیدر کو گرفتار کرلیا گیا۔

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کے پی آر او نایاب حیدر کو تھانہ جنوبی چھاؤنی پولیس نے گرفتار کیا۔

نایاب حیدر کو سرکاری افسر پر تشدد کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔

سرکاری افسر کی مدعیت میں تھانہ جنوبی چھاؤنی میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

پولیس نے ایف آئی آر پر کارروائی کرتے ہوئے آئی جی پنجاب کے پی آر او نایاب حیدر کو ان کے بیٹے اور دیگر 2 افراد کے ساتھ لاہور سے گرفتار کیا ہے۔

اداروں کو بغاوت پر اکسانے کے مقدمے میں عمران خان کی عبوری ضمانت منظور

’دیگر 2 اسمبلیاں تحلیل ہوتی ہیں توجوائنٹ الیکشن کے لیے تیارہیں‘
اپ ڈیٹ 28 اپريل 2023 02:51pm
فوٹو۔۔۔۔۔۔ پی پی آئی
فوٹو۔۔۔۔۔۔ پی پی آئی

اسلام آباد ہائیکورٹ نے اداروں کو بغاوت پر اکسانے کے کیس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کی 3 مئی تک عبوری ضمانت منظور کرلی۔میڈیا سے غیررسمی گفتگومیں چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ دیگر 2 اسمبلیاں تحلیل ہوتی ہیں توجوائنٹ الیکشن کے لیے تیارہیں۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ عامر فاروق نے عمران خان کی عبوری ضمانت کی درخواست پر سماعت کی، عمران خان کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر اور فیصل چوہدری پیش ہوئے۔

عدالت رجسٹرار آفس کے اعتراضات دور کرتے ہوئے دلائل دینے کی ہدایت کی۔

ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد نے کہا اسلام آباد کچہری جوڈیشل کمپلیکس منتقل ہو رہی ہے، درخواست آتی ہے تو ساتھ ہی مقرر ہو جاتی ہے، اگر کوئی اللہ دتہ آئے گا تو کیا، اس کو بھی یہ ریلیف ملے گا۔

چیف جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیے کہ ابھی 2اللہ دتہ کی درخواستیں آئی ہیں، ان کو بھی میں نے دیکھا ہے، پٹیشنر بھی شہری ہیں، ان کے بھی حقوق ہیں،آج ایک پہلے کیس آیا، ابھی 2 کیسز مارک کررہا ہوں۔

وکیل فیصل چوہدری ایڈووکیٹ نے عدالت سے استدعا کی کہ عمران خان عدالت کے سامنے بات کرنا چاہتے ہیں، جس پر چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے ہدایت کی کہ جو بھی کہنا ہے وکیل کے ذریعے کہیں۔

عدالت نے فیصلہ سناتے ہوئے پولیس کو عمران خان کی گرفتاری سے روک دیا۔

عدالت نے اداروں کو بغاوت پر اکسانے کے کیس میں عمران خان کی عبوری ضمانت ایک لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض 3 مئی تک منظور کرلی۔

عدالت نے عمران خان کو شامل تفتیش ہونے اور ہر سماعت پر عدالت حاضری یقینی بنانے کا بھی حکم دیا۔

عمران خان عدالت میں پیش

اس سے قبل عمران خان عدالت میں پیشی کے لیے آج صبح 7 بج کر 40 منٹ پر لاہور میں واقع اپنی رہائش گاہ زمان پارک سے روانہ ہوئے اور قافلے کے ہمراہ بذریعہ موٹر وے اسلام آباد ہائیکورٹ پہنچے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ پہنچنے پرعمران خان کی گاڑی کو احاطہ عدالت داخل ہونے سے روک دیا گیا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے، عمران خان کی آمد سے قبل کمرہ عدالت خالی کرا یا گیا اور کمرہ عدالت کو بم ڈسپوزل اسکواڈ نے کلیئر کیا۔

عمران خان کی گاڑی کو عدالتی احاطے میں داخلے کی اجازت کیلئے درخواست

پی ٹی آئی کی جانب سے عمران خان کی گاڑی کو عدالتی احاطے میں داخلے کی اجازت کے لیے درخواست دائر کی گئی۔

عمران خان کے وکلاء نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے رجسٹرار کو درخواست جمع کرائی جس میں کہا گیا کہ عمران خان سابق وزیر اعظم ہیں، ان کی جان کو خطرات ہیں، ان کی گاڑی کو عدالتی احاطے میں داخلے کی اجازت دی جائے۔

جنرل باجوہ نے چوروں کا ٹولہ مسلط کیا، عمران خان

کمرہ عدالت میں صحافیوں سے غیررسمی گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پارلیمنٹ نہیں آئین سپریم ہوتا ہے، ہم قانون پر چل رہے ہیں، مذاکرات ایک جیسے لوگ کرتے ہیں، وہ قانون شکنی کررہے ہیں، وہ ہم جیسے نہیں، یہ آئین پر نہیں چلتے انہوں نے تو آئین ختم کردیا، ہم نے آئین پر عمل کیا، سپریم کورٹ کے فیصلوں پر عمل کیا۔

عمران خان نے کہا کہ قمر جاوید باجوہ کا شکریہ جنہوں نے ان کو ہم پر مسلط کیا، جنرل باجوہ نے چوروں کا ٹولہ مسلط کیا، باجوہ خود کہتا کہ عمران خان خطرناک ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر 14 مئی کی تاریخ گزر گئی تو آئین ٹوٹ جائے گا، اگر آئین ٹوٹ گیا تو پھر جس کا زور ہوگا اسی کی بات چلے گی، دیگر 2 اسمبلیاں تحلیل ہوتیں ہیں تو جوائنٹ الیکشن کے لیے تیار ہیں، ہم مذاکرات کرنے کو تیار ہیں، ہم نے ہمیشہ سپریم کورٹ کے سب فیصلے مانے ہیں۔

چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ ہم آئین کے ساتھ کھڑے ہیں پی ڈی ایم خلاف ہے، ہمارا پی ڈی ایم سے سے کوئی موازنہ نہیں۔

جنرل باجوہ اور کشمیر سے متعلق حامد میر کے بیان سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے سابق وزیراعظم نے کہا کہ مجھے اس سے بھی زیادہ چیزیں پتہ ہیں، یہ نیشنل سیکیورٹی کا مسئلہ ہے، میں نہیں چاہتا کوئی انٹرنیشنل خبربن جائے اور ملک کا نقصان ہو، پہلے دن سے کہہ رہا ہوں الیکشن کی تاریخ پر مذاکرات کرسکتا ہوں۔

عمران خان نے شاہ محمود قریشی اور فواد چوہدری کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ان دونوں کو کہہ رہا ہوں اگرحکومت فوری اسمبلی توڑ کر الیکشن کرانا چاہتی ہے تو ہی بات کریں، اگر وہ دوبارہ وہی ستمبر اکتوبر کی بات کرتے ہیں تو کوئی ضرورت نہیں، اب بال حکومت کے کورٹ میں ایک دن الیکشن کرانے ہیں تو کرائیں۔

صحافی نے سوال کیا کہ مذاکرات کو سبوتاژ کرنے کے لیے بیان بازی ہو رہی ہے ؟، جس پر عمران خان نے کہا کہ ہماری طرف سے کوئی بیان نہیں آیا۔

اداروں کو بغاوت پر اکسانے کا کیس: عمران خان کا اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع

قبل ازیں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے اداروں کو بغاوت پر اکسانے کے کیس میں ضمانت قبل از گرفتاری کے لئے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے درخواست ضمانت دائر کرتے ہوئے استدعا کی کہ آج ہی درخواست ضمانت پر سماعت کی جائے ۔

عمران خان نے درخواست میں مؤقف اپنایا کہ شدید سیکیورٹی تھریٹس ہیں، دوبارہ قاتلانہ حملہ ہوسکتا ہے ، عدالت ٹرائل کورٹ کی بجائے خود عبوری ضمانت منظور کرے۔

عمران خان کی درخواست ضمانت پر اعتراض عائد

بعدازاں اسلام آباد ہائیکورٹ کے رجسٹرار آفس نے عمران خان کی درخواست ضمانت پر اعتراض عائد کردیا۔

رجسٹرار آفس نے اعتراض عائد کیا کہ ٹرائل کورٹ کی بجائے ڈائریکٹ ہائیکورٹ کیسے ضمانت دائر کرسکتے ہیں ؟ عمران خان نے بائیو میٹرک بھی نہیں کرائی۔

خیال رہے کہ عسکری اداروں کے خلاف بات کرنے پر عمران خان کے خلاف 7 اپریل کو مجسٹریٹ منظور احمد کی مدعیت میں تھانہ رمنا میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

ایف آئی آر درج ہونے کے بعد عمران خان نے 26 اپریل تک مقدمے میں لاہور ہائیکورٹ سے حفاظتی ضمانت حاصل کی تھی۔

گزشتہ روز عمران خان نے اپنے ایک ٹویٹ میں لکھا تھا کہ اس ایف آئی آر سے ظاہر ہوتا ہے ہم واقعتاً جنگل کے قانون کے شکنجے میں ہیں۔

عمران خان نے اپنی ٹویٹ میں کہا تھا کہ ”ملک کے اس طاقتور اور خود کو قانون سے بالاتر سمجھنے والے طبقے نے’توہینِ ڈرٹی ہیری’ اور ’توہینِ سائیکو پیتھ‘ کی پاداش میں میرے خلاف پاکستان سے غداری کا مقدمہ قائم کردیا ہے۔“

عمران خان کی پیشی پر اسلام آباد پولیس کا ٹریفک پلان جاری

سابق وزیر اعظم عمران خان کی پیشی پر اسلام آباد کیپٹل پولیس کا ٹریفک پلان جاری کردیا گیا جس کے مطابق جی ٹین پروجیکٹ موڑ اور عون محمد رضوی روڈ پر ڈائیورشن ہوگی، شہریوں کو متبادل راستوں کا انتخاب کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

عمران خان کی عدالت میں پیشی کے لیے اسلام آباد آمد پر وفاقی پولیس نے اپنے بیان میں کہا کہ کیپیٹل پولیس عمران خان کی عدالتوں میں پیشی کے دوران مؤثر سکیورٹی اقدامات کرے گی۔

ترجمان اسلام آباد نے کہا کہ ایف آئی آر قانون کے مطابق درج کی جاتی ہیں جن کا فیصلہ عدالتیں کرتی ہیں، قانون کی نظر میں سب برابر ہیں اور کسی کو کوئی امتیازی حیثیت حاصل نہیں۔

اسلام آباد کیپیٹل پولیس کا کہنا ہے کہ عمران خان اور ان کے ساتھیوں سے امید کی جاتی ہے کہ وہ عدالتوں میں پیشی کے دوران قانون کا احترام کریں گے۔

اسمبلیوں کی تحلیل، ارکان اسمبلی کی بحالی اور جولائی میں الیکشن، پی ٹی آئی کی حکومت سے مذاکرات میں شرائط

الیکشن سے قبل غیر جانبدار الیکشن کمیشن تشکیل اور قومی اسمبلی تحلیل کی تاریخ دی جائے، پی ٹی آئی کا مطالبہ
اپ ڈیٹ 27 اپريل 2023 10:46pm
فوٹو — اسکرین گریب/  آج نیوز
فوٹو — اسکرین گریب/ آج نیوز
فوٹو — اسکرین گریب/  آج نیوز
فوٹو — اسکرین گریب/ آج نیوز

اسلام آباد: حکومت اور پاکستان تحریک انصاف وفد کے درمیان مذاکرات کے پہلے دور کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔

مذاکرات کو کھلے دل سے اور لچک کے ساتھ کیے جانے پر دونوں فریقین نے اتفاق کیا جب کہ حکومتی وفد کی طرف سے واضح کیا گیا کہ انتخابات ایک ہی دن اور اکتوبر کے آخر یا نومبر کے شروع میں منعقد ہوں گے۔

حکومتی وفد نے واضح کیا کہ 14 مئی کو پنجاب اسمبلی کے انتخابات منظور نہیں جب کہ فیصلے پارلیمنٹ کی بالادستی کو سامنے رکھ کر ہوں گے۔

ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ الیکشن سے قبل غیر جانبدار الیکشن کمیشن تشکیل اور غیر جانبدار نگراں حکومت بنائی جائے۔

تحریک انصاف نے کہا کہ قومی اسمبلی تحلیل کرنےکی ڈیڈ لائن دی جائے اور جولائی میں اسمبلی تحلیل کرکے عام انتخابات ہوں۔

مذاکرات کے پہلے روز حکومت نے مؤقف اپنایا کہ وفاقی بجٹ موجودہ قومی اسمبلی ہی پاس کرے گی کیونکہ نگراں حکومت کے لئے بجٹ بنانا ممکن نہیں ہوگا۔

تحریک انصاف نے حکومت سے قومی اسمبلی سے مستعفی ارکان کی بحالی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن لیڈر کا عہدہ بھی پی ٹی آئی کو دیا جائے اور قومی اسمبلی کو تحلیل کرنے کی تاریخ بھی دی جائے۔

دوسری جانب ذرائع نے بتایا کہ الیکشن میں تاخیرکیلئےآئین میں ترمیم کرنی پڑے گی، آئینی ترمیم کے لئے پی ٹی آئی کی ایوان میں موجودگی نا گزیر ہے، پی ٹی آئی مطالبات کی حتمی فہرست کل تحریری طور پر حکومتی وفد کو پیش کرے گی۔

واضح رہے کہ حکومت اور پی ٹی آئی وفود کے درمیان پارلیمنٹ ہاؤس کے کمیٹی روم نمبر 2 میں مذاکرات شام کے تقریباً 6 بجے شروع ہوئے، مذاکرات کی دوسری نشست جمعہ کو دوپہر تین بجے ہوگی۔

پہلے دور کے مذاکرات کے بعد حکمراں اتحاد ارکان کے ہمراہ میڈیا سےگفتگو کرتے ہوئے یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کی مشاورت سے فیصلہ ہوگا، جس میں تمام سیاسی جماعتوں کی رائے شامل ہوگی، پی ٹی آئی سے اچھے ماحول میں بات چیت ہوئی، آئین کے دائرے میں رہ کرمعاملات کا جائزہ لینا ہے۔

پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی نے مذاکرات کے پہلے دور کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ نیت صاف ہو تو مسائل کا حل بات چیت سے نکل سکتا ہے، مذاکرات کو تاخیری حربے کے طور پر استعمال نہیں کرنا چاہئے، دونوں جانب سے اپنا نکتہ نظر پیش کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ پارٹی چیئرمین عمران خان نے ہمیں مکمل مینڈیٹ دے رکھا ہے، جو بھی حل تجویز کریں گے وہ آئین کے مطابق ہوگا، عوام کی فلاح کے لیے اس ہیجانی کیفیت سے نکالا جائے، جمعہ کو دوسری نشست تین بجے اسی مقام پر ہے، حکومتی ٹیم نے اتحادیوں سے مشاورت کا وقت مانگا ہے۔

حکومتی ٹیم میں شامل وزیرخزانہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ اگلی نشست میں مزید تفصیل کے ساتھ بات چیت ہوگی، ہمارا کوئی مطالبہ نہیں ہے، یہ اصول طے ہے کہ آئین میں رہ کر معاملات کو حل کرنا ہے، ریاست، عوام کے مفادات کو مدنظر رکھا جائےگا۔

اس قبل حکومت نے تحریک انصاف سے مذاکرات کے لئے ٹیم تشکیل دی جس میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار، سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی، وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، سید نوید قمر، خواجہ سعد رفیق اور کشور زہرا شامل ہیں۔

دوسری جانب پی ٹی آئی کی طرف سے شاہ محمود قریشی، علی ظفر اور فواد چوہدری شامل ہیں۔

جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی) نے پی ٹی آئی سے مذاکرات کیلئے قائم ٹیم کا حصہ نہ بننے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کو تسلیم ہی نہیں کرتے،نا باہر اور نا پارلیمان میں، اس لئے ان سے کہیں پر بھی مذاکرات نہیں ہوں گے، جے یو آئی پارلیمنٹ اور آئین پاکستان کے دفاع کے لئے جلسے کرے گی۔

اس سے قبل سپریم کورٹ میں ہونے والی سماعت میں تحریک انصاف کی جانب سے مذاکرات کیلئے ٹائم فریم دینے کی استدعا کی گئی جسے عدالت نے مسترد کردیا، اور چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے کہ عدالت مذاکرات کیلئے مجبورنہیں کرسکتی، مذاکرات حکم نہیں صرف تجویز ہے مذاکرات کیلئے ابھی کوئی ہدایت یا ٹائم لائن نہیں دے رہے۔

چیف جسٹس نے مزید کہا کہ حکومت نے نیک نیتی دکھانے کیلئے کیا اقدامات کیے، لگتا ہے صرف پاس پاس کھیل رہی ہے، اگر مذاکرات کے ذریعے حل نہ نکلا تو آئین بھی اور ہمارا فیصلہ بھی موجود ہے۔