Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  
Live
politics may 16 2023

دیکھا جائے گا کہ اعظم خان لاپتہ ہوئے یا خود ہی کسی جگہ موجود ہیں، رانا ثنا

پی ٹی آئی کی خام خیالی ہے کہ اس کا ووٹ بینک بڑھ گیا ہے، وزیرداخلہ
شائع 16 جون 2023 11:28pm

وزیرداخلہ رانا ثنااللہ کا کہنا ہے کہ سابق وزیراعظم کے سابق پرنسپل سیکرٹری اعظم خان لاپتہ ہوئے یا خود کسی جگہ موجود ہیں دیکھا جائے گا۔

سابق وزیراعظم کے سابق پرنسپل سیکرٹری اعظم خان کی مبینہ گمشدگی پر بات کرتے ہوئے وزیرداخلہ رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ دیکھا جائے گا کہ اعظم خان لاپتہ ہوئے یا خود ہی کسی جگہ موجود ہیں، لواحقین نے یہ نشاندہی نہیں کی کہ اعظم خان کہاں سے لاپتہ ہوئے، جو گاڑیاں قبضہ میں لی گئیں وہ حکومت کی تھیں۔

رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ پرویزالہی سے جیل میں کوئی نامناسب سلوک نہیں کیا گیا، چوہدری صاحب جیل میں کمفرٹیبل ہیں، میرے علم میں نہیں کہ ڈاکٹر کو کیوں ہٹایا گیا۔

وزیرداخلہ نے کہا کہ پی ٹی آئی نے پہلے خواتین کے حوالے سے پروپیگنڈا کیا، اب چوہدری پرویزالہیٰ کے حوالے سے منفی بات کررہے ہیں، چیئرمین پی ٹی آئی کی خام خیالی ہے کہ اس کا ووٹ بینک بڑھ گیا ہے، اب یہ کبھی بھی اس ملک کی سیاست میں کوئی اہم کردار اداکرنے کی پوزیشن میں نہیں ہوگا۔

رانا ثنا کا کہنا تھا کہ الیکشن آئینی مدت کے مطابق ہونا چاہئے، الیکشن کے لیے بجٹ میں پیسے رکھے گئے ہیں، ہم الیکشن سے کبھی نہیں بھاگیں گے، ہم کہتے ہیں کہ پورے ملک میں الیکشن 1 دن میں ہونے چاہئے۔

چپیرمین پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ دو مختلف کیسز میں نیب طلب

بشریٰ بی بی کو 190 ملین پاؤنڈ کیس اور چیئرمین پی ٹی آئی کو توشہ خانہ کیس میں طلب کیا گیا ہے
شائع 16 جون 2023 09:52pm

نیب راولپنڈی نے چیئرمین پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ کو دو مختلف کیسز میں دوبارہ طلب کرلیا۔

قومی احتساب بیورو (نیب) نے چیئرمین پی ٹی آئی کو آج توشہ خانہ کیس کی تحقیقات کے لئے طلب کیا تھا، تاہم تحریک انصاف کے چیئرمین نے نیب کے سامنے پیش نہ ہونے کا فیصلہ کیا۔ جس کے بعد نیب انہیں دوبارہ طلب کر لیا ہے۔

نیب نوٹس

نیب کی جانب سے چیئرمین پی ٹی آئی کو جاری کئے گئے نوٹس میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی چیئرمین21 جون کو صبح 11 بجے نیب راولپنڈی میں حاضر ہوں، اور کسیز سے متعلق دستاویزات بھی ہمراہ لائیں۔

نیب نوٹس کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی کو بطور وزیر اعظم 108 تحائف ملے، لیکن انہوں نے 58 تحائف توشہ خانہ میں جمع نہیں کروائے، چئیرمین تحریک انصاف توشہ خانہ سے ملنے والے تمام تحائف اورجو فروخت کیے ان کی تفصیلات ساتھ لے کر آئیں۔ نیب راولپنڈی کی طرف سے نوٹس زمان پارک پہنچا دیا گیا ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی کو نیب نے آج بھی طلب کیا تھا

چیئرمین پی ٹی آئی کو آج بھی متعلقہ دستاویزات کے ہمراہ صبح 11 بجے نیب راولپنڈی میں طلب کیا گیا تھا، اور کہا گیا تھا کہ آپ نے فئیر پرائس تجزیہ کرائے بغیر تحائف اپنے پاس رکھے، آپ بطور وزیراعظم تحائف کی قیمت کا تخمینہ لگانے کے عمل پر اثر انداز ہوئے۔

نیشنل کرائم ایجنسی 190 ملین پاؤنڈ کیس میں بشریٰ بی بی کی طلبی

نیشنل کرائم ایجنسی 190 ملین پاؤنڈ کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، اور نیب نے چیئرمین پی ٹی آئی کی اہلیہ بشری بی بی کو 22 جون کو بطور گواہ دوبارہ طلب کرلیا ہے۔

بشری بی بی کو 22 جون صبح 11 بجے راولپنڈی دفتر میں مشترکہ انویسٹیگیشن ٹیم کے سامنے پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے، اور انہیں بھی کیس سے متعلق دستاویزات ہمراہ لانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

نیب اس سے قبل بشری بی بی کو دو بار طلب کر چکا ہے لیکن وہ پیش نہیں ہوئیں۔

مسلم لیگ ن کے جنرل کونسل اجلاس میں 9 مئی کے ملزمان کے خلاف قرارداد منظور

مریم اورنگزیب نے 9 مئی کے ملزمان کے خلاف قرارداد پیش کی
شائع 16 جون 2023 08:13pm

مسلم لیگ ن کی جنرل کونسل کے اجلاس میں 9 مئی کے ملزمان کے خلاف قرارداد پیش کی، جسے متقفہ طور پر منظور کرلیا گیا۔

اسلام آباد میں مسلم لیگ ن کا جنرل کونسل اجلاس ہوا، جس میں ن لیگ کی نومنتخب سیکرٹری اطلاعات مریم اورنگزیب نے 9 مئی کے ملزمان کے خلاف قرارداد پیش کی، جسے متقفہ طور پر منظور کرلیا گیا۔

قرارداد کے متن میں ہے کہ اجلاس اپنی جانیں قربان کرنے والے شہداء کو سلام پیش کرتا ہے، سانحہ 9 مئی کے حوالے سے پروپیگنڈے کو ہر فورم پر مسترد کیا جائے، کیا یہ اجلاس اس قرارداد کو منظور کرتا ہے۔

واضح رہے کہ اجلاس میں مسلم لیگ ن کے سابق سینئر نائب صدر شاہد خاقان عباسی موجود نہیں تھے۔ انہیں ن لیگ کے انٹرا پارٹی الیکشن میں مرکزی قیادت سے باہر کردیا گیا ہے۔

پارٹی قیادت نواز شریف کی امانت ہے ان کے واپس آنے پر حوالے کردوں گا، شہباز شریف

نوازشریف پاکستان آئیں تو یہ امانت ان کے حوالے کردوں گا، شہبازشریف
شائع 16 جون 2023 07:03pm

مسلم لیگ ن کے صدر شہبازشریف کا کہنا ہے کہ پارٹی قیادت نواز شریف کی امانت ہے، وہ جب بھی پاکستان واپس آئے ان کے حوالے کردوں گا۔

اسلام آباد میں ن لیگ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے صدر شہبازشریف کا کہنا تھا کہ مریم نواز میری بیٹی ہے، میں ہمیشہ اسے گڑیا کہتا ہوں، اس نے چیف آرگنائزر کا عہدہ سنبھالنے کے بعد بہت محنت کی، یہ بہت باہمت ہے جو ملک کے ہر کونے میں جارہی ہے۔

شہبازشریف نے کہا کہ چند باتیں دل کھول کر کرنا چاہتا ہوں، اس جنرل کونسل کے اجلاس کو کئی بار مؤخر کرایا، لیکن اب الیکشن کمیشن کی تلوار لٹک رہی تھی، اسی لئے پارٹی اجلاس بلایا، اور ایک بار پھر میرے سر پر صدر کی پگ باندھ دی گئی، بلامقابلہ پارٹی صدر منتخب کرنے پر سب کا مشکور ہوں۔

صدر مسلم لیگ ن کا کہنا تھا کہ پارٹی قیادت نواز شریف کی امانت ہے، چاہتا ہوں میں چاہتا تھا کہ قائد مسلم لیگ ن پاکستان آئیں اور میں یہ امانت ان کے حوالے کردوں، میں صرف ان کا سپاہی بن کر خدمت کروں گا، دعا ہے وہ جلد پاکستان آئیں، انتخابات لڑیں اور چوتھی بار وزیراعظم بنیں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہم نے جن حالات میں اقتدارسنبھالا یہ پھولوں کی سیج نہیں تھی، ہم نے ہمت نہیں ہاری اور اتحادیوں کے ساتھ مل کر مشکلات کا سامنا کیا، ہمارے سینگھ آج بھی آئی ایم ایف سے پھنسے ہوئے ہیں، ہم آئی ایم ایف کی شرائط منظور کرنے کیلئے الٹے سیدھے ہوگئے، لیکن مشکل معاشی حالات کے باوجود تنخواہوں اور پنشن میں اضافہ کیا۔

شہبازشریف نے کہا کہ ہم ملکی مفاد کی خاطر آئی ایم ایف سے بات کرنے کی کوشش کررہے ہیں، ہماری کوشش ہے کہ عالمی مالیاتی فنڈز کے ساتھ مختصر مدت کا ہی معاہدہ ہوجائے تاکہ ہم بڑے معاشی چلینجز سے نکل جائیں، اسحاق ڈار رات دن جس طرح ملک کی معیشت بہتر کرنے کے لیے محنت کررہے ہیں وہ سب کے سامنے ہے، لیکن کچھ لوگ ان کی ٹانگیں کھینچ رہے ہیں، جو لوگ نواز شریف اور اسحاق ڈار کیخلاف باتیں کر رہے ہیں ان کو پارٹی میں رہنے کا حق نہیں۔

نوازشریف کا نام نکال دو تو پاکستان میں کھنڈرات کے علاوہ کچھ نہیں بچتا، مریم نواز

شہبازشریف نے کوئی بڑا فیصلہ نوازشریف کی مرضی کے بغیر نہیں کیا، مریم نواز
اپ ڈیٹ 16 جون 2023 11:32pm

مریم نواز کا کہنا ہے کہ نام نکال دو تو پاکستان میں کھنڈرات کے علاوہ کچھ نہیں بچتا، شہبازشریف نے کوئی بڑا فیصلہ ان کی مرضی کے بغیر نہیں کیا۔

اسلام آباد میں جنرل ورکرزاجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کی چیف آگنائزر مریم نواز کا کہنا تھا کہ یہ جماعت قائد کی وراثت کی امین ہے، ہم اس وراثت کو زندہ رکھیں گے، ملک کو بنانے والے ہاتھ کبھی ملک کو نہیں توڑ سکتے۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ جدید پاکستان کا معمار نوازشریف ہے، ان کو جب بھی موقع ملا انتھک محنت کے ساتھ پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا، ان کا نام نکال دو تو پاکستان میں کھنڈرات کے علاوہ کچھ نہیں بچتا، اس وقت بھی پاکستان کی ڈولتی کشتی کو شہباز شریف نے سنبھالا، اور انہوں نے کبھی کوئی بڑا فیصلہ نوازشریف کی مرضی کے بغیر نہیں کیا۔

لیگی چیف آگنائزر نے کہا کہ نوازشریف نے کبھی اخلاق کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑا، کوئی نہیں کہہ سکتا کہ انہوں نے کبھی جلاؤ گھیراؤ کی ترغیب دی ہو، میں بھی کبھی کبھی تقریر کے دوران جب جذباتی ہو جاتی ہوں تو ان پیغام آجاتا ہے کہ بیٹا دھیمے دھیمے، اسی لئے نوازشریف ہر کارکن کے دل میں بستے ہیں۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ نوازشریف نے کبھی امریکا کو آوازیں نہیں دیں، دوسری جانب سے تو دوسرے ممالک کے سینیٹرز کو بیان دینے کے لیے کہا جاتا ہے، لیکن نوازشریف نے کہا کہ میں اپنا معاملہ اللہ پر چھوڑتا ہوں، انہیں اربوں ڈالرز کی آفر ہوئی لیکن انہوں نے کہا وہی فیصلہ کروں گا جو ملک کے لیے بہتر ہوگا، یہی وجہ ہے کہ ن لیگ سیسہ پلائی دیوار کی طرح نوازشریف کے ساتھ کھڑی ہوئی۔

’چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے اپنے داماد کو الیکشن جتوانے کیلئے ہم سے سفارش کی تھی‘

عمران خان اور دیگر پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف جعلی مقدمات درج ہیں، شفقت محمود
شائع 16 مئ 2023 09:23pm
Incident of May 9, Civilian and Military Leadership Hum Awaz !!! | Faisla Aap Ka with Asma Shirazi

وزیراعظم کے معاون خصوصی اور رہنما مسلم لیگ (ن) ملک احمد خان نے دعویٰ کیا کہ چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ نے اپنے داماد علی افضل ساہی کو الیکشن دلوانے کے لئے ان سے رابطہ کیا تھا۔

آج نیوز کے پروگرام ”فیصلہ آپ کا“ میں بات کرتے ہوئے ملک احمد خان نے کہا کہ میں نے کبھی جناح ہاؤس، کور کمانڈر کی رہائشگاہ کو جلتے پہوئے دیکھنا تصور نہیں کیا تھا۔

خواجہ آصف کے گزشتہ روز آج نیوز کو دیئے گئے خصوصی انٹر ویو کا حوالہ دیتے ہوئے ملک احمد خان نے کہا کہ جنرل (ر) باجوہ سے متعلق وزیر دفاع کی کچھ باتوں پر اعتراض ہے۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی نے کہا کہ پہلے سیاسی جماعتوں کے منشور ہوتے تھے جن پر بیانیوں نے قبضہ کرلیا جس کی زندگی مختصر ہوتی ہے، کبھی سفارتی سائفر، امریکی سازش کے جھوٹے بیانیے پیش کیئے گئے۔

عمران خان کے کیسز پر لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ عمران خان جب شادی کر رہے تھے تو مجھ سے سوالات ہوئے جن پر میں نے جواب دینے سے گریز کیا، مانیکا فیملی سے میرے اچھے تعلقات ہیں، عون چوہدری عمران خان کے ساتھی ہونے سے پہلے ہمارے دوست بھی ہیں، البتہ عدت کیس سول جج کے پاس جانا نہیں بنتا۔

ملک احمد نے کہا کہ چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کے داماد علی افضل ساہی پی ٹی آئی کے ایم پی اے ہیں، ان کے رکن صوبائی منتخب ہونے میں مجھ سے غلطی ہوئی ہے، جب الیکشن کھڑے ہوئے تو مجھے چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ نے اپنے داماد کو الیکشن جتوانے کے لئے کہتے رہے، میرے پاس میسجز بھی موجود ہیں اور میں اسے ثابت کرسکتا ہوں، میری ان سے ایک جگہ پر ملاقات ہوئی، دو افسران کے علاوہ ہائی کورٹ جج بھی اس کی شہادت دے سکتے ہیں۔

قومی سلامتی کمیٹی اجلاس کے حوالے سے وزیراعظم کے معاون خصوصی نے کہا کہ ملٹری تنصیبات پر حملے ہوں تو ٹرائل آرمی ایکٹ کے تحت ہی ہوں گے، غلط بیان اور اکسانے پر عمران خان کے خلاف بھی کارروائی ہوسکتی ہے، خان صاحب بہت اعتماد کا شکار نظر آرہے ہیں، وہ اب غلط وکٹ پر ہیں۔

عمران خان اور دیگر پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف جعلی مقدمات درج ہیں، شفقت محمود

اس موقع پر شفقت محمود نے کہا کہ املاک کا نقصان ہونے پر ہر پاکستانی کا دل دکھتا ہے، یہ بہت بڑا واقعہ ہے، لہٰذا اس کے لئے آزاد جوڈیشل انکوائری ہونی چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر یاسمین راشد اور عمران خان کی بہنیں کارکنان کو املاک کو نقصان پہنچانے سے روک بھی رہی تھیں، لبرٹی مارکیٹ سے کور کمانڈر ہاؤس کا راستہ چھ سے آٹھ کلومیٹر کے فاصلے پر ہے، اس وقت پولیس کیا کر رہی تھی۔

آرمی ایکٹ کے تحت مقدمات درج ہونے کے فیصلے پر شفقت محمود نے کہا کہ جلاؤ گیراؤ میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی ہونی چاہئے، لہٰذا آزادانہ تحقیقات ہوں تاکہ قوم کو معلوم ہوسکے۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا صرف سپریم کورٹ نہیں بلکہ تحریک انصاف کو ملک کا عدالتی نظام ریلیف اس لئے دے رہا ہے کیونکہ عمران خان، فواد چوہدری، شیریں مزاری سمیت دیگر پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف جعلی مقدمات درج ہیں۔

اشتعال انگیزی پھیلانے والے واٹس ایپ گروپس کی شناخت ہوگئی

شرپسند عناصرواٹس ایپ پیغامات کے ذریعے اکساتے رہے، پولیس ذرائع
شائع 16 مئ 2023 05:11pm

پولیس نے 9 مئی کو جناح ہاؤس اور دیگر املاک پر حملے کے اشتعال انگیز پیغامات کا تبادلہ کرنے والے واٹس ایپ گروپس کی شناخت کرلی۔

عمران خان کی گرفتاری کے بعد ملک بھر میں پرتشدد مظاہرے کرنے والے افراد کی گرفتاریوں کا عمل جاری ہے، اور اس حوالے سے سی سی ٹی فوٹیجز اور ویڈیو سے مدد لی جارہی ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق لاہور میں واقع جناح ہاؤس پر حملے کے لئے اشتعال انگیز پیغامات کا تبادلہ کرنے والے 159 واٹس ایپ گروپس کی شناخت کر لی گئی ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ شرپسند عناصرواٹس ایپ پیغامات کے ذریعے عوام کو حملوں پر اکساتے رہے، پولیس نے گروپس میں شامل نمبروں کے ریکارڈ اور رجسٹریشن کی جانچ شروع کر دی ہے۔

اثاثہ جات کیس: عثمان بزدارکوجواب جمع کرانےکی آخری مہلت

نیب نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب 18 مئی کو طلب کر لیا
شائع 16 مئ 2023 04:26pm

نیب لاہور نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو 18 مئی کو طلب کرلیا۔

نیب لاہور نے آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو اٹھارہ مئی کو طلب کرلیا ہے۔

نیب نے عثمان بزدارکو 30 سوالات پر مشتمل سوال نامہ دے رکھا ہے، لیکن ذرائع کا کہناہے کہ انہوں نے تاحال نیب میں جواب جمع نہیں کرایا۔

ذرائع کے مطابق نیب نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب کو 18 مئی تک جواب جمع کرانے کی آخری مہلت دی ہے۔

دوسری جانب عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ 20 اگست 2018 سے 16 اپریل 2022 تک وزیر اعلیٰ پنجاب کے عہدے پر رہا، اس دوران کوئی غیر قانونی کام نہیں کیا۔

واضح رہے کہ نیب لاہور نے عثمان بزدار کے خلاف مختلف محکموں سے اثاثوں کا ریکارڈ طلب کر رکھا ہے، نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ عثمان بزدار کے خلاف نیب لاہور کو 10 روب کے اثاثے کرپشن کے ذریعے بنانے کی شکایت موصول ہوئی جس پر ان کے خلاف انکوائری کا فیصلہ کیا گیا۔

اپنی فوج کیخلاف نہیں جاؤں گا، ایم این اے محمود مولوی کا تحریک انصاف چھوڑنے کا اعلان

9 مئی کو املاک جلانے پر احتجاجا پارٹی چھوڑنے کا فیصلہ کیا، محمود مولوی
اپ ڈیٹ 16 مئ 2023 07:09pm
فوٹو:اسکرین گریپ
فوٹو:اسکرین گریپ

تحریک انصاف کے رہنما محمود مولوی نے پارٹی اور قومی اسمبلی کی رکنیت چھوڑنے کا اعلان کردیا۔

تحریک انصاف کے ایم این اے محمود مولوی نے پارٹی سے الگ ہونے کا اعلان کردیا ہے، اس حوالے سے انہوں نے باضابطہ طور پر بیان جاری کیا ہے۔

محمود مولوی نے پارٹی اور قومی اسمبلی رکنیت سے استعفی دینے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اداروں اور اسٹیبلشمنٹ سے لڑائی کاحامی نہیں ہوں، میں اپنی فوج کےکبھی خلاف گیا اور نہ کبھی جاؤں گا۔

محمود مولوی کا کہنا تھا کہ 9 مئی کو املاک جلانے پر احتجاجا پارٹی چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے، میں نے ہمیشہ فرنٹ لائن پر ہی کھیلا ہے، مجھے کسی سے کوئی خوف نہیں ہے۔

سابق ایم این اے نے کہا کہ فوج کی یادگاروں کی توڑ پھوڑ سے ہم کیا پیغام دینا چاہتے ہیں، وہ کام کئے جارہے ہیں جو بھارت نہ کرسکا، میں سمجھا تھا کہ پی ٹی آئی سلجھی ہوئی جماعت ہے، یہ واقعہ دیکھنے کے بعد مجھے بہت افسوس ہوا۔

محمود مولوی نے بتایا کہ کچھ دوستوں نے کہا کہ خان صاحب کو کچھ ہوا تو جی ایچ کیو جائیں گے، میں نے کہا کہ آپ چاہتے ہیں کہ سول وار کی طرف جائیں، فوج سے لڑنا کہیں سے جائز نہیں ہے، فوج پر 100 چیزیں قربان، فوج ہے تو پاکستان ہے۔

محمود مولوی نے کہا کہ میں استعفی دیتا ہوں، میں کوئی فلاحی ادارہ یا نئی سیاسی جماعت بناؤں گا۔ اسمبلی میں اتنے ماہ سے کیا ہورہا ہے، عوام کی بات نہیں ہوتی، خوف میں رہوں گا تو مجھے جینے کا حق ہی نہیں۔

سابق ایم این اے کا مزید کہنا تھا کہ فوج سے لڑائی کی تجویز دینے والے پی ٹی آئی کے دشمن ہیں، پی ٹی آئی کے جو لوگ ملوث تھے انہیں سزائیں ملنی چاہئے، جو لوگ انہیں بھڑکانے والے ہیں انہیں بھی سزا ملے، تحریک انصاف کی قیادت اعلان کرے کہ ملزمان کو سزائیں دی جائیں، خان صاحب ہر چیز نہیں کرتے۔

اگر بروقت اصلاح نہ کی تو افراتفری و خونریزی ہوگی، علی زیدی

پارٹی سے علیحدگی کے حوالے سے علی زیدی نے ایک بیان میں کہا کہ صحیح وقت آئےگا تو بہت کچھ سامنے لاؤں گا اور بے نقاب کروں گا، اس وقت سب سے پہلے پاکستان ہے، جس بحران کا سامنا ہے وہ الیکشن سے بھی آگے ہے۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ ہمیں تباہ کرنے والے بدعنوان مجرموں کو سامنے لانا ہے، حالیہ آزمائش کے دوران میرے یقین کا امتحان لیا گیا۔

علی زیدی نے خبردار کیا کہ مشکل وقت کبھی نہیں رہتا، پی ٹی آٗئی چھوڑنے کی افواہیں پھیلائی جارہی ہیں، اگر بروقت اصلاح نہ کی تو افراتفری و خونریزی ہوگی۔

الیکشن کمیشن نے کوئٹہ میں ٹاؤنز کے الیکشن نہ ہونے کا نوٹس لے لیا

23 مئی کو چیف سیکرٹری بلوچستان کو طلب
شائع 16 مئ 2023 03:48pm
الیکشن کمیشن آف پاکستان
الیکشن کمیشن آف پاکستان

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے کوئٹہ میں ٹاؤنز کے الیکشن نہ ہونے کا نوٹس لے لیا۔

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیر صدارت اجلاس ہوا، اجلاس میں ممبران الیکشن کمیشن کے علاوہ کمیشن کے سینئر افسران نے شرکت کی۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ ضلع کوئٹہ وہ واحد ضلع ہے جس میں ابھی تک الیکشن کا انعقاد نہیں ہوسکا،وجہ حکومت بلوچستان کی طرف سے ٹاونز کی تشکیل نہ ہونا ہے، بلوچستان ہائیکورٹ نے اکتوبر 2022 کوئٹہ میں ٹاونز کی تشکیل کا نوٹیفکیشن جاری کرنے کا حکم دیا تاہم بلوچستان گورنمنٹ نے متعلقہ نوٹیفکیشن اوردیگر ضروری دستاویزات مہیا نہیں کیں، جس کے باعث کوئٹہ کی حلقہ بندی اور الیکشن کی تکمیل نہیں ہوسکی۔

الیکشن کمیشن نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے 23 مئی کو چیف سیکرٹری بلوچستان کو طلب کرلیا۔

الیکشن کمیشن کیس کی سماعت 23 مئی کو کرے گا۔

دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر پی ٹی آئی کارکنوں کیخلاف 3 مقدمات درج

لاہور میں مقدمات درج ہونے کا سلسلہ جاری
شائع 16 مئ 2023 03:43pm
فوٹو۔۔۔۔۔ رائٹرز
فوٹو۔۔۔۔۔ رائٹرز

لاہور میں دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر مقدمات درج ہونے کا سلسلہ جاری ہے۔ پولیس نے پی ٹی آئی کارکنوں کے خلاف 3 مقدمات درج کرلیے۔

پولیس کے مطابق دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرنے پر پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں کے خلاف 3 مقدمات درج کرلیے گئے ہیں۔

مقدمات جنوبی چھاؤنی، مصطفی آباد اور باغبانپورہ میں درج ہوئے ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کارکنوں نے سڑک بلاک کرکے دفعہ 144 کی خلاف ورزی کی، سڑک بلاک کرنے والے 4 کارکنوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

حکومت نے سرکاری وفوجی تنصیبات بچانے کی کوشش نہیں کی، پرویز الہٰی

پی ڈی ایم حکومت، فوج اور عوام میں جنگ کرانا چاہتی ہے، صدر پی ٹی آئی
شائع 16 مئ 2023 03:31pm
سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی
سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی

پاکستان تحریک انصاف کے صدر چوہدری پرویز الہٰی نے کہا ہے کہ عمران خان نے کبھی فوج اورعوام میں فاصلہ پیدا کرنے کی کوشش نہیں کی۔

سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الہٰی کا کہنا تھا کہ قومی اسمبلی میں ماما جی کی عدالت لگانے کا کوئی فائدہ نہیں، قومی اسمبلی میں نہ تو اپوزیشن ہے اور نہ ہی ممبران پورے ہیں۔

پرویز الہٰی کا کہنا تھا کہ کورکمانڈر ہاؤس پر حملے کے وقت آئی جی اور پنجاب پولیس کہاں تھی؟ اصل قصور وار محسن نقوی ہیں سزا تو ان کو ملنی چاہیئے، حکومت نے سرکاری اور فوجی تنصیبات کو بچانے کی کوشش نہیں کی، 9 مئی کے واقعات کی صاف اور شفاف انکوائری ہوئی توحکومت کا خفیہ ہاتھ بے نقاب ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان عوام کو ٹھنڈا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، شہباز شریف بدستور آگ بھڑکانے میں لگے ہوئے ہیں، پی ڈی ایم حکومت، فوج اور عوام میں جنگ کرانا چاہتی ہے۔

پی ٹی آئی کے مرکزی صدر نے کہا کہ سپریم کورٹ کے سامنے مسلح جتھوں کو جمع کر کے حکومت نے اپنا گھناؤنا چہرہ بے نقاب کر دیا، چیف جسٹس کی دانشمندی نے حکومتی منصوبہ ناکام بنا دیا، فضل الرحمان اور مریم نواز پر توہین عدالت لگائی جائے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پی ڈی ایم سپریم کورٹ کوآئین کی پاسداری سے نہیں روک سکتی، پنجاب میں بروقت الیکشن ہوجاتے تو حالات اس حدتک نہ پہنچتے۔

اگلی کال آئے تو پرامن طریقے سے سڑکوں پر نکلنا ہے، عمران خان کی کارکنان کو ہدایت

آزادانہ انکوائری ہوئی تو ثابت کروں گا کن کے پاس بندوقیں تھیں، عمران خان
اپ ڈیٹ 16 مئ 2023 06:02pm
فوٹو۔۔۔۔۔۔ رائٹرز
فوٹو۔۔۔۔۔۔ رائٹرز

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے اپنے خلاف 9 مئی کی سازش کی ایک اور کوشش بے نقاب کردی۔

سابق وزیراعظم عمران خان نے جوڈیشل کمپلیکس میں قاتلانہ حملے کی کوشش کے بعد ریکارڈ کی گئی ویڈیو جاری کردی۔ ویڈیو میں چیئرمین پی ٹی آئی کارکنان کو پولیس آپریشن کی آڑ میں اشتعال انگیزی سے متنبہ کر رہے ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ یہ ویڈیو 22 مارچ کو جوڈیشل کمپلیکس میں 18 تاریخ کو قتل کی کوشش کے بعد ریکارڈ کی تھی، میں نے پارٹی کارکنوں سے کہا کہ جو بھی اشتعال انگیزی ہو وہ صرف پرامن احتجاج کریں، جب بھی آزادانہ انکوائری ہوگی میں ثابت کروں گا کہ کن کے پاس بندوقیں تھیں، جنہوں نے آتشزدگی کی وہ مظاہرین کے درمیان بالکل ویسے ہی تھے جیسا میں نے اس ویڈیو میں بتایا۔

انہوں نے مزید کہا کہ اب میرے خلاف ایک نیا منصوبہ بنایا گیا ہے، آئی جی پنجاب و اسلام آباد اوران کے ہینڈلرز نے زمان پارک کے باہر آج یا کل آپریشن کرنا ہے، آئی جی پنجاب اور آئی جی اسلام آباد نے 2 اسکواڈ بنائے ہیں، ان کا مقصد ہمارے لوگوں میں انہیں شامل کر کے اپنے ہی پولیس والوں پر گولیاں چلوانی ہیں۔

ویڈیو میں عمران خان کا کہنا تھا کہ ہمارے کارکنان تعداد میں زیادہ ہوتے ہیں، منصوبہ بندی کے تحت یہ پولیس والے ہمارے کارکنان میں شامل ہوکر حملہ آور ہوں گے، وہ گولیاں چلائیں گے اور ماڈل ٹاؤن کی طرح قتل کریں گے، وہ اسی منصوبے کے تحت میرے گھرآکر مجھے مرتضیٰ بھٹو کی طرح قتل کریں گے۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ میں پنجاب پولیس کو بتانا چاہتا ہوں یہ لوگ آپ کے پانچ لوگ قتل کریں گے، وہ یہ بہانہ دیں گے کہ ان پر کارکنان کی جانب سے حملہ کیا گیا، میں نے تمام کارکنان کو پہلے بھی تنبہیہ کی اور آج بھی کر رہا ہوں، ہم نے کسی بھی قسم کے تصادم میں حصہ نہیں لینا، یہ لوگ جو مرضی کریں ہم نے کچھ نہیں کرنا۔

انہوں نے کہا کہ میرے اوپر کوئی کیس نہیں مجھے سب میں ضمانت مل چکی ہے، اگر پولیس کوئی نیا وارنٹ بھی لے آئے تو میرے پاس لایا جائے، اگران کی جانب سے کوئی منصوبہ بنایا گیا کہ مجھے جیل جانا پڑے تو میں تیار ہوں۔

عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ میں نہیں چاہتا میرے لوگوں کا قتل عام ہو، اپنے تمام کارکنان کو کہنا چاہتا ہوں آپ نے کسی قسم کے تصادم میں نہیں پڑنا، یہ سب ان کی منصوبہ بندی ہے، وہ ماڈل ٹاؤن اور مرتضیٰ بھٹو کی تاریخ دہرا کر میرا قتل کرنا چاہتے ہیں، پہلے انہوں نے میرے خلاف جتنے بھی منصوبے بنائے وہ ناکام ہوگئے اب یہ لوگ انتہا پسندی پر جاچکے ہیں۔

اگلی کال آئے تو پرامن طریقے سے سڑکوں پر نکلنا ہے، عمران خان کی کارکنان کو ہدایت

ایک ویڈیو بیان میں عمران خان نے کہا کہ جب چنگیز خان قتل و غارت کرتا تھا تو چند لوگوں کو زندہ چھوڑ دیتا تھا اور انکو کہتا تھا چاروں طرف دنیا کو بتاؤ کہ میں کتنا ظالم ہوں اور میری کتنی دہشت ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہاں بھی یہی ہو رہا ہے، لوگوں کے گھر توڑے جا رہے ہیں، عورتوں پر کبھی اس طرح کا ظلم نہیں ہوا جو اب ہو رہا ہے اور ظلم کی داستانیں ٹی وی، سوشل میڈیا پر چلائی جا رہی ہیں۔

پی ٹی آئی چیئرمین کا کہنا تھا کہ یہ آزادی لینے کا وقت ہے، حقیقی آزادی کے لئے ہمیں قربانیاں دینی پڑیں گی، تھوڑی سی پولیس ہے لیکن 23 کروڑ عوام ہے اور جب عوام فیصلہ کرلے کہ ہم کسی بھی قسم کا ظلم برداشت نہیں کریں گے اور الیکشن چاہتے ہیں تو ہم آزاد ہوجائیں گے۔

عمران خان نے کہا کہ جب بھی اگلی کال آئے تو آپ نے پرامن طریقے سے بغیر توڑ پھوڑ کیئے اپنے حقوق و آزادی کے لئے سڑکوں پر نکلنا ہے۔

قومی اسمبلی نے توہین پارلیمنٹ بل 2023 منظور کرلیا

توہین ثابت ہونے پر 6 ماہ قید اور 10 لاکھ روپے جرمانہ ہوگا
اپ ڈیٹ 16 مئ 2023 03:38pm
فوٹو۔۔۔۔۔ فائل قومی اسمبلی
فوٹو۔۔۔۔۔ فائل قومی اسمبلی

قومی اسمبلی نے توہین پارلیمنٹ بل 2023 منظور کرلیا ہے۔

اسپیکر راجہ پرویز اشرف کی زیر صدارت قومی اسمبلی کا اجلاس ہوا، رانا قاسم نون نے توہین پارلیمنٹ بل 2023 منظوری کے لیے ایوان میں پیش کیا۔

طویل عرصے سے زیر التوا توہین پارلیمنٹ بل قومی اسمبلی نے منظور کرلیا۔

بل کے تحت کسی بھی ادارے یا شخص کی جانب توہین کا معاملہ استحاق کمیٹی کے سامنے رکھا جائے گا، استحقاق کمیٹی 60 روز کے اندر اپنی سفارشات قومی اسمبلی اور سینٹ میں پیش کریں گی جبکہ کمیٹی سفارشات پر ایوان معاملہ توہین کمیٹی کے سپردکیا جائے۔

بل کے تحت تحقیر کمیٹی 5 ممبران پر مشتمل ہوگی، 3 ممبران قومی اسمبلی اور 2 سینیٹ سے ہوں گے۔ ایک ممبر اسپیکر قومی اسمبلی، 2 وزیراعظم اور اپوزیشن کے تجویز کردہ ہوں گے۔

سینیٹ سے قائد ایوان اور اپوزیشن لیڈر کے تجویز کردہ 2 ارکان بھی تحقیر کمیٹی کا حصہ ہوں گے۔

بل کے محرک رانا قاسم نون نے آج کے دن کو تاریخی قرار دے دیا۔

بل کے تحت کمیٹی کو سول جج کو سول جج کے اختیارات حاصل ہوں گے، کمیٹی کو کسی بھی ادارے شخص کیمٹی کے سامنے عدم پیشی پر سمن اور وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کا اختیار ہوگا جبکہ وارنٹ گرفتاری کی منظوری اسپیکر قومی اسمبلی اور چیئرمین سینیٹ سے لی جائے گی۔

ارکان پارلیمان نے توہین پارلیمنٹ بل کو ایوان کی تاریخی فتح قرار دیا۔

بل کے تحت پارلیمنٹ ، قومی اسمبلی، سینیٹ اور ارکین پارلیمنٹ کی توہین قابل سزا جرم ہوگا، سزا کے خلاف اپیل چیئرمین سینیٹ اور اسپیکر قومی اسمبلی کے سامنے دائر کی جائے گی۔

اسپیکر اور چیئرمین سینیٹ پر مشتمل 2 رکنی کمیٹی سزا کے خلاف اپیل سننے اور اس پرفیصلہ کرنے کے مجاز ہوں گے۔

بل کے تحت تحقیر کمیٹی کا کوئی دستاویز بطور ثبوت کسی عدالت میں پیش نہیں کیا جا سکے گا۔

توہین ثابت ہونے پر 6 ماہ قید اور 10 لاکھ روپے جرمانہ ہوگا۔ سزا پر ملزم 30 دن میں فیصلے کے خلاف اپیل دائر کرسکے گا۔

عمران خان کی پوری سیاست انتشار، فساد اور ملک دشمنی ہے، وزیراطلاعات

پی ٹی آئی کو پی ٹی وی حملہ کیس میں سزا مل جاتی تو ایسےواقعات نہ ہوتے، مریم اورنگزیب
شائع 16 مئ 2023 12:57pm

وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ عمران خان کی پوری سیاست انتشار، فساد اور ملک دشمنی ہے، اگر پی ٹی آئی کو پی ٹی وی حملہ کیس میں سزا مل جاتی تو ایسےواقعات نہ ہوتے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ مہنگائی کی اس صورتحال میں عوام کوریلیف دے رہے ہیں، مشکل حالات کے باوجود پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی ہوئی، ماضی میں آئی ایم ایف معاہدہ معطل کیا گیا۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ 9 مئی کے سانحے پر ہر دل اور آنکھ اشکبار ہے، اور ہر شخص اس ساںھے کی مذمت کر رہا ہے، اس روز ہونے والے واقعات کی منصوبہ بندی زمان پارک میں ہوئی، عمران خان وضاحت تو پیش کر رہے ہیں لیکن ان واقعات کی مذمت نہیں کی۔

وزیراطلاعات نے کہا کہ ڈی چوک پرپولیس والوں کےسر پھاڑے گئے، اور یہ شخص کہہ رہا ہے میری پوری سیاست پرامن ہے، ٹائیگر فورس کو بطور وزیراعظم آپ نے بیج لگا کر تیار کیا، آپ کی پوری سیاست انتشار، فساد اور ملک دشمنی ہے، پی ٹی آئی کوپی ٹی وی حملہ کیس میں سزامل جاتی تو آج ایسےواقعات نہ ہوتے۔

مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ عمران خان ملک میں انتشار پھیلا رہا ہے، آپ نے سیاسی مخالفین کو موت کی چکیوں میں بند کیا، گزشتہ روز شاہراہ دستور پرعوام نے پرامن احتجاج کیا ایک گملا تک نہیں ٹوٹا، اشتعال کے باوجودعوام نے ایوان صدر کا رخ نہیں کیا، کیوں کہ وہ عارف علوی کا گھر نہیں بلکہ پاکستان کے صدر کی رہائشگاہ ہے، اسے کہتے ہیں احتجاج، جب کہ صدر سیاسی کارکن کی طرح کام کررہے ہیں۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ عمران خان فارن فنڈڈ ایجنٹ اور فتنہ ہیں، جناح ہاؤس اور شہدا کی یادگار کو جلایا گیا، سب کچھ کرنے کے بعد کہتے ہیں یہ میں نے نہیں کیا، جب کہ پی ٹی آئی کے آفیشل اکاؤنٹس سے حملے کی ہدایات جاری ہوئیں، کیا آپ عوام کو بےوقوف سمجھتے ہیں، اس فتنہ،فساد اور سازش کوختم ہونا چاہئے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ لاہورکی اے ٹی سی نے آج عمران خان کو طلب کر رکھا تھا، عدالت میں پیش ہوکر آپ نے ثبوت پیش کیوں نہیں کئے، چیف جسٹس کہتے ہیں کہ میں سب کو “ گڈ ٹو سی یو“ کہتا ہوں، آپ نےعمران خان کی حوصلہ افزائی کی، آپ نےعسکری املاک پر حملہ آوروں کو“گڈ ٹو سی یو“کہا، کوئی مجرم عدالت آتا ہے تو کیا اسے گڈ ٹو سی یو کہنا ٹھیک ہے۔

9 مئی کے واقعات میں ملوث افراد کیخلاف آرمی ایکٹ کے تحت کارروائی کی منظوری

مقدمات کی تحقیقات کیلئے جےآئی ٹی تشکیل دینے کی بھی منظوری
شائع 16 مئ 2023 12:25pm

پنجاب حکومت نے 9 مئی کو فوجی تنصیبات اور املاک پر حملہ کرنے والوں کیخلاف آرمی ایکٹ کے تحت کارروائی کے فیصلے کی منظوری دے دی۔

لاہور میں نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت اجلاس ہوا، جس میں 9 مئی کے واقعات کے ذمہ داروں کیخلاف قانونی کارروائی کا جائزہ لیا گیا۔ اور بریفنگ میں بتایا گیا کہ 32 مقامات کی جیو فینسنگ کرکے ملزمان کو ٹریس کیا جارہا ہے۔

اجلاس میں فوجی تنصیبات اور املاک پر حملہ کرنے والوں کیخلاف آرمی ایکٹ کے تحت کارروائی کے فیصلے اور شرپسندوں کیخلاف مقدمات کیلئے جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم تشکیل دینے کی منظوری دے دی گئی۔

نگراں وزیراعلیٰ محسن نقوی نے 9 مئی کے واقعات میں ملوث افراد کی گرفتاری جلد از جلد یقینی بنانے کا حکم دیتے ہوئے واقعات کے اصل ذمہ داروں کی شناخت کیلئے سیکیورٹی اداروں کے باہمی اشتراک پر زور دیا۔

محسن نقوی نے ملزمان اور ان کے سہولت کاروں اورماسٹر مائنڈز تک پہنچنے کیلئے مؤثر میکانزم وضع کرنے کی ہدایت کی، اور کہا کہ تصاویراورویڈیوز میں چہرے سے شناخت کیلئے نادرا کے ڈیٹا بیس سے مدد لی جارہی ہے۔

نگراں وزیراعلیٰ نے گرفتار افراد پر الزامات کی تصدیق کیلئے فول پروف طریقہ کار اپنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پولیس حکام بے گناہ کی گرفتاری نہ ہونے کو یقینی بنانے کیلئے پروفیشنل طریقے سے کام کریں، اور تمام شرپسندوں کیخلاف قانونی کارروائی کو پیشہ ورانہ طریقے سے آگے بڑھایا جائے۔

انسداد دہشتگردی عدالت نے عمران خان کی 2 مقدمات میں عبوری ضمانت منظور کرلی

چیئرمین پی ٹی آئی کی پیشی سے استثنیٰ کی درخواست منظور
اپ ڈیٹ 16 مئ 2023 01:46pm
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔ اے ایف پی
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔ اے ایف پی

لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے سابق وزیر اعظم عمران خان کی 2 مقدمات میں پیشی سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرتے ہوئے عبوری ضمانت میں 19 مئی تک توسیع کردی۔

انسداد دہشت گردی کی کے جج اعجاز احمد بٹر نے عمران خان کے خلاف زمان پارک اور کینال روڈ پر جلاؤ گھیراؤ کے 2 مقدمات میں ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کی تو عبوری ضمانت کی معیاد ختم ہونے پر چیئرمین پی ٹی آئی عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔

سابق وزیر اعظم کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر نے بتایا کہ امن و امان کی صورت حال اور پی ڈی ایم کے احتجاج کی وجہ سے صورت حال معمول کے مطابق نہیں ہے، سیکیورٹی کی وجہ سے عمران خان کا پیش ہونا درست نہیں ہے۔

بیرسٹر سلمان صفدر نے نشاندہی کی کہ پہلے بھی وزرائے اعظم پر قاتلانہ حملے ہوچکے ہیں، اسلام آباد ہائیکورٹ میں بھی 2 مقدمات کی ضمانتیں تھی اور عدالت نے عمران خان کی پیشی سے استثنیٰ کی درخواست منظور کر لی۔

وکیل نے بتایا کہ پی ڈی ایم کا احتجاج بھی ہے تصادم کا خطرہ ہے۔

انسداد دہشت گردی عدالت کے جج نے استفسار کیا کہ زمان پارک سے لے کر عدالت کے راستے تک کہاں پر احتجاج ہو رہا ہے۔

بیرسٹر سلمان صفدر نے نشاندہی کی کہ ہر دوسرے روز عدالتوں میں پیش ہو رہے ہیں۔

عدالت نے باور کرایا کہ جب تک آپ کے پاس ضمانت ہے تب تک تو آپ گرفتار نہیں ہوسکتے۔

انسداد دہشت گردی عدالت نے عمران خان کو پیشی سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرتے ہوئے 18 مئی تک عبوری ضمانت منظور کرلی۔

عمران خان کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ 18 مئی کو اسلام آباد مقدمات کی پیشی ہے، کچھ دن مزید بڑھا دیے جائیں جس پر عدالت نے عبوری ضمانت میں 19 مئی تک توسیع کر دی۔

اس سے قبل لاہور ہائیکورٹ نے بھی چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف 9 مٸی کے بعد درج مقدمات کی تفصیلات فراہمی سے متعلق کیس پر فیصلہ محفوظ کرلیا ہے۔

عمران خان کےاغواء پر پُرامن احتجاج فطری نتیجہ تھا،پی ٹی آئی کا کورکمانڈر اعلامیے پر ردعمل

پرتشدد واقعات سوچے سمجھے منصوبے کے احساس کو درست سمت میں پیشرفت سمجھتے ہیں، پی ٹی آئی
شائع 16 مئ 2023 12:14pm

کمانڈر کانفرنس کے اعلامیے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے تحریک انصاف کا کہنا ہے کہ عمران خان کےاغوا پر پرامن احتجاج ایک فطری نتیجہ تھا، احتجاج کے بنیادی جمہوری حق کا ضامن آئینِ تھا۔

گزشتہ روز کور کمانڈر کانفرنس کے بعد جاری اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ فوجی تنصیبات پر حملے سوچے سمجھے منصوبے کے تحت کیے گئے اور یہ کہ مسلح افواج حملوں کے منصوبہ سازوں، اکسانے والوں اور حوصلہ افزائی کرانے والوں سے بخوبی وقف ہے۔

آئی ایس پی آر اعلامیے پر تحریک انصاف کا ردِعمل سامنے آیا ہے، پی ٹی آئی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کورکمانڈرزکانفرنس کے اعلامیے کونہایت اہمیت کا حامل سمجتے ہیں ، تشدد و انتشارکے واقعات میں سوچے سمجھے منصوبے کے احساس کو درست سمت میں پیشرفت سمجھتے ہیں۔

تحریک انصاف کا کہنا ہے کہ بعض سرکاری عمارات، عسکری املاک اور سینکڑوں شہری انتشار کی زد میں آئے، بطوربڑی جماعت سمجھتے ہیں دستورِ ہماری انفرادی و اجتماعی رہنمائی کا وسیلہ ہے، پیچیدہ بحرانی صورتِ حال کا حل اسی عمرانی معاہدے میں پوشیدہ ہے۔

تحریک انصاف نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ عمران خان کے اغواء کے نتیجے میں پرامن احتجاج ایک فطری نتیجہ تھا، پرامن احتجاج کے بنیادی جمہوری حق کا ضامن آئینِ تھا۔

شیریں مزاری اور فلک ناز چترالی رہائی کے فوری بعد اڈیالہ جیل کے باہر سے گرفتار

پولیس اہلکا دونوں پی ٹی آئی رہنماؤں کو گرفتار کرکے نامعلوم مقام کی جانب روانہ
اپ ڈیٹ 16 مئ 2023 06:54pm
فوٹو — فائل
فوٹو — فائل

رہنما پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) شیریں مزاری اور فلک ناز چترالی کو رہائی ملتے ہی دوبارہ گرفتار کرلیا گیا۔

پولیس اہلکا دونوں پی ٹی آئی رہنماؤں کو گرفتار کرکے نامعلوم مقام کی جانب روانہ ہوگئے ہیں۔

پی ٹی آئی نے ایک ٹویٹ میں لکھا کہ اسلام باد ہائی کورٹ کے رہائی کے حکم کے باوجود شیریں مزاری اورسینیٹر فلک ناز چترالی کو اڈیالہ جیل کے باہر سے حراست میں لینا انتہائی شرمناک ہے۔

واضح رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے شیریں مزاری کی حراست کے حکم کو کالعدم قرار دیتے ہوئے انہیں فوری طور پر رہا کرنے کا حکم دیا تھا۔

عدالت نے ریمارکس دیے کہ جو ریکارڈ آپ نے پیش کیا ہے اس میں تو کچھ بھی نہیں۔

دوسری جانب اسلام آباد ہائیکورٹ نے سینیٹر فلک ناز کو بھی فوری رہا کرنے کا حکم دیا تھا۔

جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے دلائل سننے کے بعد پی ٹی آئی رہنماؤں کی رہائی کا فیصلہ سنایا تھا۔

عمران خان کو ”گڈ ٹو سی یو“ کہنے پر چیف جسٹس کی وضاحت

آپ کو دیکھ کر خوشی ہوئی، چیف جسٹس کا اصغر سبزواری سے مکالمہ
اپ ڈیٹ 16 مئ 2023 01:17pm

چیف جسٹس عمرعطا بندیال نے عمران خان کو گڈ ٹو سی یو کہنے پر ہونے والی تنقید کی وضاحت کردی۔

سپریم کورٹ کے چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے 12 مئی کو القادر ٹرسٹ کیس میں عمران خان کی گرفتاری کے خلاف درخواست پرسماعت کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی کو دیکھ کر کہا تھا کہ آپ کو دیکھ کر خوشی ہوئی، جس پرچیف جسٹس آف پاکستان کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔

چیف جسٹس عمرعطا بندیال نے ایک بارپھراپنے اس جملے کو دہرایا اور ایک سول مقدمے میں سماعت کے دوران وکیل اصغرسبزواری سے مکالمہ کرتے ہوئے چیف جسٹس نے کہا کہ اپ کو دیکھ کر خوشی ہوئی، ایک وقت کے بعد آپ میری عدالت آئے ہیں، آپ کو دیکھ کرخوشی ہوئی۔

چیف جسٹس نے وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ آپ کو دیکھ کر خوشی ہوئی میں ہرکسی کو کہتا ہوں، مجھے گڈ ٹو سی یو کہنے پر تنقید کا نشانہ بنایا گیا، لیکن میں ہر ایک کو احترام دیتا ہوں، ادب واخلاق تو سب کیلئے ضروری ہے اس کے بغیر تو مزہ ہی نہیں۔

حکومتی وکیل سے مکالمے میں بھی “ گڈ ٹو سی یو“ پر وضاحت

نیب ترمیمی بل کے خلاف کیس میں وفاقی حکومت کے وکیل مخدوم علی خان ذریعہ ویڈیو لنک پیش ہوئے۔ جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ آپ ہم سے بہت دور ہیں۔

مخدوم علی خان نے کہا کہ حالات ہی ایسے تھے کہ یقین نہیں تھا عدالت پہنچ سکوں گا، آج کل تو سوشل میڈیا بھی نہیں چل رہا کہ معلومات مل سکیں۔

چیف جسٹس نے اس پر بھی کہا کہ سوشل میڈیا پر تو“ گڈ ٹو سی یو“ بھی غلط انداز میں چلایا گیا۔

یاسمین راشد سانس کی تکلیف کے باعث سروسز اسپتال منتقل

یاسمین راشد کے معمول کے ٹیسٹ کئے گئے، اسپتال انتظامیہ
شائع 16 مئ 2023 11:41am

پی ٹی آئی رہنما یاسمین راشد کو سانس کی تکلیف کے باعث پولیس لائن سے سروسز اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

تحریک انصاف کی رہنما یاسمین راشد کو سانس کی تکلیف کے باعث پولیس لائن سے سروسز اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

اسپتال انتظامیہ کے مطابق یاسمین راشد کو وی آئی پی روم بلاک سی میں منتقل کیا گیا ہے، انہیں سانس کی دشواری کے باعث دوبارہ بائی پائپ لگایا گیا۔

اسپتال انتظامیہ نے بتایا کہ یاسمین راشد کے معمول کے ٹیسٹ کئے گئے، اور رپورٹ نارمل ہے، سٹی اسکین رپورٹ بھی تسلی بخش ہیں تاہم علاج کی ضرورت ہے، اس لئے ان کو ڈاکٹرز کے علاوہ کسی سے ملنے کی اجازت نہیں۔

یاسمین راشد کے خلاف مقدمات

واضح رہے کہ تحریک انصاف کی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد لاہور پولیس کو تین مقدمات میں مطلوب ہیں اور ان کے خلاف تھانہ سرور روڈ، گلبرگ اور تھانہ شادمان میں مقدمات درج ہیں، تینوں مقدمات میں دہشتگردی سمیت دیگر سنگین دفعات شامل ہیں۔

گرشتہ روز ڈاکٹریاسمین راشد کو تھانہ سرورروڑ پولیس نے انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش کیا اور عدالت کو بتایا کہ یاسمین راشد اوردیگرپر جناح ہاؤس کو نذر آتش کرنے کا الزام ہے۔

عدالت نے ریمارکس دیئے کہ یاسمین راشد کی فٹنس رپورٹ بنوا کرلائیں گے تو آپ کو کسٹڈی ملے گی۔ عدالت نے فٹنس رپورٹ کیساتھ یاسمین راشد کو کل دوبارہ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

توہین الیکشن کمیشن کیس: عمران خان 23 مئی کو ذاتی حیثیت میں طلب

کیس پر عمران خان کے اعتراضات ہیں تو پہلی فرصت میں سنیں گے، کمیشن
شائع 16 مئ 2023 11:39am

الیکشن کمیشن نے توہین الیکشن کمیشن کیس سابق وزیراعظم عمران خان کو 23 مئی کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔ الیکشن کمیشن نے کہا کہ کیس پر عمران خان کے اعتراضات ہیں تو پہلی فرصت میں سنیں گے، آپ لوگ اس کارروائی کو بہت ہلکا لے رہے ہیں۔

عمران خان، فواد چوہدری، اسد عمر کے خلاف توہین الیکشن کمیشن کیس کی سماعت الیکشن کمیشن میں ہوئی۔

وکیل انور منصور نے اسد عمر کی گرفتاری سے متعلق بتاتے ہوئے کہا کہ سندھ ہائیکورٹ سے الیکشن کمیشن کے وکیل نے التواء مانگ لیا تھا۔

معاون وکیل نے مؤقف اپنایا کہ عمران خان کے آج مقدمات اسلام آباد اور لاہور ہائیکورٹس میں ہیں۔

ممبر خیبرپختونخوا جسٹس اکرام خان نے کہا کہ آپ نے گزشتہ سماعت پر بھی وکالت نامہ نہیں جمع کرایا تھا، بغیر وکالت نامہ آپ کا مؤقف نہیں سن سکتے۔

ممبر سندھ نثار درانی نے کہاکہ آپ لوگ اس کارروائی کو بہت ہلکا لے رہے ہیں۔

الیکشن کمیشن نے کہا کہ لاہور ہائیکورٹ نے عمران خان کے وارنٹ معطل کرکے پیش ہونے کا حکم دیا تھا، کیس پر عمران خان کے اعتراضات ہیں تو پہلی فرصت میں سنیں گے۔

ممبر بلوچستان نے کہا کہ عمران خان کو طلبی کا حکم دیا گیا تھا وہ کہاں ہیں؟۔

معاون وکیل نے بتایا کہ عمران خان کے وکیل آ کر دلائل دیں گے۔

الیکشن کمیشن نے ہدایت کی کہ فیصل چوہدری سے رابطہ کرکے آگاہ کریں وہ کب آئیں گے۔

ممبر الیکشن کمیشن نے کہا کہ فواد چوہدری گرفتار ہیں اس لیے ان کی حد تک پیش نہ ہونا ٹھیک ہے، جو درخواستیں دی گئی ہیں ان پر تو دلائل دیں تاکہ نمٹائی جا سکیں، اسد عمر کے اعتراضات پر تو دلائل دیں ہائیکورٹ نے کارروائی سے تو نہیں روکا۔

وکیل انور منصور نے مؤقف اپنایا کہ سندھ ہائیکورٹ میں سماعت مکمل ہونے دیں،جو اعتراضات کمیشن میں اٹھائے ہیں وہی ہائی کورٹ میں زیر سماعت ہیں۔

ممبر نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے گزشتہ سماعت پر بھی آخری موقع دیا تھا، کیوں نہ عمران خان کے قابل ضمانت وارنٹ جاری کر دیں؟۔

الیکشن کمیشن نے عمران خان کو 23 مئی کو ذاتی حیثیت میں طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔

عدالت نے عمران خان کی 9 مئی کے بعد درج مقدمات کیخلاف درخواست لارجربینچ کو بھجوا دی

الیکٹرونک میڈیا کے ضابطہ اخلاق کی کاپی پٹیشن کے ہمراہ لف کرنے کی ہدایت
اپ ڈیٹ 16 مئ 2023 05:31pm

لاہور ہائیکوٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی 9 مئی کے بعد درج مقدمات کے خلاف درخواست پر محفوظ فیصلہ سنا دیا۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس صفدر سلیم شاہد نے عمران خان کے خلاف 9 مٸی یا اس کے بعد درج مقدمات کی تفصیلات کی فراہمی سے متعلق کیس کی سماعت کی۔

عمران خان کے وکیل سلمان صفدر نے کہا کہ عمران خان کہتے ہیں کہ انہیں باہر کے حالات کاعلم نہیں تھا، وہ کہتے ہیں کہ انہیں ایک کمرے میں بند کیا گیا تھا، ہم تو یہاں ضمانت کے لیے نہیں آٸے، ہم یہاں بنیادی حقوق کے تحفظ کےلیے آٸے ہیں، چاہتے ہیں یہ عدالت گرفتاری سے روکے، جب تک مقدمات کا علم نہ ہو گرفتار نہ کریں۔

سرکاری وکیل نے کہا کہ یہ نہیں ہوسکتا کہ ملزم ایک ضمانت کے لیے جاٸے اور سب میں ہوجاٸے، عدالت عمران خان کی درخواست مسترد کرے۔

بعدازاں عدالت نے عمران خان کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔ اور شام کو جسٹس صفدر سلیم شاہد نے محفوظ فیصلہ سنا دیا۔

عدالت نے کیس لارجر بنیچ کو بھجوا دیا۔ اور مؤقف دیا کہ اس نوعیت کی درخواستوں کی سماعت لارجربینچ کررہاہے، اس درخواست پر بھی سماعت لارجر بینچ ہی کرے۔

اس سے قبل درخواست میں آئی جی پنجاب اور ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کو فریق بنایا گیا۔

درخواست میں 9 مئی کو اور اس کے بعد درج مقدمات کی تفصیلات کی فراہمی اور گرفتار نہ کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔

درخواست میں عمران خان نے کہا کہ پنجاب حکومت کی جانب سے گرفتاری کا خدشہ ہے، پنجاب حکومت کی جانب سے متعدد مقدمات میں نامزد کیا گیا ہے، پنجاب حکومت سیاسی انتقام کا نشانہ بنا رہی ہے، 9 مئی کے واقعات کے بعد مقدمات درج کیے گئے ہیں۔

عمران خان کے وکیل نے کہا کہ عمران خان ضمانت کے حصول کے لیے اسلام آباد ہائیکورٹ پیش ہوئے، ان کو القادر ٹرسٹ کیس میں گرفتار کیا گیا، عمران خان کی گرفتاری کو اسلام آباد ہائیکورٹ نے قانونی قرار دیا، اسلام آباد ہائیکورٹ کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کیا گیا۔

وکیل نے مزید کہا کہ عمران خان کی گرفتاری سے ملک بھر میں بہت نقصان ہوا، عمران خان لاہور میں درج مقدمات میں ضمانت حاصل کر چکے ہیں، خفیہ اور چھپائی گئی ایف آئی آرز کی تفصیلات فراہم کی جائیں۔

الیکٹرونک میڈیا کے ضابطہ اخلاق کی کاپی پٹیشن کے ہمراہ لف کرنے کی ہدایت

دوسری جانب لاہور ہائیکورٹ نے الیکٹرونک میڈیا کے ضابطہ اخلاق کی کاپی پٹیشن کے ہمراہ لف کرنے کی ہدایت کردی۔

عدالتی حکم کے باوجود عمران خان کی تقاریر پر پابندی کے خلاف درخواست کی لاہور ہائیکورٹ میں سماعت۔ عدالت نے الیکٹرونک میڈیا کےضابطہ اخلاق کی کاپی پٹیشن کے ہمراہ لف کرنے کی ہدایت کردی ہے۔ مزید جانتے ہیں آج نیوز کے نمائندے طارق خان سے۔۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شمس محمود مرزا عدالتی حکم کے باوجود عمران خان کی تقاریر پر پابندی کے خلاف درخواست کی سماعت کی۔

عمران خان کے وکیل بیرسٹر احمد پنسوتہ نے دلائل دیتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ سیاسی جماعتوں کو برابری کے اصول پر ائر ٹائم ملنا قانونی تقاضا ہے، لاہور ہاٸیکورٹ نے عمران خان کی تقاریر نشر کرنے پر پابندی کا نوٹیفیکشن معطل کردیا تھا، عدالت نے پیمرا کو ہدایت کی کہ تقاریر نشر کرنے پر کوٸی پابندی نہ لگاٸی جاٸے۔

وکیل عمران خان نے کہا کہ عدالتی احکامات کے باوجود عمران خان کی تقاریر نشر کئے جانے سے روکا جا رہا ہے، عدالتی حکم کی خلاف ورزی توہین عدالت ہے۔

وکیل بیرسٹر احمد پنسوتہ استدعا کی کہ عدالت تقاریر کی نشریات پرعائد پابندی ختم کرنے کے عدالتی فیصلے پر عملدرآمد کرائے، عدالت ذمہ دار افسران کیخلاف توہین عدالت کی کاررواٸی کرے۔

عدالت نے الیکٹرونک میڈیا کے ضابطہ اخلاق کی کاپی پٹیشن کےہمراہ لف کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کیس کی سماعت 27 مئی تک ملتوی کردی۔

ظل شاہ قتل کیس: پی ٹی آئی کے6 رہنماؤں کی عبوری ضمانت خارج

عمران خان بھی پیش نہ ہوئے تو ان کی بھی عبوری ضمانت خارج ہوجائے گی، تفتیشی افسر
شائع 16 مئ 2023 10:26am

انسداد دہشتگردی عدالت نے ظل شاہ قتل اور جلاؤ گھیراؤ کیس میں تحریک انصاف کے 5 رہنماؤں کی ضمانت خارج کردی۔

لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت میں ظل شاہ قتل اور جلاؤگھیراؤ کیس میں پی ٹی آئی کے6 رہنماؤں کی عبوری ضمانت کی درخواست پر سماعت ہوئی۔

انسداددہشت گردی عدالت کے جج اعجاز احمد بٹر نے سماعت کی۔ تاہم پی ٹی آئی رہنما عدالت پیش نہیں ہوئے۔

عدالت نے 2 مقدمات میں پی ٹی آئی کے 5 رہنماؤں کی عبوری ضمانت خارج کردی۔ جن رہنماؤں کی ضمانت خارج کی گئی ان میں فواد چوہدری، حماد اظہر، فرخ حبیب، اعجاز چوہدری، عمر ایوب اور میاں محمود الرشید شامل ہیں۔

پولیس حکام کے مطابق عمران خان اور دیگر کیخلاف تھانہ ریس کورس میں مقدمات درج ہیں۔ عمران خان آج انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش ہونگے، عدالت نے انہیں 11 بجے تک پیش ہونے کا حکم دیا ہے اور اگر وہ پیش نہ ہونے پر ان کی بھی عبوری ضمانت خارج ہو سکتی ہے۔

تفتیشی افسر کے مطابق عمران خان کی پیشی کے پیش نظر انسداد دہشت گردی عدالت میں پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے۔