بانی پی ٹی آئی نے گنڈا پور اور بیرسٹر سیف کو اسٹیبلشمنٹ سے مذاکرات کا ٹاسک دے دیا
وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی اڈیالہ جیل میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین عمران خان سے اڈیالہ جیل میں طویل ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔ بانی پی ٹی آئی نے علی امین گنڈا پور اور بیرسٹر سیف کو اسٹیبلشمنٹ سے مذاکرات کا ٹاسک دے دیا۔
ذرائع کے مطابق وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور اور مشیر اطلاعات کے پی بیرسٹر سیف کی بانی پی ٹی آئی سے اڈیالہ جیل میں طویل ملاقات کا محور اسٹیبلشمنٹ سے مذاکرات تھا۔
بانی پی ٹی آئی نے علی امین گنڈاپور پر مکمل اعتماد کا اظہارکرتے ہوئے انہیں اور بیرسٹر سیف کو اسٹیبلشمنٹ سے بات کرنے کا ٹاسک دے دیا۔ عمران خان نے گنڈاپور کو خیبرپختونخوا حکومت اپنے طریقے سے چلانے کا بھی سگنل دیا۔
ذرائع نے بتایا کہ وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور، بیرسٹر سیف کے ہمراہ بانی پی ٹی آئی سے اڈیالہ جیل راولپنڈی میں ملاقات کانفرنس روم میں تقریبا اڑھائی گھنٹے تک جاری رہی۔
ذرائع کے مطابق گنڈا پوراور بیرسٹر سیف ملاقات کے دوران بانی پی ٹی آئی کو مذاکرات کے لئے قائل کرنے میں کامیاب ہوگئے۔ جس کے بعد عمران خان نے گنڈا پور اور بیرسٹر سیف کو اسٹیبلشمنٹ سے مذاکرات کا ٹاسک دے دیا۔
ملاقات کے دوران بانی چیئرمین نے علی امین خان گنڈاپور پر مکمل اعتماد کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت میرے سب سے بااعتماد اور مجاہد کارکن کے پاس ہے۔
عمران خان نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت اس وقت ریاست مدینہ کے طرز پر خدمات و سہولیات فراہم کررہی ہے، انتشاری ٹولہ چاہے اندر ہوں یا باہر کسی بھی صورت کامیاب نہیں ہوگا۔
بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ نہیں، بلکہ مذاکرات کے موقف کی مکمل تائید کی۔ ملاقات میں افغان باشندوں کی باعزت واپسی کے فیصلے پر بھی بانی چیئرمین کو اعتماد میں لیا گیا۔ عمران خان نے کہا اسپیکر بابر سلیم سواتی کا معاملہ خیبر پختونخوا کا اندرونی معاملہ ہے، علی امین حتمی فیصلہ خود کریں۔
ذرائع نے بتایا کہ اڈیالہ جیل میں طویل ملاقات کے دوران بانی پی ٹی آئی نے گنڈا پور اوربیرسٹر سیف کو اسٹیبلشنٹ سے مذاکرات کا ٹاسک دے دیا اور ہدایت کی کہ کسی پیشرفت تک مذاکرات خفیہ رکھے جائیں۔
قبل ازیں وزیر اعلیٰ خیبرپختونخواعلی امین گنڈاپور کی اڈیالہ جیل میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین عمران خان سے ملاقات ہوئی، جس میں حکومتی امور، پارٹی رہنماؤں کے اختلافات اور کرپشن کی شکایات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
بدھ کے روز پی ٹی آئی کے بانی چیئرمین عمران خان سے ملاقات کے لیے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور اور مشیر اطلاعات کے پی بیرسٹر سیف اڈیالہ جیل پہنچے۔
جیل ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کے لیے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور گیٹ نمبر 5 سے اڈیالہ جیل میں داخل ہوئے، عمران خان اور علی امین گنڈا پور کی ملاقات کانفرنس روم میں ہوئی۔
ذرائع کے مطابق علی امین گنڈاپور کی آج کی ملاقات گزشتہ روز کی گئی اعظم سواتی کی ملاقات کا تسلسل ہے۔
ذرائع کے مطابق گزشتہ روز اعظم سواتی خصوصی پیغام لے کر اڈیالہ جیل گئے تھے۔ گزشتہ روز بانی پی ٹی آئی عمران خان نے اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی سے مستعفی ہونے کا پیغام دیا تھا۔
Comments are closed on this story.