Aaj News

ہفتہ, مارچ 29, 2025  
28 Ramadan 1446  

فضل الرحمان کی قطر میں حماس رہنماؤں سے ملاقاتیں، ہر قسم کے تعاون کی یقین دہانی

اسرائیل جنگی مجرم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزی کر رہا ہے، فضل الرحمان کی خالد مشعل سے گفتگو
شائع 25 فروری 2025 08:09pm

جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے قطر میں حماس رہنماؤں سے اہم ملاقاتیں کیں، جس میں مولانا نے ہر قسم کے تعاون کی یقین دہانی کروائی اور کہا کہ اسرائیل جنگی مجرم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔

ترجمان جمعیت علمائے اسلام اسلم غوری کے مطابق سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمان کی دورہ قطر میں حماس رہنماؤں سے اہم ملاقاتیں جاری ہیں اور اس سلسلے میں حماس کے سابق سربراہ ڈاکٹر خالد مشعل سے ملاقات ہوئی۔

ترجمان جے یو آئی نے بتایا کہ مولانا فضل الرحمان نے حماس رہنماؤں کو پاکستانی عوام کے جذبات سے آگاہ کیا اور کہا کہ پاکستانی عوام کے دل اپنے فلسطینی بھائیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔

مولانا فضل الرحمان نے شہدا کی تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی اور کہا کہ اسرائیل جنگی مجرم اور بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔

حماس کے سابق سربراہ ڈاکٹر خالد مشعل نے کہا کہ فلسطینی مسلمان اپنے مسلمان بھائیوں کی امداد کے منتظر ہیں، فلسطینی مسلمانوں کو دوائیوں، خیموں اور راشن کی اشد ضرورت ہے۔

اس موقع پر مولانا فضل الرحمان کی جانب سے ہر قسم کے تعاون کی یقین دہانی کروائی گئی اور مولانا نے اپیل کی کہ جمعیت علمائے اسلام کے کارکن اور پاکستانی عوام مشکل وقت میں فلسطینی بھائیوں کے ساتھ تعاون کریں۔

اس سے قبل مولانا فضل الرحمان نے حماس کی مرکزی مجلس شوری کے سربراہ ابو عمر سے ملاقات کی تھی اور ملاقات میں علامہ راشد محمود سومرو، مفتی ابرار احمد اور حماس رہنما ڈاکٹر ظہیر ناجی بھی موجود تھے۔

Israel

Palestine

Fazal ur Rehman

qatar

JUIF

Molana Fazal ur Rehman

Hamas

Maulana Fazal ur Rehman

jamiat ulema e islam