Aaj News

جمعہ, اپريل 18, 2025  
19 Shawwal 1446  

پی ٹی آئی چیمپئنز ٹرافی کے دوران احتجاج نہیں کرے گی، سلمان اکرم راجہ

ہمیں کیوں دیوار سے لگایا جارہا ہے؟ مصطفیٰ کمال کی پروگرام 'روبرو' میں گفتگو
اپ ڈیٹ 02 فروری 2025 10:07pm

پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے واضح کیا ہے کہ پی ٹی آئی چیمپئنز ٹرافی کے دوران ایسا احتجاج نہیں کرے گی جس سے بڑے ایونٹ میں خلل پیدا ہو۔

آج ٹی وی کے پروگرام ’روبرو‘ کے میزبان شوکت پراچہ سے گفتگو کرتے ہوئے سلمان اکرم راجہ نے تمام قیاس آرائیاں مسترد کرتے ہوئے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی میں کوئی خلل نہیں ڈالیں گے، ہمارا ایسا کوئی ارادہ نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے سچ کی جانب بڑھنے کی کوشش کی، 9 مئی اور26 نومبرکے حوالے سے کمیشن بنانے کا مطالبہ کیا، تاہم موجودہ نظام میں سچائی کی جانب بڑھنے کی خواہش نہیں۔

سلمان اکرم نے کہا کہ موجودہ نظام دھونس اورجبر کی بنیاد پر چلایا جارہا ہے، ہم حق سچ کی آواز بلند کرتے رہیں گے، یہ جبر سے ہماری آواز دبانا چاہتے ہیں۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ حکومت مذاکرات میں بات ڈالنے کی کوشش کر رہی تھی، ہم پارلیمان کے وجود پرآواز اٹھاتے ہیں تو کمیٹی کے سامنے کیسے بیٹھیں؟

ان کا کہنا تھا کہ حکمرانوں سے نظام نہیں چلا رہا، عوام حکمرانوں کو ماننے کیلئے تیار نہیں، یہ کب تک حملے کریں گے اور لوگوں کو اٹھائیں گے؟

سلمان اکرم راجا نے کہا کہ 8 فروری کو ہم صوابی میں جلسہ کریں گے، جلسے میں اپنی آواز بلند کریں گے، ن لیگ اور پی پی کو چھوڑ کر تمام جمہوری قوتوں کے پاس جائیں گے، ہم تمام جماعتوں سے مل کر بڑا اتحاد بنائیں گے۔

متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے مرکزی رہنما اور رکن قومی اسمبلی سید مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ میں کراچی میں رہتا ہوں، میں کراچی شہر کیلئے ہروقت حاضر ہیں، شہر کی بہتری کیلئے ہرطرح کے تعاون کیلئے تیارہوں، مجھے کوئی اعتراض نہیں ہے۔

مصطفیٰ کمال نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ نے تاجروں سے دھمکی آمیز انداز میں گفتگو کی، تاجروں نے رشوت سے متعلق اپنا مؤقف بیان کیا تھا، انہوں نے بدامنی کا معاملہ بھی اٹھایا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ کیا میئر کراچی کے بیان پر بلاول ہاؤس پر کھڑا ہوجاؤں؟ ہمارے پاس 22 نشستیں ہیں، پیپلز پارٹی کو ملیں تو اس کو فائدہ ہوگا، ہمیں کیوں دیوارسے لگایا جارہا ہے؟

گورنر خیبر پختوںخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے حالات ٹھیک نہیں ہیں، پاک فوج کے جوان ملک کیلئے قربانیاں دے رہے ہیں، خیبر پختونخوا میں حکومتی رٹ نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ خیبر پختوںخوا اور بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز اور پولیس کے جوان ہمارے لئے شہید ہورہے ہیں، اپنی جانوں کے نذرانے دے رہے ہیں، ملک کے امن اور مستبقل کے لئے ہمیں ان کو سپورٹ کرنے کی ضرورت ہے۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ کیا پی ٹی آئی والے احتجاج کے نام پر اپنے صوبے کی شاہراہیں بند کر رہے ہیں؟ شاہراہیں بند کرنے سے وفاق کو کیا نقصان ہوگا؟

گورنر خیبر پختوںخوا نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی سزا پرکوئی احتجاج نہیں کیا گیا، لگتا ہے پی ٹی آئی کو بانی کی سزا پر خوشی ہوئی ہے، پی ٹی آئی والے خوشی کا اظہارکررہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں کسی نے سائیکل کا ٹائر بھی نہیں جلایا، احتجاج ہر کسی کا جمہوری حق ہے، پی ٹی آئی نے بانی کی سزا پر کوئی احتجاج نہیں کیا۔

انہوں نے کہا کہ ملک کو معاشی استحکام کی ضرورت ہے، ہمیں ملکی استحکام کے لئے کام کرنا ہے، وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا ڈمی ہیں۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ کسی کی خواہش پر کسی جج کی تعیناتی نہیں ہوتی ہے، صدر مملکت نے آئینی اختیاراستعمال کرکے ججز لگائے ہیں۔

AAJ NEWS

mustafa kamal

TV Show

PTI jalsa

pti leaders

Faisal Karim Kundi

aaj Tv

salman akram raja

pti talks