Aaj News

جمعہ, مئ 02, 2025  
04 Dhul-Qadah 1446  

سوشل میڈیا ایپ ’ایکس‘ پر پابندی کیخلاف درخواست سماعت کیلئے مقرر

چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس عامر فاروق 6 فروری 2025 کو درخواست پر سماعت کریں گے
شائع 10 دسمبر 2024 02:47pm

اسلام آباد ہائیکورٹ میں سوشل میڈیا ایپ ’ایکس‘ پر پابندی کے خلاف درخواست سماعت کے لیے مقرر ہوگئی۔

سوشل میڈیا ایپ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر پابندی کے خلاف درخواست پر سماعت اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق 6 فروری 2025 کو کریں گے۔

ایکس پر پابندی کے خلاف درخواست پر آخری سماعت 17 اپریل 2024 کو ہوئی تھی، 2 مئی اور 11 جون کو ایکس کی بندش کے خلاف کیس مقرر ہوا لیکن سماعت نہ ہو سکی تھی۔

بعدازاں 22 نومبر کو کیس جلد سماعت کے لیے مقرر کرنے کی متفرق درخواست منظور کی گئی۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس عامر فاروق نے کیس موسمِ سرما کی چھٹیوں کے بعد مقرر کرنے کی ہدایت کی، اسلام آباد ہائیکورٹ کے رجسٹرار آفس نے کیس 6 فروری 2025 کو سماعت کیلئے مقرر کر دیا۔

ایکس کی بندش کیخلاف لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر

دوسری جانب سوشل میڈیا ایپ ایکس کی بندش کے خلاف لاہور ہائیکورٹ میں بھی درخواست دائر کر دی گئی۔

صحافی شاکر اعوان نے اظہر صدیق ایڈوکیٹ کی وساطت سے متفرق درخواست لاہور ہائیکورٹ میں دائر کی۔

درخواست میں مؤقف اپنایا گیا کہ سوشل میڈیا ایپس آزادی اظہار رائے اور معلومات کے لیے بہت اہم ہیں، سوشل میڈیا ایپس پر پابندی آزادی اظہار رائے کے خلاف ہے۔

درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی کہ ٹوئٹر ایکس سمیت دیگر سوشل میڈیا ایپس پر پابندی ختم کی جائے۔

واضح رہے کہ کئی ماہ گزر جانے کے باوجود پاکستان بھر میں مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ایکس سابقہ (ٹوئٹر) کی سروس بحال نہیں ہوسکی ہے۔

پاکستان بھر میں 17 فروری سے ایکس کی سروس معطل ہے اور گزشتہ مہینوں کے دوران متعدد بار اس کی سروس کو جزوی طور پر بحال کیا گیا لیکن مکمل طور پر اسے آپریشنل نہ کیا جا سکا۔

ملک بھر میں انٹرنیٹ اسپیڈ کی بہتری کیلئے درخواست دائر

ادھر ملک بھر میں انٹرنیٹ کی اسپیڈ کی بہتری کے لیے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی۔

جوڈیشل ایکٹیوزم پینل کی جانب سے متفرق درخواست دائر کی گئی، جس میں مؤقف اپنایا گیا کہ ورلڈ پاپولیشن ریویو کے مطابق، پاکستان انٹرنیٹ کی سپیڈ کے حوالے سے دنیا میں 198 ویں نمبر پر ہے، اس کم سپید سے پاکستانیوں کو پیش آنے والے مسائل کا اندازہ کیا جا سکتا ہے۔

درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت متعلقہ حکام کو انٹرنیٹ کی سپیڈ بہتر بنانے کا حکم جاری کرے، عدالت وی پی این پر پابندی ختم کرنے کا حکم جاری کرے۔

Islamabad High Court

Lahore High Court

X Twitter

Internet Speed

Internet slow

social media app