Aaj News

بدھ, نومبر 27, 2024  
24 Jumada Al-Awwal 1446  
لائیو

علی امین گنڈاپور، بشریٰ بی بی اور عمر ایوب اسلام آباد سے مانسہرہ پہنچ گئے

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا آج 11 بجے ہنگامی پریس کانفرنس کریں گے
شائع 27 نومبر 2024 11:06am
فوٹو۔۔۔۔۔۔ رائٹرز
فوٹو۔۔۔۔۔۔ رائٹرز

اسلام آباد میں رینجرز اور پولیس کے آپریشن کے نتیجے میں احتجاج ختم ہونے کے بعد وزیر اعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور، پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی اور اپوزیشن لیڈر عمر ایوب اسلام آباد سے مانسہرہ پہنچ گئے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈا پور، بشریٰ بی بی اور عمر ایوب خان اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی کی رہائش گاہ پر موجود ہیں۔

علی امین گنڈا پور، بشریٰ بی بی اور عمر ایوب پی ٹی آئی سیکرٹریٹ مانسہرہ میں دن 11 بجے ہنگامی پریس کانفرنس کریں گے، جس میں احتجاج کے دوران شہید اور زخمی کارکنوں کی مذمت اور آئندہ کے لائحہ عمل کے متعلق بات چیت کریں گے۔

خیبر پختونخوا اور پنجاب کو ملانے والا اٹک پل دوبارہ بند

دوسری جانب پی ٹی آئی رہنماؤں اور کارکنوں کی گرفتاری کے لیے خیبر پختونخوا اور پنجاب کو ملانے والے اٹک پل کو دوبارہ بند کردیا گیا ہے۔

اٹک خورد کے مقام پر روڈ بلاک کرنے کے لیے کنٹینر دوبارہ لگا دیے گئے جبکہ خیبر پختونخوا اور پنجاب ملانے والی رابطہ پل پر پولیس کی بھاری نفری دوبارہ تعینات کردی گئی ہے، اس سے قبل اٹک پل کو بڑی گاڑیوں کی آمدورفت کے لیے کھول دیا گیا تھا۔

پی ٹی آئی قائدین کے کنٹینر کو آگ لگا دی گئی، بلیو ایریا خالی کرا لیا گیا، گنڈاپور اور بشریٰ بی بی غائب

یاد رہے کہ تحریک انصاف کے احتجاج کے باعث مظاہرین کے خلاف اسلام آباد کے بلیو ایریا میں گرینڈ آپریشن کیا گیا، وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور اور بشریٰ بی بی موقع سے فرار ہوگئے، اطلاعات کے مطابق دونوں ڈی چوک ایریا سے اکھٹے فرار ہُوئے۔

ذرائع کے مطابق بشریٰ بی بی اورعلی امین گنڈا پور کیسے اور کدھر فرار ہُوئے، حتمی طور پر کچھ نہیں کہا جا سکتا۔

بلیو ایریا میں گرینڈ آپریشن میں رینجرز، اے ٹی ایس کمانڈوز اور پنجاب پولیس شامل تھی، گرینڈ آپریشن میں ڈیڑھ ہزار کے قریب پنجاب اور اسلام آباد پولیس کے اہلکاروں نے حصہ لیا۔

خیبر چوک اور کلثوم پلازہ کے درمیان آپریشن کے دوران پولیس نے تمام ہٹائے گئے کنٹینرز کو واپس نصب کر دیا، تحریک انصاف کے مرکزی کنٹینر کو آگ لگ گئی، تحریک انصاف کے 450 سے زائد کارکنوں کو بھی حراست میں لے لیا گیا۔

دوسری طرف رینجرز اور اسلام آباد پولیس نے بلیو ایریا پی ٹی آئی کارکنوں سے خالی کروا لیا، سکیورٹی ذرائع کے مطابق بلیو ایریا اس وقت مکمل طور پر کلیئر کروا لیا گیا ہے۔

مظاہرین اسلام آباد بلیو ایریا سے فرار، اپنی قیمتی گاڑیوں اور سامان کو بھی چھوڑ گئے، مظاہرین رینجرز کے کلین اپ پروگرام کی تاب نہ لا سکے اور فرار ہوگئے، بھاگنے والے مظاہرین کی گاڑیوں کا رخ پشاور موٹروے کی طرف تھا۔

پاکستان تحریک انصاف کا اسلام آباد میں احتجاج منسوخ کرنے کا اعلان

مظاہرین نے بھاگتے ہوئے اپنی گاڑیوں کو بھی ایک دوسرے کے ساتھ ٹکرا یا،اسلام آباد بلیو ایریا میں مظاہرین کی قیمتی گاڑیاں اور ان کا سامان ان کی روداد سنا رہے ہیں، پی ٹی آئی کی لیڈرشپ غائب ہونے پرغریب کارکنان کی گرفتاری کا عمل جاری ہے۔

Mansehra

Ali Ameen gandapur

Ali Amin Gandapur

bushra bibi

PTI protest

Pakistan Tehreek Insaf (PTI)

Protest Call

Imran Khan Bushra Bibi

PTI March Call

24th November PTI March