Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

سپریم کورٹ ججز کی تعداد 34 کرنے اور پریکٹس اینڈ پروسیجر ترمیم کے بل دونوں ایوانوں سے منظور

بلز کی منظوری کے دوران اپوزیشن ارکان اسپیکر کے ڈائس کے سامنے جمع ہوگئے، اپوزیشن نے شدید شور شرابہ کیا اور بل کی کاپیاں پھاڑ دیں
اپ ڈیٹ 04 نومبر 2024 09:14pm
🔴 Live: National Assembly session on judges bill - Latest Pakistan News - Aaj News

قومی اسمبلی اور سینیٹ میں سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر ترمیمی بل 2024 اور ججز کی تعداد میں اضافے کے حوالے سے بل منظور کرلئے گئے ہیں۔ جس کے بعد سپریم کورٹ کے ججز کی تعداد 34 جبکہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے ججز کی تعداد بڑھا کر 12 ہوگی۔

اسپیکر ایاز صادق کی زیر صدارت قومی اسمبلی اجلاس دو گھنٹے 40 منٹ تاخیر سے شروع ہوا، جس میں سب سے پہلے معمول کی کارروائی معطل کرنے کی تحریک منظور کی گئی۔

اس کے بعد وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر امینڈمنٹ آرڈیننس اور ججز کی تعداد بڑھانے کا بل قومی اسمبلی میں پیش کیا۔

اس دوران اپوزیش کی جانب سے خوب شور شرابہ اور شدید نعرے بازی کی گئی۔

جس پر اسپیکر نے اپوزیشن کے ارکان کو اپنی نشستوں پر بیٹھنے کی ہدایت کی، لیکن اپوزیشن کی جانب سے ایوان میں چور آیا چور آیا کے نعرے جاری رہے۔

وزیر قانون نے کہا کہ اپوزیشن کو صرف ایک سبق پڑھایا گیا ہے، انہوں نے دوسرا سبق تو پڑھا ہی نہیں، اگر انہوں نے بات کرنی ہے تو پہلے میری بات سنیں۔

وزیر قانون نے بتایا کہ عدالتوں میں ہزاروں کیسز زیرالتوا ہیں، ابھی ہمارے پاس 16 ججز ہیں، ہمیں ججز کی تعداد بڑھانے کی ضرورت ہے، اس لئے ججز کی تعداد 34 تک بڑھائی جارہی ہے۔

سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر ترمیمی بل 2024 کی شق وار منظوری کے دوران اپوزیشن ارکان اسپیکر کے ڈائس کے سامنے جمع ہوگئے، اپوزیشن نے شدید شور شرابہ کیا اور بل کی کاپیاں پھاڑ دیں۔

قومی اسمبلی میں اسلام آباد ہائیکورٹ ترمیمی بل بھی پیش کیا گیا۔

وزیر قانون نے بتایا کہ بل کے ذریعے اسلام آباد ہائیکورٹ کے ججز کی تعداد 9 سے بڑھ کر 12 ہو جائے گی۔

اس کے علاوہ آرمی ایکٹ 1952 میں ترمیم کا بل بھی منظور کیا گیا، پاکستان ائیر فورس ایکٹ 1962 اور پاکستان نیوی ایکٹ 1953 میں ترمیم کا بل بھی منظور کیا گیا۔

پاک افواج کے قوانین کے حوالے سے ترمیمی بل وزیر دفاع خواجہ آصف نے پیش کئے۔

بلز سینیٹ سے بھی منظور

قومی اسمبلی اجلاس کے فوراً بعد سینیٹ کا اجلاس شروع ہوا، جس میں سپریم کورٹ ججز کی تعداد میں اضافے کا ترمیمی بل 2024 پیش اور منظور کیا گیا۔

سینیٹ اجلاس میں بھی اپوزیشن ارکان کی جانب سے نامنظور نامنظور کے نعرے لگائے گئے۔ اپوزیشن ارکان نے بل کی کاپیاں پھاڑ دی۔

سینیٹ میں سپریم کورٹ ججز کی تعداد میں اضافے کا ترمیمی بل بھی منظور کرلیا گیا۔

قومی اسمبلی سے منظورشدہ اسلام آباد ہاٸی کورٹ ترمیمی بل 2024 سینیٹ سے بھی منظور کرلیا گیا۔

legislation

اسلام آباد

National Assembly

senate

Senate of Pakistan

Practice and Procedure Amendment Ordinance 2024

Supreme Court Amendment Practice and Procedure Ordinance

Practice and Procedure Amendment