Aaj News

جمعرات, نومبر 21, 2024  
18 Jumada Al-Awwal 1446  

بلاول بھٹو کی وزیراعظم سے ملاقات، 27ویں ترمیم لانے پر اتفاق

27ویں ترمیم پر مولانا فضل الرحمان، ایم کیو ایم اور دیگر جماعتوں کو اعتماد میں لیا جائے گا
اپ ڈیٹ 27 اکتوبر 2024 07:49pm
PM Shehbaz Sharif and Bilawal Bhutto Zardari have agreed to bring the 27th amendment - Aaj News

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات ہوئی ہے، جس میں ستائیسویں ترمیم لانے پر اتفاق کیا گیا اور جمہوریت اور پارلیمنٹ کی مضبوطی کے لیے مل کر چلنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کے لیے لاہور میں ان کی رہائش گاہ ماڈل ٹاؤن پہنچے، گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر اور سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف بھی بلاول بھٹو کے ہمراہ تھے۔

مسلم لیگ ن کے رہنما اعظم نذیر تارڑ ،رانا ثناء اللہ اور سردار ایاز صادق بھی ماڈل ٹاؤن پہنچ گے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اور بلاول بھٹو کی ملاقات میں 27ویں آئینی ترمیم لانے پر اتفاق کیا گیا۔ اور اس کیلئے مولانا فضل الرحمان، ایم کیو ایم اور دیگر جماعتوں کو اعتماد میں لیے جانے پر بات کی گئی۔

ذرائع کے مطابق دونوں رہنماؤں نے اتفاق کیا کہ 27ویں ترمیم میں صوبوں کے حقوق کے حوالے سے دیکھا جائے گا، مولانا فضل الرحمان، ایم کیوایم اور دیگر جماعتوں کو اعتماد میں لیا جائے گا۔

ستائیسویں آئینی ترمیم پر جمیعت علماء اسلام (ف) کے سربراہ کو پیشگی آن بورڈ لیا جائے گا، نئے چیف جسٹس کی طرف سے سنیارٹی لسٹ اپ ڈیٹ کرنے اور فل کورٹ اجلاس بلانے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

چیف جسٹس یحیٰی آفریدی کا منصب سنبھالتے ہی پہلا بڑا فیصلہ

آج کی ملاقات میں 26ویں ترمیم کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعظم سے ملاقات میں 26 ویں آئینی ترمیم کی منظوری کو تاریخی قرار دیا ہے۔

ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ جمہوریت اور پارلیمنٹ کی مضبوطی کے لیے مل کر چلیں گے، غیر جمہوری طاقتوں کا راستہ روکنے کے لیے چھبیسویں آئینی ترمیم کارگر ثابت ہوگی۔

اس موقع پر شہبازشریف نے کہا کہ 26 ویں آئینی ترمیم کی منظوری کا کریڈٹ تمام اتحادی جماعتوں کو جاتا ہے، پہلے بھی عوامی خدمت سے پیچھے نہیں ہٹے اور نہ ہی اب پیچھے ہٹیں گے، ملکی معاشی اعشاریہ مثبت ہونے سے مہنگائی میں واضح کمی ہوتی نظر آ رہی ہے۔

واضح رہے کہ کچھ روز قبل حکومت قومی اسمبلی اور سینیٹ سے 26ویں آئینی ترمیم بھی منظور کروا چکی ہے۔

PMLN

Bilawal Bhutto

lahore

PPP

amendments

PM Shehbaz Sharif

Constitutional amendment

26th amendment

BILAWAL ZARDARI

27th Constitutional Amendment