Aaj News

اتوار, اکتوبر 06, 2024  
02 Rabi Al-Akhar 1446  

علی امین گنڈاپور دوسرے روز بھی غائب، خیبرپختونخوا اسمبلی کا ہنگامی اجلاس طلب

پی ٹی آئی پشاور نے آج خیبرپختونخوا اسمبلی کے سامنے 3 بجے احتجاج کا اعلان بھی کردیا
اپ ڈیٹ 06 اکتوبر 2024 11:29am

وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور کی مبینہ گمشدگی کے معاملے پر خیبرپختونخوا اسمبلی کا ہنگامی اجلاس آج طلب کر لیا گیا۔

گزشتہ روز سے وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور پر اسرار طور پر غائب ہے اور کسی کا کوئی رابطہ نہیں ہورہا جس کے بعد خیبرپختونخوا اسمبلی کا ہنگامی اجلاس آج دوپہر 2 بجے طلب کیا گیا ہے، اس حوالے سے اسمبلی سیکرٹریٹ نے اجلاس طلب کرنے کا مراسلہ جاری کردیا۔

ایجنڈے کے مطابق اجلاس میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے اغوا ہونے کے معاملے پر بحث کی جائے گی جبکہ کے پی ہاؤس میں خواتین اور بچوں کے ساتھ بدتمیزی کے معاملے کو زیر بحث لایا جائے گا۔

اس کے علاوہ اجلاس میں خیبرپختونخوا ہاؤس کی املاک کو نقصان پہنچانے اور قبضہ کرنے پر بھی بحث ہوگی جبکہ اسلام آباد پولیس کی جانب سے تشدد پر بھی بحث ہوگی۔

گنڈا پور اسلام آباد کیسے پہنچے، کے پی ہاؤس میں قیام کیوں؟ ڈی چوک پر کارکنوں کا احتجاج ریکارڈ

مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر سیف کا کہنا ہے کہ موجودہ سیاسی صورتحال پر اسمبلی اجلاس بلایا گیا ہے۔

پی ٹی آئی پشاور کا آج خیبرپختونخوا اسمبلی کے سامنے احتجاج کا اعلان

دوسری جانب وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کی پر اسرار گمشدگی پر پی ٹی آئی پشاور نے آج خیبرپختونخوا اسمبلی کے سامنے 3 بجے احتجاج کا اعلان کردیا۔

پی ٹی آئی پشاور صدر عرفان سلیم کہتے ہیں کہ وزیراعلی علی امین گنڈا پور کی پرُاسرار جبری اغوائیگی عوام کی توہین ہے۔

دوسرا روز ہوگیا، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا تاحال کوئی پتا نہ چل سکا

دوسری جانب علی امین گنڈا پور کے لاپتہ ہوئے دوسرا روز ہوگیا تاہم وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا تاحال کوئی پتہ نہ چل سکا۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سے متعلق متضاد اطلاعات گردش کرنے لگیں جبکہ سرکاری ذرائع نے گرفتاری کی تردید کردی۔

علی امین اس وقت کہاں ہیں، ٹیلی فون پر بھی رابطہ نہیں ہورہا، بیرسٹر سیف

قبل ازیں بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ ہمیں کوئی علم نہیں ہے کہ وزیراعلیٰ علی امین اس وقت کہاں ہیں، صبح 8 بجے علی امین سے سیٹلائٹ فون پر بات ہوئی تھی، ٹیلی فون پر بھی رابطہ نہیں ہورہا۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا کا مزید کہنا تھا کہ جس وقت رینجرز اہلکار کے پی ہاؤس میں آئے اس وقت وزیراعلیٰ اسٹاف کے ہمراہ تھے، وزیر اعلیٰ سے ٹیلی فون پر رابطہ نہیں ہورہا، علی امین کو گرفتار کرنا توہین عدالت ہوگی، پشاور ہائیکورٹ نے انہیں ضمانت دی ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کے احتجاج کے پیش نظر دارالحکومت اسلام آباد اور راولپنڈی کے راستوں اور موبائل فون سروسز کی بندش کی وجہ سے جڑواں شہروں میں معمولات زندگی ٹھپ ہو کر رہ گئے ہیں۔

خیبر پختونخوا

KPK Assembly

Ali Ameen gandapur

Ali Amin Gandapur

PTI protest

Pakistan Tehreek Insaf (PTI)

4th October D Chowk Protest

Ali Amin Gandapur Arrested