Aaj News

بدھ, دسمبر 25, 2024  
22 Jumada Al-Akhirah 1446  

اسلام آباد سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا

بارش کے باعث متعدد فیڈر ٹرپ کرنے سے بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی
اپ ڈیٹ 23 جولائ 2024 12:59pm

وفاقی دارالحکومت سمیت لاہور اور پنجاب کے مختلف شہروں میں گرج چمک کے ساتھ کہیں ہلکی اور کہیں موسلادھار بارش ہوئی جس کے بعد گرمی کا زور ٹوٹ گیا جبکہ بارش کے باعث متعدد فیڈر ٹرپ کرنے سے بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔

پنجاب میں مون سون کا چوتھا اسپیل جاری ہے، صوبے کے مختلف شہروں میں ٹھنڈی ہواؤں اور آسمان پر چھائے کالے بادل برسے تو کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش نے موسم خوشگوار بنادیا۔

لاہور میں علی الصبح بارش کے بعد شہریوں کے گرمی سے مرجھائے چہرے خوشی سے کھل اٹھے جبکہ ایبٹ روڈ، مال روڈ، لکشمی چوک، انار کلی بازار، شالیمار، گڑھی شاہو، مال روڈ، کینال روڈ، ہربنس پورہ، ساندہ، قرطبہ چوک، وارث روڈ ، اسلامپورہ و گردو نواح میں بادل برسے، بارش کے دوران لاہور کے کئی علاقوں میں بجلی کی سپلائی بھی متاثر ہوئی۔

اس کے علاوہ پنجاب کے مختلف شہروں میں شکرگڑھ ، گجرات، کامونکی اور شیخوپورہ میں بادل جم کر برسے جبکہ ملکہ کوہسار مری بھی تیز ہواؤں کے ساتھ بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا۔

سندھ، بلوچستان اور پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارش، حادثات میں 19 افراد جاں بحق

ٹھنڈی ہواؤں کے ساتھ بارش نے گرمی کی چھٹی کردی، بارش کے باعث متعدد فیڈر ٹرپ کرنے سے بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔

لاہور کے علاوہ مری، جہلم، مریدکے، گوجرانوالہ، اٹک، وزیر آباد سمیت پنجاب کے متعدد شہروں میں بھی ہلکی اور تیز بارش ہوئی جس سے موسم خوشگوار ہو گیا، شدید بارش کے بعد سڑکیں ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگیں۔

لاہور میں 50 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی اور لیسکو کے 200 سے زائد فیڈرز بھی ٹرپ کر گئے۔

اس کے علاوہ منڈی بہاؤالدین میں 98، گوجرانوالہ 82، سیالکوٹ 104، گجرات 52 اور نارووال میں 42 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

این ڈی ایم اے نے بارش کی وجہ سے اگلے 3 دن کے دوران پنجاب کے اضلاع نارووال اور سیالکوٹ میں ہائی لیول فلیش فلڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا ہے، جموں کے بالائی علاقوں میں بارشوں کے باعث نارووال اور سیالکوٹ کے ندی نالوں میں سیلاب آ سکتا ہے۔

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق نالہ ایک، دائیک اور پلکھو میں شدید طغیانی سے ملحقہ علاقے زیر آب آنے کا خدشہ ہے، فلیش فلڈنگ سے ذرائع آمدو رفت میں خلل، عمارتوں، فصلوں اور مویشوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔

این ڈی ایم اے الرٹ کے مطابق صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز اور مقامی انتظامیہ کو چوکس رہنے کی ہدایت کی گئی ہے اور کہا گیا ہے کہ خطرے سے دو چار آبادی کی حفاظت کے لیے مناسب اقدامات کیے جائیں۔

جڑواں شہروں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش

دوسری جانب جڑواں شہروں راولپنڈی، اسلام آباد اور گردونواح میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش ہوئی جبکہ واسا راولپنڈی نے ہائی الرٹ جاری کردیا۔

جڑواں شہروں میں بارش کے بعد موسم خوشگوار گرمی کی شدت میں کمی آگئی، بارش سے جڑواں شہروں کا درجہ حرارت 25 ڈگری تک آگیا، بارش سے گزشتہ کئی روز سے جاری شدید حبس ختم ہوگئی۔

کراچی کے مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش، اعداد وشمار جاری

راولپنڈی اور اسلام آباد میں 35 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، واسا حکام کے مطابق راولپنڈی میں بارشوں کے پیش نظر ہائی الرٹ جاری کردیا ہے۔

ایم ڈی واسا نے بتایا کہ نشیبی علاقوں میں نکاسی آب کیلئے عملہ تعینات ہے، نالہ لئی میں طغیانی کے پیش نظر انتظامات مکمل ہیں، نالہ لئی میں کٹاریاں اور گوالمنڈی کے مقام پر پانی کی سطح 5 فٹ ہے۔مون سون بارشوں کے موجودہ اسپیل کے پیش نظر صورت حال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔

پنجاب کے مختلف اضلاع میں بارشوں کا الرٹ جاری

ادھر صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے لاہور سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں آج سے 25 جولائی تک بارشوں کا الرٹ جاری کر دیا۔

ڈان نیوز کے مطابق ترجمان پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ 25جولائی تک پنجاب بھر میں مون سون بارشوں کا اسپیل جاری رہنے کی توقع ہے۔

مزید کہنا تھا کہ گوجرانولہ، گجرات، سیالکوٹ، حافظ آباد، جہلم، لاہور، منڈی بہا الدین اور سیالکوٹ میں بارشوں کا امکان ہے۔

مون سون بارشیں، پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کر دیا

ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق 23 سے 24 جولائی کے دوران جنوبی پنجاب کے بیشتر اضلاع میں آندھی اور تیز بارش کے امکانات ہیں، جس کے نتیجے میں گرمی اور حبس کی شدت میں کمی ہو گی۔

ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے کا کہنا تھا کہ بڑے شہروں کی انتظامیہ الرٹ رہے اور پیشگی انتظامات مکمل کریں۔

اسلام آباد

lahore

punjab

Rain

heavy rains

rainy weather

Punjab rain

Rain prediction

HEAVY RAINS EXPECTED