Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

نواز شریف کے سابق پولیٹیکل سیکرٹری آصف کرمانی کا ن لیگ چھوڑنے کا اعلان

خوشامدی ٹولا سب اچھا ہے کی گردان کر رہا ہے، نواز شریف صاحب سب اچھا نہیں ہے، آصف کرمانی
اپ ڈیٹ 21 جولائ 2024 08:56pm

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیراعظم نواز شریف کے سابق پولیٹیکل سیکرٹری اور قریبی ساتھی آصف کرمانی نے پارٹی چھوڑنے کا اعلان کردیا۔

مسلم لیگ (ن) سے علیحدگی اختیار کرنے کے بعد اپنے ایک بیان میں آصف کرمانی کا کہنا تھا کہ وہ کافی عرصے سے خود کو مسلم لیگ ن کے سیاسی معاملات سے علیحدہ کرچکے تھے، ابھی باقاعدہ علیحدگی کا اعلان کیا ہے۔

آصف کرمانی کا مزید کہنا تھا کہ عوام مہنگائی اور بجلی کے بلوں سے مر رہے ہیں، خوشامدی ٹولہ سب اچھا کی گردان کر رہا ہے اور نواز شریف بے خبر ہیں۔

سابق وفاقی وزیر شفقت محمود نے سیاست چھوڑنے کا اعلان کردیا

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو ان حالات سے متعلق آگاہ کرنے کی کوشش کی لیکن خوشامدی ٹولے کی وجہ سے ممکن نہیں ہوسکا۔

آصف کرمانی کا کہنا تھا کہ خوشامدی ٹولہ تو یہی کہہ رہا ہے کہ سب اچھا ہے لیکن نواز شریف صاحب! سب اچھا نہیں ہے۔

انہوں نے اس حوالے سے کہا ہے کہ جلد اپنا ایک تفصیلی بیان جاری کروں گا اور آگاہ کروں گا کہ پارٹی کو چھوڑنے کی وجہ کیا ہے۔

واضح رہے کہ آصف کرمانی کو سابق وزیر اعظم نواز نے 2013 میں اپنے دور حکومت میں اپنا پولیٹیکل سیکرٹری مقرر کیا تھا، وہ سابق وزیر اعظم کے قریبی ساتھی سمجھے جاتے تھے اور 2013 میں پارٹی کے اقتدار میں آنے سے پہلے مسلم لیگ ن کی انتخابی مہم کے دوران انہوں نے فعال کردار ادا کیا تھا۔

PMLN

Nawaz Sharif

lahore

asif kirmani

PAKISTAN MUSLIM LEAGUE (PMLN)

ex political secretary