Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

9 مئی مقدمات: عمران خان کی بہنوں کی عبوری ضمانت میں توسیع

عمران خان کی بہنیں کمرہ عدالت میں مسرت جمشید چیمہ پر برس پڑیں
شائع 22 فروری 2024 02:12pm

لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے پاکستان تحریک انصاف کے سابق چیئرمین عمران خان کی بہنوں کی عبوری ضمانت میں 16 مارچ تک توسیع کردی۔

انسداد دہشت گردی عدالت لاہور میں سابق وزیراعظم عمران خان کی بہنوں علیمہ خان اور عظمیٰ خان کے خلاف 9 مئی مقدمات کی سماعت ہوئی، جج ارشد جاوید نے کیس پر سماعت کی۔

عدالت نے مسلم لیگ (ن) ہاؤس حملہ سمیت 9 مئی کے دیگر مقدمات میں عمران خان کی بہنوں علیمہ خان اور عظمیٰ خان کی عبوری ضمانت میں 16 مارچ تک توسیع کا حکم دے دیا۔

واضح رہے کہ سابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی دونوں بہنوں کے خلاف تھانہ ماڈل ٹاؤن اور نصیر آباد میں مقدمات درج ہیں۔

عمران خان کی بہنیں کمرہ عدالت میں مسرت جمشید چیمہ پر برس پڑیں

پاکستان تحریک انصاف کے سابق چیئرمین عمران خان کی بہنیں انسداد دہشت گردی عدالت میں پارٹی رہنما مسرت جمشید چیمہ پر برس پڑیں۔

مسرت جمشید چیمہ نے درج مقدمات اور روپوش ہونے کے دوران تکالیف سے آگاہ کیا لیکن عظمیٰ خان اور علیمہ خان نے مسرت جمشید چیمہ کو ڈانٹ پلا دی۔

علیمہ خان نے کہا کہ جب میرے بھائی کو ضرورت تھی تو آپ لوگ چھپے ہوئے تھے اور جب پارٹی پر مشکل وقت تھا تو آپ نے پریس کانفرنس کی، جب بانی پی ٹی آئی کو ضرورت تھی تب آپ مشکل وقت میں ساتھ چھوڑ گئیں۔

انہوں نے کہا کہ آپ بانی پی ٹی آئی کی سب سے قریب ترین تصور کی جاتیں تھیں اور آج آپ مجھے مجبوریاں سنا رہی ہیں، سیاستدان تو جیل کے بغیر نامکمل تصور کیے جاتے ہیں۔

پاکستان تحریک انصاف کی رہنما مسرت جمشید چیمہ، علیمہ خان اور عظمیٰ خان کی باتیں سن کر خاموش ہوگئی۔

مریم نواز لوگوں کے ووٹوں پر ڈاکا ڈال کر یہاں بیٹھی ہیں، علیمہ خان

بعدازاں انسداد دہشت گردی عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہا کہ مقدمات کے مطابق عدالتیں تبدیل کردی ہیں، سیف کھوکھر اندر بیٹھے ہیں اپنے گارڈز کے ساتھ، یہ سارا نظام انہیں کا ہے، نہ آپ کیس چلاتے ہیں نہ آپ انصاف دیتے ہیں۔

علیمہ خان خان نے کہا کہ لوگوں کا وقت ضائع کیا جا رہا ہے، اس نظام کو ردی کی ٹوکری میں پھینک دیں، کیا ہم تماشہ ہیں ، کیا اس نظام کو شرمندگی نہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ مریم نواز لوگوں کے ووٹوں پر ڈاکا ڈال کر یہاں بیٹھی ہیں، میں اگر ان کی جگہ ہوں تو شرم کے مارے کسی کو منہ نہ دکھاؤں، پہلے پیسے چوری کیے گئے اب لوگوں کے ووٹ چوری کیے گئے، مریم نواز کا یہی خواب تھا، وہ اپنا شوق پورا کر لیں۔

علیمہ خان نے کہا کہ انہوں نے ہمیں بھیڑ بکریاں سمجھ رکھا ہے، پورے نظام کو اپنے آپ پر شرمندگی ہونی چاہیے، مجھ سے پوچھا گیا آپ غیر ملکیوں کے ساتھ مل کر ریاست کے خلاف کام کر رہی ہیں، میرا ان کے ہر سوال کے لیے جواب یہی تھا، ایبسولیوٹلی ناٹ۔

عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان کا مزید کہنا تھا کہ ن لیگ، پی ٹی آئی کی کم از کم 60 سیٹیں لے کر بیٹھی ہوئی ہے، ن لیگ کی 16 اور ایم کیو ایم کی صرف ایک سیٹ ہے، یہ لوگ حکومت میں بیٹھیں گے تو کیا کریں گے، لوگ انہیں کبھی بھی سنجیدگی سے نہیں لیں گے۔

pti

ATC

imran khan

lahore

Bail

atc lahore

Aleema Khan

Uzma Khan

MAY 9 RIOTS

9 May Cases