سابق کمشنر راولپنڈی کا انتخابات سے ایک روز قبل کا ویڈیو بیان سامنے آگیا
عام انتخابات میں بڑے پیمانے پر بے ضابطگیوں کے الزامات عائد کرنے والے سابق کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چٹھہ کا انتخابات سے ایک روز قبل 7 فروری کا ویڈیو بیان سامنے آگیا۔
سابق کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چٹھہ کا انتخابات سے قبل 7 فروری کا وڈیو بیان سامنے آگیا۔ ویڈیو بیان میں سابق کمشنر راولپنڈی کو انتخابی سامان کی ترسیل، سیکیورٹی اور دیگرانتظامات پر گفتگو کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔
الیکشن کمیشن نے گزشتہ روز اپنے بیان میں کہا تھا کمشنر کا انتخابات سے کوئی تعلق نہیں۔
سابق کمشنر راولپنڈی انتخابات سے قبل انتخابی تیاریوں کے حوالے سے کمشنر آفس میں اجلاسوں کی صدارت بھی کرتے رہے۔
لیاقت علی چٹھہ اپنے بیان میں کہہ رہے ہیں کہ پورے ڈویژن میں الیکشن مٹیریل اور بیلٹ پیپرز پریزائیڈنگ افسران کے حوالے کیے جا رہے ہیں۔
سامنے آنے والے ویڈیو بیان لیاقت علی چٹھہ کہہ رہے ہیں کہ پولیس اور آرمی کی تحویل میں الیکشن سامان پولنگ اسٹیشنز تک پہنچایا جائے گا، الیکشن کے دن نتائج مکمل کرکے پریذائیڈنگ افسران کو پولیس اور آرمی کی زیر نگرانی آراو دفاتر تک پہنچایا جائے گا۔
سابق کمشنر راولپنڈی ڈویژن کو ویڈیو میں کہتے سنا جا سکتا ہے کہ میں نے آر پی او کے ساتھ پورے ڈویژن کا دورہ کیا، ہر جگہ پولنگ مٹیریل اچھے طریقے سے پہنچایا جا رہا ہے۔
لیاقت علی چٹھہ یہ بھی کہہ رہے ہیں کہ راولپنڈی ڈویژن میں 13 قومی اور 26 صوبائی نشستوں پر انتخابات ہو رہے ہیں، 8 فروری کو پولنگ کے عمل کی ہر طرح سے نگرانی کی جائے گی اور حساس پولنگ اسٹیشنز پر اضافی سکیورٹی تعینات کر دی گئی ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز سابق کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چٹھہ نے پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پریس کانفرنس کے دوران عام انتخابات میں سنگین دھاندلی کے الزامات میں ملوث ہونے کا اعتراف کرتے ہوئے کہا تھا کہ جو امیدوار 70، 80 ہزار ووٹوں سے جیت رہے تھے ہم نے انہیں ہروا دیا، ہم نے پاکستان کے ساتھ ظلم کیا۔
لیاقت علی چٹھہ نے یہ الزام بھی عائد کیا تھا کہ الیکشن میں ہونے والی دھاندلی میں چیف الیکشن کمشنر، الیکشن کمیشن کا عملہ اور چیف جسٹس پاکستان بھی ملوث ہیں، میں اپنے عہدے سے استعفیٰ دے رہا ہوں، دیگر لوگ بھی مستعفی ہو جائیں۔
مزید پڑھیں
’کمشنر راولپنڈی کی 7 مارچ کو ریٹائرمنٹ تھی، فیض حمید کے قریبی ساتھی‘
کمشنر الزامات: الیکشن کمیشن کا اعلیٰ سطح کی کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ
راولپنڈی ڈویژن کے کمشنر اور ڈپٹی کمشنرز کی پریس کانفرنس، چٹھہ کے الزامات مسترد
Comments are closed on this story.