Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

پنجاب میں دفعہ 144 کے نفاذ کیخلاف درخواست پر فیصلہ محفوظ

دفعہ 144 لگانا ہوتی تو الیکشن کمیشن خود درخواست دیتا، درخواست گزار
شائع 06 فروری 2024 03:46pm

لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب میں دفعہ 144 کے نفاذ کے خلاف درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد بلال حسن نے شہری شبیر اسماعیل کی درخواست پر سماعت کی جس میں پنجاب میں دفعہ 144 کے نفاذ کو چیلنج کیا گیا۔

عدالت نے درخواست پر حکومت پنجاب اور الیکشن کمیشن کو نوٹسز جاری کر رکھے ہیں۔

درخواست گزار نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ الیکشن ہونے والے ہیں اس لیے دفعہ 144 نہیں لگائی جا سکتی۔ اسلحہ لے جانے کے لیے دفعہ 144 لگانے کی ضرورت نہیں یہ ایک علیحدہ جرم ہے۔

درخواست میں مزید کہا گیا کہ اگر دفعہ 144 لگانی تھی تو الیکشن کمیشن خود درخواست دیتا۔ پنجاب حکومت کی طرف سے دفعہ 144 کو کالعدم قرار دیا جائے۔

سرکاری وکیل نے کہا کہ میں نے سیکریٹری اسٹیبلشمنٹ کو 27 جنوری کو دفعہ 144 نوٹفیکیشن کے حوالے سے لکھا۔ بھارتی سپریم کورٹ کا فیصلہ پیش کرتا ہوں جس میں واضع بتایا گیا ہے کہ دفعہ 144 کیسے حالات میں لگائی جاتی ہے۔ یہ سب کچھ کر رہے ہیں کیا ان کو اسلحہ کی نمائش کی اجازت دی جائے۔ کیا ڈی سیز کے پاس اختیار نہ رکھا جائے۔

بعدازاں لاہور ہائیکورٹ نے دلائل مکمل ہونے پر کیس کا فیصلہ محفوظ کر لیا۔

punjab

Section 144

Lahore High Court

section 144 imposed