Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

جسٹس اعجاز الاحسن کے استعفیٰ دینے سے ثابت ہوا دال میں کچھ کالا ہے، نوازشریف

مجھے سزا دینے والے تو چلے گئے مگر آج نوازشریف آپ کے سامنے کھڑا ہے، قائد ن لیگ
اپ ڈیٹ 29 جنوری 2024 06:08pm

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نوازشریف نے کہا ہے کہ آج میں سرخرو ہوں اور آپ بھی جانتے ہیں کہ مجھے بلاوجہ سزا دی گئی، مجھے وزارت عظمیٰ سے نکالنے والے ایک ایک کر چلے گئے اور اب 8 ماہ بعد چیف جسٹس بننے والا جج اعجاز الاحسن بھی استعفیٰ دے کر چلا گیا جس سے ثابت ہوتا ہے کہ دال میں کچھ کالا ہے، آج وہ تمام کردار جا رہے ہیں اور نواز شریف آپ کے سامنے کھڑا ہے، اگر نواز شریف کی چھٹی نہ کروائی جاتی تو آج لوگ بیروزگار نہ ہوتے۔

لاہور کے حلقہ این اے 130 میں انتخابی دفتر کے افتتاح کے موقع پر کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نوازشریف نے کہا کہ بہت سوچ رہا ہوں آپ مجھ سے کیوں محبت کرتے ہیں، بہت خوشی ہوئی بہن بھائیوں کی خدمت کی، ایہ ایسا رشتہ ہے جس پر مجھے ناز اور فخر ہے۔

نوازشریف نے کہا کہ عوام کی خدمت کے صلے میں اتنی محبت ملی، دل چاہتا ہے وہی کروں جس کی آپ کو مجھ سے توقع ہے، سزا دینے والے جج ایک ایک کرکے رخصت ہوگئے، وہ جج بھی چلا گیا جو چیف جسٹس پاکستان بننا چاہتا تھا، چور کی داڑھی میں تنکا تھا تبھی استعفیٰ دے کر چلا گیا۔

مسلم لیگ ن کے قائد کا مزید کہنا تھا کہ میں بے قصور اور سرخرو ہوا، دیکھیں وہ چلا گیا میں آپ کے سامنے موجود ہوں، مجھے سزا دینے والا جج مانیٹر جج بن کر بیٹھ گیا تاکہ مجھے جلدی سزا مل سکے، مجھے سزا دینے والے تو چلے گئے مگر آج نوازشریف آپ کے سامنے کھڑا ہے۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ ہم اقتدار میں آکر عوام کو مشکلات سے نکالنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے، میں جب اقتدار میں تھا تو لوگوں کے گھروں میں سکون تھا، مجھے جان بوجھ کر سزا دی گئی، میں نے خلوص سے کوشش کی آئندہ بھی کوشش کروں گا۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہمارے دور میں خاندان سکون سے زندگی گزار رہے تھے، مہنگائی کا نام و نشان نہیں تھا لیکن آج تو روٹی بھی 20 روپے کی ہے، اس زمانے کو واپس لانا ہے جس میں 20 روپے کی 5 روٹیاں ملتی تھیں۔

قائد ن لیگ نے کہا کہ ہم نے سبز پاسپورٹ کی عزت کرانی ہے، ملک کو خوددار بنانا ہے اور یہی میرا ایجنڈا ہے اور اسے پورا کریں گے، اس ملک کو قوم کو اپنے پاؤں پر کھڑا کروں گا، میری حکومت رہیتی تو مہنگائی کا نام ونشان نہ ہوتا۔

نوازشریف نے کہاکہ ہم نے نوجوانوں کو باعزت روزگار دینا ہے، اگر میری چھٹی نہ کرائی جاتی تو ملک میں بیروزگاری نہ ہوتی، اس لیے عوام مسلم لیگ ن کا ساتھ دیں تاکہ وہ دور واپس آسکے کیونکہ ہم نے بہت ٹھوکریں کھائی ہیں اب مزید کھانے کی کوئی طاقت اور ہمت نہیں ہے، نوازشریف تھا تو گھروں میں سکون تھا، میں آپ کی آنکھوں میں کرن دیکھ رہا ہوں۔

ہم 28 مئی والے ہیں 9 مئی والے نہیں، مریم نواز

دوسی جانب لاہور میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا کہ میرے لیے یہ حلقہ نیا نہیں ہے، آپ نواز شریف سے محبت کرنے والے لوگ ہیں، 2013 میں نواز شریف کی الیکشن کمپئین کی ذمہ داری میں نے نبھائی، آپ نے نواز شریف کو واضح اکثریت سے کامیاب کروایا، 2013 میں اس حلقے نے ریکارڈ لیڈ سے نوازشریف کو جتوایا تھا، نواز شریف صاحب یہ سب گلیاں میری آزمائی ہوئی ہیں، میرے لیے یہ حلقہ نیا نہیں، یہ سب بازو آزمائے ہوئے ہیں۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ عوام نے ہمیشہ نوازشریف کا ساتھ دیا، کارکن مشکل وقت میں قیادت کے ساتھ کھڑے رہے، عوام کو پتہ ہے جب نوازشریف آتا ہے تو مہنگائی کم ہوتی ہے، انتخابات میں ملک وقوم کے مستقبل کا فیصلہ ہونا ہے۔

ن لیگ کی نائب صدر نے مزید کہا کہ 2017 میں میری والدہ نے یہاں سے انتخاب لڑا تو میں نے کمپئین کی، اس وقت بھی آپ نے میری لاج رکھی اور میری والدہ کو کامیاب کروایا، اس وقت یہاں کا انتخاب ایک طرف اور پورے ملک کا انتخاب ایک طرف تھا، انتطامیہ کی تمام کوششوں کے باوجود آپ نے میری والدہ کو ریکارڈ ووٹوں سے کامیاب کروایا۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ بچوں نے میڈیا کو بتایا کہ نواز شریف آتا ہے تو آٹا سستا ہوتا ہے، اس حلقے نے مشکل ترین وقت میں بھی نواز شریف کا ساتھ نبھایا، نواز شریف اور ان کی پارٹی کا مقابلہ کسی سیاسی جماعت سے نہیں۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ ہم 9 مئی والے نہیں 28 مئی والے ہیں، اس جملے میں پوری داستان چھپی ہوئی ہے، نواز شریف کے دکھوں کی داستانیں سنائی جائے تو لوگ دل چھوڑ جائے لیکن نواز شریف آج بھی یہاں اس لئے کھڑے ہے کیونکہ آپ تکلیف میں ہیں، نواز شریف کو تکلیف ہے کہ بجلی کے بل تنخواہوں سے زیادہ ہو گئے ہیں۔

چیف آرگنائزر ن لیگ نے مزید کہا کہ نوازشریف کا مقابلہ کسی سیاسی جماعت سے نہیں، نوازشریف نے ملک و قوم کی خاطر قربانیاں دیں، آج لاہور میں مسلم لیگ نون کے علاوہ کوئی نکلنے کے قابل نہیں ہے، 8 فروری کو کوئی گھر میں نہ بیٹھے، سب ووٹ کاسٹ کرنے جائیں، یہ مت سوچیں کہ نواز شریف تو جیتا ہوا ہے، سب ووٹرز مجھ سے وعدہ کریں کہ کوئی گھر نہیں بیٹھے گا، سب ہر محلے اور گلی میں جا کر نواز شریف کا پیغام پہنچائیں گے، گھر گھر پیغام پہنچانا ہے کہ ہم 9 مئی والے نہیں 28 مئی والے ہیں۔

PMLN

Nawaz Sharif

Maryam Nawaz

lahore

PAKISTAN MUSLIM LEAGUE (PMLN)

Justice Ejaz ul Ahsan

Election 2024

GENERAL ELECTION 2024

Election Jan 29 2024