Aaj News

جمعرات, نومبر 14, 2024  
11 Jumada Al-Awwal 1446  

کل تک تمام لسٹیں فائنل کرلیں گے، سنی اتحاد کونسل سے ہمارا کبھی اتحاد نہیں ہوا، بیرسٹر گوہر

پی ٹی آئی کے ووٹرز اور عہدیدار اختلافات میں نہ پڑیں، رہنما تحریک انصاف
اپ ڈیٹ 16 جنوری 2024 11:27pm

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما بیرسٹرگوہر نے کہا ہے کہ کل رات 9 بجے تک تمام لسٹیں فائنل کرلیں گے، سنی اتحاد کونسل سے ہمارا کبھی اتحاد نہیں ہوا، پاکستان کو جمہوری ملک بنانا چاہتے ہیں۔

راولپنڈی اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رہنما تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے پر نظرثانی اپیل دائر کریں گے، پی ٹی آئی 3 دنوں کے اندر اپنے امیدوار کی انتخابی نشانات کے ساتھ لسٹ جاری کرے گی، عوام سے اپیل ہے پی ٹی آئی کے منتخب کردہ نمائندوں کو ووٹ دیگر کامیاب بنائیں، جو سیٹیں پینڈنگ میں رکھی تھی وہ جلدی فائنل ہو جائیں گی۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ سپریم کورٹ کے بلے کے فیصلے سے 25 کروڑ عوام کے بنیادی حقوق متاثر ہوئے ہیں ، یہ جمہوریت کے خلاف ایک سازش کامیاب ہوئی ہے، جمہوریت کا ایک بڑا نقصان ہوا ہے اس سے کرپشن کی ایک ابتدا ہوگی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم کسی صورت الیکشن سے بائیکاٹ نہیں کریں گے، سپریم کورٹ کے فیصلے پر نظرثانی درخواست ہر صورت دائر کرنی ہے، آئین کے تحت کیا کسی پارٹی سے نشان واپس لیا جا سکتا ہے یا نہیں، قانون کے تحت اس کیس کو سپریم کورٹ کے 3 رکنی بینچ نے نہیں 5 رکنی بینچ کو سننا چاہیئے تھا۔

پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کا ووٹرز کو یہ مسیج ہے کہ گھبرانا نہیں ہے اپنے ووٹ کی حفاظت کرنی ہے، آپ اپنے ووٹرز اور امیدوار کی پہچان کریں، آج کسی بھی وقت مشاورت مکمل ہوجائے گی، 8 فروری کو فتح آپ کی ہوگی آپ متحد رہیں۔

بیرسٹر گوہر نے یہ بھی کہا کہ کل رات 9 بجے تک تمام لسٹیں فائنل کرلیں گے، سنی اتحاد کونسل سے ہمارا کبھی اتحاد نہیں ہوا، پاکستان کو جمہوری ملک بنانا چاہتے ہیں، شیخ رشید سے ہمارا اتحاد پہلے تھا، پی ٹی آئی کے ووٹرز اور عہدیدار اختلافات میں نہ پڑیں۔

واضح رہے کہ پی ٹی آئی کے رہنماؤں رؤف حسن اور حامد خان کے بیانات کی وجہ سے شیر افضل مروت انتخابی مہم سے پیچھے ہٹ گئے ہیں اور کہا ہے کہ یہ بیمار ذہنیت کے لوگ ہیں۔

شیر افضل مروت کی جانب سے سندھ میں الیکشن مہم کے دوران حامد خان اور رؤف حسن نے ان کے خلاف بیانات دیے تھے۔

رؤف حسن نے کہا تھا کہ شیر افضل مروت جو کہتے ہیں اس کی انہیں کوئی ہدایات نہیں ملی ہوتی، معلوم کیا جائے کہ یہ جیل میں عمران خان سے ملتے بھی ہیں یا نہیں۔

مزید پڑھیں

پی ٹی آئی پلان ’بی‘ کیخلاف الیکشن کمیشن کا حکمنامہ جاری

شیرانی گروپ سے الحاق رؤف حسن نے ختم کیا ، شیر افضل مروت

مجھے نہیں معلوم کس کو ٹکٹ ملا کس کو نہیں، زبانی کلامی کیسے فیصلہ کرسکتا ہوں، عمران خان

corruption

اسلام آباد

Adiyala Jail

Barrister Gohar

Adyala Jail

Barrister Gohar Khan

Election 2024

GENERAL ELECTION 2024