Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

ڈیفنس کار حادثہ: ملزم کے والد کو گرفتار کرنے سے روک دیاگیا، دوست گرفتار

انسداد دہشت گردی عدالت نے شفقت علی کی عبوری ضمانت منظور کرلی
شائع 20 نومبر 2023 10:27pm

لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے ڈیفنس میں کار حادثے میں 6 افراد کی ہلاکت کے معاملے پر ملزم کے والد شفقت علی کو گرفتار کرنے سے روکتے ہوئے ان کی 27 نومبر تک عبوری ضمانت منظور کرلی جبکہ سیشن عدالت نے بھی ملزم افنان کی درخواست ضمانت واپس لینے کی بنیاد پر خارج کر دی۔

ڈیفنس فیز 7 لاہور میں ہونے والے کار حادثے کے مرکزی ملزم افنان کے والد شفقت علی نے انسدادِ دہشت گردی عدالت میں عبوری ضمانت کی درخواست دائر کی۔

عدالت نے ملزم شفقت علی کی 27 نومبر تک عبوری ضمانت منظور کرلی اور ملزم کے والد شفقت علی کو ایک لاکھ کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا۔

عدالت نے پولیس کو ملزم شفقت علی کو گرفتار کرنے سے بھی روک دیا۔

ملزم افنان کے والد کو گاڑی کا مالک ہونے پر مقدمہ میں نامزد کیا گیا تھا۔

کار حادثے میں 6 افراد کی ہلاکت: ملزم کی درخواست ضمانت خارج

دوسری جانب لاہور کی سیشن عدالت نے ڈیفنس کار حادثے میں ایک فیملی کے 6 افراد کو ہلاک کرنے کے مقدمے میں ملزم افنان کی درخواست ضمانت واپس لینے کی بنیاد پر خارج کر دی۔

ایڈشنل سیشن جج شاہد محمود نے ملزم افنان کی درخواست ضمانت پر سماعت کی۔

ملزم افنان کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ اب اس مقدمے میں پولیس نے دہشت گردی کی دفعات شامل کردی ہیں، درخواست ضمانت واپس لینا چاہتے ہیں۔

مدعی کے وکیل رانا مدثر نے دلائل دیے کہ مقدمہ میں دہشت گردی کی دفعات کا اندارج ہوچکا ہے، درخواست قابل سماعت نہیں ہے۔

فریقین کے دلائل سن کر عدالت نے ملزم افنان کی درخواست ضمانت واپس لینے کی بنیاد پر خارج کر دی۔

مزید پڑھیں

ٹریفک حادثے میں ایک ہی خاندان کے 6 افراد جاں بحق، کمسن ڈرائیور گرفتار

لاہور: جھگڑے کے بعد جان بوجھ کر کم عمر ڈرائیور کی گاڑی کو ٹکر، 302 کی دفعہ عدالت میں چیلنج

ملزم کے خلاف ڈیفنس سی پولیس نے مقدمہ درج کررکھا ہے، ملزم 5 دن کے جسمانی ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں ہے۔

واضح رہے کہ ڈیفنس فیز 7 میں ہونے والے مبینہ ٹریفک حادثے میں 6 افراد کی ہلاکت ہوئی جس میں ملزم شفقت علی کی گاڑی استعمال ہوئی، مرکزی ملزم افنان نے اپنے والد شفقت علی کی گاڑی سے 6 افراد کو کچل کر ہلاک کیا۔

ڈیفنس کار حادثہ: افنان کا دوست ابراہیم کو بھی زیر حراست

ڈیفنس کار حادثے میں 6 افراد کی ہلاکت کے معاملے پولیس نے مرکزی ملزم اور کار ڈرائیور افنان کے ساتھ فرنٹ سیٹ پر بیٹھے اس کے دوست ابراہیم کو بھی حراست میں لے لیا۔

لاہور ڈیفنس کار حادثے میں 6 افراد کی ہلاکت میں میں اہم پیشرفت ہوئی ہے، ملزم افنان کے ساتھ فرنٹ سیٹ پر بیٹھے دوست کو بھی حراست میں لے لیا گیا۔

ڈی آئی جی انویسٹی گیشن نے ملزمان سے پوچھ گچھ کی جبکہ ابتدائی تفتیش کے مطابق ابراہیم نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ گاڑی افنان ہی چلا رہا تھا، گاڑی میں 4 دوست افنان، ابراہیم، سعد اور علی موجود تھے۔

ملزم افنان کا آج پولی گرافک ٹیسٹ بھی کروایا جائے گا۔

ATC

lahore

traffic accident

Road Accident