Aaj News

پیر, نومبر 18, 2024  
15 Jumada Al-Awwal 1446  

ن لیگ کا پنجاب اور خیبرپختونخوا میں الیکشن لڑنے کا فیصلہ

تمام قیادت الیکشن کے لئے متحرک ہو کر کارکنوں کو بھی متحرک کرے، نواز شریف کی ہدایت
شائع 14 جنوری 2023 08:19pm
ن لیگ کا اجلاس۔ فوٹو — فائل
ن لیگ کا اجلاس۔ فوٹو — فائل

مسلم لیگ (ن) نے پنجاب اور خیبرپختونخوا اسمبلیوں کی ممکنہ تحلیل ہونے پر صوبوں میں الیکشن لڑنے کا فیصلہ کرلیا۔

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت مسلم لیگ ن کی قیادت کا ماڈل ٹاؤن میں اجلاس ہوا جس میں پارٹی قائد نواز شریف نے بھی ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں ن لیگ نے پنجاب، خیبر پختونخوا میں الیکشن لڑنے جب کہ پنجاب میں انتخابات کی تیاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اجلاس کے دوران نواز شریف نے پنجاب میں الیکشن کی تیاری کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ تمام قیادت الیکشن کے لئے متحرک ہو کر کارکنوں کو بھی متحرک کرے۔

نواز شریف نے پارٹی قیادت کو ہدایت کی کہ عمران خان کے دور کے نقصانات سے عوام کو آگاہ کیا جائے، عوام کو بتائیں ہم حکومت میں نہ آتے تو ملک ڈیفالٹ کر جاتا اور پاکستان میں معاشی صورتحال کے ذمہ دارعمران خان ہیں۔

قائد ن لیگ کا کہنا تھا کہ مریم نواز رواں ماہ پاکستان میں ہوں گی، امیدوار بھرپور طریقے سے الیکشن میں حصہ لیں، البتہ عمران خان سےکوئی اچھی توقع نہیں کی جاسکتی۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم کے مشیر عطا اللہ تارڑ کا کہنا ہے کہ اسمبلی تحلیل ہو جائے گی، گورنر صاحب فیصلہ کر لیں گے، اس کو چیلنج کسی صورت نہیں کرنا۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کی تیاری کرکے بھرپور انداز میں لڑیں گے، مناسب امیدواروں کی شارٹ لسٹنگ ہوگی، البتہ اتحادی مل کر لڑیں گے یا نہیں وقت بتائے گا۔

واضح رہے کہ گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان کی جانب سے اسمبلی تحلیل کرنے کا نوٹیفکیشن آج جاری ہونے کا امکان ہے۔

PMLN

Nawaz Sharif

Shehbaz Sharif

imran khan

lahore

punjab assembly

governor punjab