مخالفین کسان دشمن بیانیےکوفروغ دے رہےہیں،وزیراطلاعات پنجاب
وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کا کہنا ہےکہ کینال کے مسئلے کو بلاوجہ سیاسی رنگ دیا جا رہا ہے۔ سندھ میں بیٹھ کر پنجاب کے کسان کے درد کا واویلا کرنے والوں کو اپنے صوبے کے کسانوں کی کوئی فکر نہیں، صرف پوائنٹ اسکورنگ کی جا رہی ہے۔
وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری اور صوبائی وزیر زراعت عاشق حسین کرمانی نے نیوز کانفرنس سے خطاب کیا،اس موقع پر وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت کسانوں کی خوشحالی کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے جبکہ مخالفین کسان دشمن بیانیے کو فروغ دے رہے ہیں۔
اس موقع پر صوبائی وزیر زراعت عاشق حسین کرمانی نے کہا کہ ماضی میں کسانوں کا استحصال کیا گیا، مگر اب مریم نواز کی قیادت میں کسانوں کو کھاد، بیج، اور ٹریکٹرز پر سبسڈی دی جا رہی ہے۔
صوبائی وزیر زراعت نے دعویٰ کیا کہ ایک سال کے اندر پنجاب میں ریکارڈ گندم کی بوائی ہوئی ہے اور ایک ہزار ٹریکٹر مفت فراہم کیے گئے حتیٰ کہ سیاسی مخالفین کو بھی ٹریکٹر دیے گئے تاکہ کسان کی ترقی سیاست سے بالاتر ہو۔
وزیر زراعت نے مزید بتایا کہ پنجاب میں 6 لاکھ کسانوں کو کسان کارڈ جاری کیے جا چکے ہیں، جبکہ صوبہ بھر میں کسانوں کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے ریکارڈ بجٹ مختص کیا گیا ہے۔
کینالز معاملے پر سندھ اور پنجاب آمنے سامنے، بیان بازی میں شدت
عاشق کرمانی کا کہنا تھا کہ ”جب کسان خوشحال ہوگا تو پاکستان خوشحال ہوگا۔“ انہوں نے سوال اٹھایا کہ خیبرپختونخوا اور سندھ کے کسانوں کو وہی سہولیات کیوں فراہم نہیں کی جاتیں جو پنجاب میں دی جا رہی ہیں؟
آخر میں دونوں وزرا نے اس بات پر زور دیا کہ پنجاب حکومت کسانوں کو تنہا نہیں چھوڑے گی، اور مریم نواز کی کسان دوست پالیسیوں کو جاری رکھا جائے گا۔
Comments are closed on this story.