جسٹس منصور علی شاہ نے قائم مقام چیف جسٹس پاکستان کے عہدے کا حلف اٹھالیا
سپریم کورٹ کے سینئر ترین جج جسٹس منصور علی شاہ نے قائم مقام چیف جسٹس پاکستان کے عہدے کا حلف اٹھا لیا، جسٹس منصورعلی شاہ نے سپریم کورٹ کے سنئیر جج جسٹس منیب اخترنے حلف لیا۔
قائم مقام چیف جسٹس منصور علی شاہ کی حلف برداری کی تقریب سپریم کورٹ آف پاکستان اسلام آباد کے ججز بلاک میں ہوئی، جہاں جسٹس منیب اختر نے جسٹس منصور علی شاہ سے قائم مقام چیف جسٹس پاکستان کا حلف لیا۔
تقریب حلف برداری میں سپریم کورٹ کے ججز، اٹارنی جنرل، لاء افسران اور وکلاء شریک ہوئے۔
واضح رہے کہ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی ایک ہفتے کے سرکاری دورے پر چین میں ہیں، چیف جسٹس جوڈیشل کانفرنس میں پاکستان کی نمائندگی کر رہے ہیں۔
دورے کے دوران سپریم کورٹ آف پاکستان اور سپریم کورٹ آف چین کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط بھی متوقع ہیں، چیف جسٹس کانفرنس کی سائیڈ لائنز پر اپنے ایرانی ہم منصب سے بھی ملاقات کریں گے جبکہ جسٹس شاہد وحید عدلیہ میں مصنوعی ذہانت کے استعمال سے متعلق اجلاس میں خطاب کریں گے۔
اعلامیے کے مطابق کانفرنس کے بعد چیف جسٹس یحییٰ آفریدی ترکیہ جائیں گے جہاں وہ آئینی عدالت کی 63 ویں سالگرہ کی تقریبات میں شرکت کریں گے۔
چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کے دورے کے دوران جسٹس منصور علی شاہ قائم مقام چیف جسٹس آف پاکستان کی ذمہ داریاں نبھائیں گے جبکہ چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی وطن واپسی تک جسٹس منصور قائم مقام ہوں گے۔
Comments are closed on this story.