Aaj News

ہفتہ, اپريل 12, 2025  
13 Shawwal 1446  

افغان مہاجرین کی واپسی، یکم اپریل سے اب تک 1,355 تارکین وطن واپس بھیجے جاچکے

اٹک میں پولیس نے 705 افغانوں کو حراست میں لے کر کیمپس منتقل کردیا، 365 افراد افغان باڈر پہنچادیے گئے

ملک میں غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کی واپسی کا عمل مرحلہ وار جاری ہے، جس کے تحت طورخم بارڈر کے ذریعے افغان شہریوں کی واپسی کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے۔

خیبرپختونخوا کے محکمہ داخلہ کے مطابق اتوار کے روز 876 افغان سٹیزن کارڈ رکھنے والے افراد کو افغانستان واپس بھیج دیا گیا۔

حکام کا کہنا ہے کہ یکم اپریل سے اب تک مجموعی طور پر 1,355 افغان شہریوں کو سرحد پار کروا کر وطن واپس روانہ کیا جا چکا ہے۔

دوسری جانب پنجاب میں بھی غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کے خلاف کارروائی جاری ہے، گزشتہ روز صوبے بھر سے 1,047 افغان باشندوں کو حراست میں لے کر خیبرپختونخوا منتقل کیا گیا، جہاں سے انہیں افغانستان روانہ کیا جائے گا۔

ملک بھر میں آج بھی غیرقانونی مقیم افغانوں کی ملک بدری جاری، نشاندہی کیلئے ہیلپ لائن قائم

ذرائع کے مطابق مزید 1,047 افغان شہریوں کو آج طورخم کے راستے باضابطہ طور پر ڈی پورٹ کیا جانا ہے، متعلقہ ادارے اس عمل کو مرحلہ وار اور منظم طریقے سے مکمل کرنے میں مصروف ہیں۔

اٹک میں سینکڑوں افغان باشندے پکڑے گئے

دوسری جانب اٹک میں غیر قانونی مقیم افغان مہاجرین کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن جاری ہے، جہاں سینکڑوں افغان باشندے پکڑے گئے۔

31 مارچ کی ڈیڈ لائن ختم ہونے کے بعد حکومتی ہدایت پر اٹک پولیس نے ضلع بھر میں غیر قانونی رہائش پذیر افغان باشندوں کے خلاف کریک ڈاون کرتے ہوئے 705 افغانیوں کو حراست میں لے کر ٹیکنیکل کالج میں بنائے گئے کیمپ میں منتقل کردیا۔

جن میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں، جہاں سے 365 افغانیوں کو بسوں اور ٹرکوں کے ذریعے افغان باڈر پر منتقل کردیا گیا، جہنیں ایلیٹ فورس کے دستے بارڈر پر چھوڈ کر آئے، کیمپ میں بقایا رہ جانے والے افغان باشندوں کی سرکار کی طرف سے آخری مہمان نوازی جاری ہے۔

راولپنڈی میں افغان سیٹیزن کارڈ کے حامل افراد کیخلاف کارروائیاں

ادھر راولپنڈی میں بھی افغان سیٹیزن کارڈ کے حامل افراد کے خلاف پولیس کی کارروائیاں جاری ہیں۔

پاکستان سے غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کا انخلاء جاری، 10 خاندان کو واپس روانہ، اسلام آباد اور کراچی میں گرفتاریاں

ذرائع کے مطابق 130 سے زائد افراد کو تحویل میں لے کر کیمپ منتقل کردیا گیا، پولیس کی ٹیمیں مختلف علاقوں میں آپریشن کر رہی ہیں۔

لنڈی کوتل: غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کو تاحال ٹرانزٹ کیمپ نہ پہنچایا جاسکا

پولیس ذرائع نے بتایا کہ افغان سیٹیزن کارڈ کے حامل افراد کو کیمپ سے افغانستان بھجوایا جائے گا، آپریشن کے دوران کارڈ ہولڈر خاندانوں کو بھی تحویل میں لے کر کیمپ منتقل کیا جائے گا، آپریشن روزانہ کی بنیاد پر کیا جائے گا۔

پنجاب سے اب تک 4111 افراد کو ملک سے ڈی پورٹ کیا جا چکا

پنجاب سے بھی غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کے انخلا کا عمل بلا تعطل جاری ہے، پنجاب سے اب تک 4111 افراد کو ملک سے ڈی پورٹ کیا جا چکا جبکہ 1839 غیر قانونی مقیم غیر ملکی افراد ہولڈنگ پوائنٹس پر موجود ہیں۔

ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق غیر قانونی مقیم تارکین کے انخلا کی حکومتی مہم بلا تعطل جاری ہے، انخلا مہم کے دوران اب تک 4111 افراد کو متعلقہ اداروں کی مدد سے ملک سے ڈی پورٹ کیا جا چکا ہے۔

مہم کے دوران 5950 سے زائد غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کو ہولڈنگ سنٹرز پہنچایا گیا، 1839 غیر قانونی مقیم غیر ملکی افراد ہولڈنگ پوائنٹس پر موجود ہیں، لاہور میں 05 سمیت صوبہ بھر میں 46 ہولڈنگ سنٹرز قائم کیے گئے ہیں۔

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کے مطابق تمام غیرقانونی مقیم غیر ملکی تارکین کو بہرصورت واپس بھجوایا جائے گا، غیر قانونی مقیم شہریوں کے پنجاب سے انخلا کے دوران سیکیورٹی ہائی الرٹ ہے، انخلا کے عمل کے دوران انسانی حقوق کی پاسداری یقینی بنائی جا رہی ہے۔

سی سی پی او لاہور، آر پی اوز، ڈی پی اوز غیر قانونی مقیم غیر ملکی تارکین کے انخلا کے عمل میں تیزی لائیں، غیر قانونی مقیم غیر ملکی افراد کی میپنگ، سکینگ، سکریننگ کے مطابق چیکنگ کی جائے۔

Afghan Immigrants

Illegal Afghan Immigrants

Pakistan Deporting Illegal Afghan Immigrants

Afghan Deportation