پشاور اور گردونواح میں بارش سے موسم خوشگوار، کئی علاقوں میں برفباری سے سردی لوٹ آئی
پشاور اور گردونواح میں گرج چمک کے ساتھ بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا۔ سوات میں بارش اور غذر میں برف باری سے جاتی سردی لوٹ آئی۔ دنیا کے بلند ترین پولو گرائونڈ شندور میں برفباری ہوئی۔ جبکہ اسلام آباد، خیبرپختونخوا اور ہزارہ ڈویژن میں بارش کا سلسلہ 18 گھنٹے تک جاری رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
پشاور شہر اور گردونواح میں بارش کے بعد موسم خوشگوار ہو گیا ہے جبکہ بارش کے باعث متعدد نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق خیبر پختونخوا میں موسم جزوی ابرآلود رہنے کا امکان ہے۔
آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران پشاور، نوشہرہ، مردان، چارسدہ، صوابی ، چترال، دیر، سوات، مالاکنڈ، شانگلہ ، بونیر، بٹگرام، تورغر، مانسہرہ، ایبٹ اباد، ہری پور، باجوڑ، مہمند، کوہاٹ، ہنگو، کرک، بنوں، لکی مروت، ڈی آئی خان، ٹانک، خیبر، کرم، اورکزئی، شمالی و جنوبی وزیرستان میں گرج چمک اور تیز ہوائوں کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
صوبے کے بالائی اضلاع میں پہاڑوں پر ہلکی برف باری اور چند ایک مقامات پر ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔ گذشتہ روزچترال، دیر، سوات، کوہستان، پارا چنار میں بارش ہوئی۔ چترال میں 26، دروش اور پارا چنار میں 12، کالام اور دیر میں 11 ملی میٹر بارش ہوئی۔
پشاور کا کم سے کم درجہ حرارت 17 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے، سب سے کم درجہ حرارت کالام میں 6 ، دیر میں 7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
ادھر وفاقی دارالحکومت میں مطلع ابر آلود ہے۔ سورج اور بادلوں میں چھپن چھپائی کا کھیل جاری ہے۔ رم جھم کیساتھ موسم کی تبدیلی کا عمل جاری ہے، جبکہ محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں بارش کی پیشگوئی کی ہے۔
اسلام آباد اور گردونواح میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود، تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ پنجاب کے بیشترعلاقوں میں بھی بادلوں کا بسیرا ہے، مری، گلیات، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، اور حافظ آباد میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک اور گرم رہے گا۔ جبکہ بلوچستان میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود، کشمیر اورگلگت بلتستان میں بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
ماہرین کے مطابق آئندہ دو روزتک ملک کے مختلف علاقوں میں کہیں بارش توکہیں سورج اور بادلوں میں دھوپ ، چھاؤں کا کھیل جاری رہے گی، جبکہ بلند وبالا پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔