Aaj News

بدھ, مارچ 26, 2025  
25 Ramadan 1446  

پی ٹی آئی والے ماضی میں بھی طالبان کا دفتر کھولنا چاہتے تھے، فیصل کریم کنڈی

افغان سرزمین پاکستان کیخلاف استعمال ہو رہی ہے اور یہ معاملہ کئی بار افغان حکومت کے سامنے رکھا، گورنر خیبرپختونخوا
شائع 3 دن پہلے

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ افغانستان کی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال ہو رہی ہے، ہم نے کئی بار افغان حکومت کو یہ بات باور کرائی ہے کہ امریکا کا چھوڑا ہوا اسلحہ اب شدت پسندوں کے پاس ہے، پی ٹی آئی والے ماضی میں طالبان کو دفتر دینے کے خواہش مند تھے، چاہتے تھے کہ ان کے لیے دفتر کھولنا چاہیئے۔

گورنر ہاؤس پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے ملکی سلامتی، افغانستان کی صورتحال اور سیاسی معاملات پر گفتگو کی۔

گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ نیشنل سیکورٹی اجلاس میں اپوزیشن جماعتوں کا موجود ہونا ضروری تھا، بانی چئیرمین پی ٹی آئی عمران خان کے لیے سیاسی پناہ کی کوشش میں اجلاس میں شریک نہیں ہوئے،

فیصل کریم کنڈی نے واضح کیا کہ اجلاس میں افغانستان پر کسی حملے یا آپریشن کا کوئی ذکر نہیں ہوا تاہم خیبر پختونخوا میں ٹارگٹڈ آپریشن کافی عرصے سے جاری ہے اور جنوبی اضلاع کی صورتحال خراب ہے، سیکیورٹی صورتحال کو ٹھیک کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ریاستی معاملات کو بہتر بنانے کے لیے سیکیورٹی صورتحال کو مستحکم کرنا ہوگا مگر افسوس ہے کہ فوج کے خلاف ناپسندیدہ الفاظ استعمال کیے گئے، ریاست، ریاست سے بات کرتی ہے اور صوبے کی جانب سے کوئی ٹی او آر فارن آفس کو نہیں بھیجا گیا۔

گورنر خیبرپختونخوا نے مزید کہا کہ افغانستان کی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال ہو رہی ہے اور یہ معاملہ کئی بار افغان حکومت کے سامنے رکھا گیا ہے، امریکا کا چھوڑا ہوا اسلحہ اب شدت پسندوں کے ہاتھ میں ہے۔

فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان افغانستان گئے تھے ان کا فالو آپ نہیں ہوا، پی ٹی آئی ماضی میں بھی طالبان کا دفتر کھولنا چاہتے تھے، پی ٹی آئی حکومت کا نمائندہ کسی شہید کے جنازے میں نہیں گیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے افغان مہاجرین کو کئی دہائیوں تک پناہ دی مگر کیا ہم خود کسی ملک میں ویزا پر ایک دن اضافی قیام کر سکتے ہیں؟ ملک کسی فرد واحد کی خواہشات پر نہیں چلتا۔

گورنر خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ سندھ میں پانی کے مسائل حل کرنے کے لیے سی سی آئی کا اجلاس ہونا چاہیئے جبکہ این ایف سی ایوارڈ پر بھی پیش رفت نہیں ہوئی کیونکہ ہمارے پاس وزیر خزانہ ہی موجود نہیں۔

فیصل کریم کنڈی نے مزید کہا کہ افغان مہاجرین کی واپسی سے متعلق پالیسی میں تبدیلی کا فیصلہ وفاقی حکومت کرے گی اور اس سلسلے میں انہوں نے وفاق کو مراسلہ بھیجا ہے۔

خیبر پختونخوا

peshawar

Faisal Karim Kundi

governor kpk