Aaj News

جمعہ, اپريل 18, 2025  
19 Shawwal 1446  

سپر ٹیکس کیس کی سماعت کرنے والا سپریم کورٹ کا آئینی بینچ ٹوٹ گیا

جسٹس عامر فاروق اسلام آباد ہائیکورٹ میں معاملے پر فیصلہ دے چکے، وہ یہ کیس نہیں سن سکتے، جسٹس امین الدین خان
شائع 10 مارچ 2025 11:12am

سپر ٹیکس کیس کی سماعت کرنے والا سپریم کورٹ کا آئینی بینچ ٹوٹ گیا، جسٹس امین الدین نے ریمارکس دیے کہ جسٹس عامر فاروق اسلام آباد ہائیکورٹ میں معاملے پر فیصلہ دے چکے ہیں، جسٹس عامر فاروق کیس نہیں سن سکتے، عدالت نے سماعت عید الفطر کے بعد تک ملتوی کرنے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے سماعت روزانہ کی بنیاد پر کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 5 رکنی آئینی بینچ نے سپر ٹیکس سے متعلق کیس کی سماعت کی تاہم دوران سماعت سپر ٹیکس کیس کی سماعت کرنے والا آئینی بینچ اختلافات کے باعث ٹوٹ گیا۔

جسٹس امین الدین نے کہا کہ جسٹس عامر فاروق اسلام آباد ہائیکورٹ میں اس معاملے پر پہلے ہی فیصلہ دے چکے ہیں، اس لیے وہ کیس نہیں سن سکتے، آئینی بینچ دوبارہ تشکیل دینا پڑے گا۔

کمپنی وکلا نے کیس کی سماعت عید الفطر کے بعد کرنے کی استدعا کی تاہم عدالت نے استدعا مسترد کرتے ہوئے سپر ٹیکس کیس کی سماعت روزانہ کی بنیاد پر کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

جسٹس محمد علی مظہر نے ریمارکس دیے کہ فروغ نسیم صاحب عید تک یہ کیس مکمل نہیں ہوگا لیکن جو کیس چلانا چاہتے ہیں ان کو کیس چلانے دیں، کم ازکم کیس چلنا تو شروع ہو، سیکشن 4 بی اور 4 سی پر عدالتوں فیصلوں کی الگ الگ پیپرز بک تیار کرلیں۔

سپریم کورٹ کے آئینی بینچ نے فریقین کو وکلا کی خدمات حاصل کرنے کی مہلت دیتے ہوئے کیس کی مزید کارروائی کل تک کے لیے ملتوی کردی۔

Supreme Court

اسلام آباد

super tax

CONSTITUTIONAL BENCH

Justice Aminuddin

Constitutional Benches