9 مئی ملزمان کی ضمانت منسوخی کیلئے دائر حکومتی اپیلیں سماعت کیلئے مقرر
سپریم کورٹ نے 9 مئی ملزمان کی ضمانت منسوخی کے لیے دائر کی گئی حکومتی اپیلیں سماعت کے لیے مقرر کر دیں۔
چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی کی سربراہی میں سپریم کورٹ کا 3 رکنی بینچ 10 مارچ سے اپیلوں پر سماعت کرے گا۔
9 مئی ملزمان کی ضمانت منسوخی کے لیے دائر حکومتی درخواستوں پر سماعت کرنے والے بینچ میں چیف جسٹس کے علاوہ جسٹس مسرت ہلالی اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب شامل ہیں۔
واضح رہے کہ پنجاب حکومت نے 9 مئی ملزمان کی ضمانتیں منسوخ کرنے کے لیے عدالت سے رجوع کر رکھا ہے جبکہ 9 مئی ملزمان کی ضمانت منسوخی کی 16 اپیلوں پر سماعت 11 مارچ کو ہوگی۔
سپریم کورٹ کا 3 رکنی بینچ 12 مارچ کو 9 مئی ملزمان کی ضمانت منسوخی کی 8 اپیلوں پر سماعت کرے گا۔
واضح رہے کہ 9 مئی 2023 کو سابق وزیراعظم عمران خان کی اسلام آباد ہائیکورٹ سے گرفتاری کے بعد ملک بھر میں پُرتشدد فسادات کے نتیجے میں نمایاں بد امنی دیکھی گئی تھی۔
9 مئی کو مشتعل افراد کی جانب سے ملک بھر میں مختلف مقامات پر عسکری تنصیبوں پر حملے، جلاؤ گھیراؤ اور مظاہرے کیے گئے تھے، جس کے دوران سینکڑوں افراد کو گرفتار کیا گیا تھا، تاہم مختلف عدالتوں سے کئی ملزمان کو ضمانت پر رہائی مل گئی تھی۔
Comments are closed on this story.