جوڈیشل کمپلیکس میانوالی حملہ کیس: عمر ایوب و دیگر پی ٹی آئی رہنماؤں پر فرد جرم عائد
سرگودھا کی انسداد دہشت گردی عدالت نے 9 مئی کو جوڈیشل کمپلکس میانوالی پر حملے کے کیس میں قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب اور دیگر پی ٹی آئی رہنماؤں پر فرد جرم عائد کردی۔
انسداد دہشت گردی عدالت سرگودھا میں 9 مئی کو میانوالی میں جوڈیشل کمپلیکس پر حملہ کیس کی سماعت ہوئی، اے ٹی سی کے جج محمد نعیم شیخ نے مقدمے کی سماعت کی۔
اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی عمر ایوب، اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان بھچر ، رکن قومی اسمبلی بلال اعجاز اور مقدمے میں نامزد دیگر متعدد کارکنان عدالت پیش ہوئے۔
سماعت کے دوران عدالت میں عمر ایوب، ملک احمد خان بھچر، بلال اعجاز اور مقدمات میں نامزد دیگر متعدد کارکنان پر فرد جرم عائد کردی، ملزمان نے فرد جرم میں عائد کیے الزامات کو تسلیم کرنے سے انکار کردیا۔
جناح ہاؤس حملہ کیس: پی ٹی آئی رہنما کو انسداد دہشتگردی عدالت سے ریلیف مل گیا
ملزمان نے عدالت میں مؤقف اپنایا کہ ہمارے خلاف جھوٹے اور من گھڑت مقدمات درج کر کے ہمیں سیاسی انتقامی کارروائی کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔
بعدازاں عدالت نے آئندہ پیشی پر مقدمے کے گواہان کو طلب کرنے کا حکم جاری کردیا اور کیس کی مزید سماعت 28 فروری تک ملتوی کردی۔
واضح رہے کہ پولیس کے مطابق ملزمان ملزمان پر جوڈیشل کمپلیکس میانوالی پر حملہ کرنے ، آگ لگانے ، توڑ پھوڑ ، قومی املاک کو نقصان پہنچانے، عدالتی اور پولیس اہلکاروں کو تشدد کا نشانہ بنانے اور قیمتی سامان چوری کرنے کا الزام ہے۔
خیال رہے کہ تھانہ سٹی میانوالی پولیس نے 9 مئی کو 57 نامزد اور 150 نامعلوم ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کیا تھا ، میانوالی پولیس نے مقدمہ میں پی ٹی آئی رہنماؤں عمر ایوب ، احمد خان بھچر، بلال اعجاز اور احمد چھٹہ کو بعد میں نامزد کیا تھا۔
ملک میں آئین کی بالادستی نہ ہونے کے باعث ہمارے کیسز تاخیر کا شکار ہیں، عمر ایوب
دوسری طرف اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کا کہنا ہے کہ اس وقت پورے ملک میں افراتفری مچی ہوئی ہے، ایسے میں نئے الیکشن کی طرف جانا چاہیئے، ملک میں آئین کی بالادستی نہ ہونے کے باعث ہمارے کیسز تاخیر کا شکار ہیں، وفاقی اور پنجاب حکومت نے ملک کو برباد کر کے رکھ دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان اور بشریٰ بی بی سے ملنے نہیں دیا جارہا، عدالتی پراسیس میں تاخیر ہورہی ہے، یہ اس چیز کی علامت ہے کہ ملک میں لاقانونیت ہے اور ملک میں آئین و قانون کا بول بالا نہیں ہے۔
عمر ایوب کا کہنا تھا کہ بلوچستان کو تباہ کیا جارہا ہے، ہوش کے ناخن لیں، ملک کو آپ نے کمزور کرکے رکھ دیا ہے، شہبازشریف، مریم نواز اور ان کے حواریوں کو پیغام ہے کہ آپ کے پاس مینڈیٹ نہیں ہے، ملک پہ رحم کریں، نئے الیکشن مسائل سے نکلنے کا واحد حل ہیں۔
Comments are closed on this story.