Aaj News

منگل, مارچ 25, 2025  
24 Ramadan 1446  

وزیر اعظم اپنا نظام درست کریں، پیپلزپارٹی عوام کے ساتھ زیادتی پرچپ نہیں بیٹھےگی، ارسلان شیخ

ڈمپرز روزانہ کراچی کے شہریوں کو مار رہے ہیں کیا وہ بھی وفاق کا مسئلہ ہے؟ عظمٰی بخاری کا ردِ عمل
اپ ڈیٹ 16 فروری 2025 08:42pm

ترجمان حکومت سندھ ارسلان شیخ کہتے ہیں کہ وزیراعظم اپنا نظام درست کریں، پیپلزپارٹی عوام کے ساتھ زیادتی پرچپ نہیں بیٹھے گی، بجلی کے بلوں پر لوگ خودکشیاں کر رہے ہیں، کے الیکٹرک ایکسٹرا فیول چارجز لگائے جا رہا ہے۔ عظمی بخاری نے ردعمل میں کہا پچھلے سولہ سال سے سندھ میں پیپلزپارٹی کی حکومت ہے ۔۔ابھی تک وزیراعلیٰ سندھ کے اپنے علاقے کی گلیاں، سڑکیں اور ہائی وے نہیں بن سکے۔

ترجمان سندھ حکومت اور میئر سکھر ارسلان شیخ نے وزیراطلاعات پنجاب عظمٰی بخاری کے بیان پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ میں حادثات کی بڑی وجہ این ایچ اے کی تباہ حال سڑکیں ہیں، وفاق نے شاید سندھ کو اپنے نقشے سے الگ کیا ہوا ہے۔

ارسلان شیخ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سندھ میں گزشتہ روز 2 حادثات میں 16 لوگ جاں بحق ہوگئے ہیں۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ ان حادثات کی بنیادی وجہ این ایچ کی وہ تباہ حال سڑکیں ہیں جن پر مہنگی گاڑیوں میں بھی سفر کرنا دشوار ہے۔

ڈمپرز روزانہ کراچی کے شہریوں کو مار رہے ہیں کیا وہ بھی وفاق کا مسئلہ ہے؟ عظمی بخاری

میئر سکھر کا کہنا تھا کہ دعا ہے چچا بھتیجی کا محبت بھرا رشتہ قائم رہے لیکن وزیراعظم سے درخواست ہے کہ مہربانی کرکے دوسرے صوبوں پر بھی نظر کرم کردیں۔

ان کا کہنا تھا کہ عوام پوچھتے ہیں سندھ کا موٹر وے حکومت سندھ کیوں نہیں بنا رہی، وفاقی حکومت نے پورے پاکستان میں موٹر وے قائم کر دیئے، حیدر آباد یا سکھر کی بات آتی ہے تو موٹر وے منصوبہ تاخیر کا شکار ہو جاتا ہے۔

ارسلان شیخ نے مطالبہ کیا کہ ہماری آئینی ضروریات کو پورا کیا جائے، وزیراعظم کو ریاست کے سرپرست کا کردار ادا کرنا چاہیے، مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس بلایا جائے، آئین کے مطابق یہ اجلاس ہر 90 دن کے بعد ہونا چاہیے۔

متحدہ کراچی میں فسادات کو ہوا دینے کی کوشش کر رہی ہے، شرجیل میمن

ان کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت آئینی تقاضوں کو پورا کرے، پیپلز پارٹی نے ملکی مفاد میں وفاقی حکومت کو ہمیشہ سپورٹ کیا ہے لیکن سندھ حکومت کے وفاقی حکومت کے ساتھ تحفظات ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ سندھ میں گیس کا مسئلہ بڑھتاجا رہا ہے، چیئرمین پیپلز پارٹی کے کہنے پر لوگوں کو مفت بجلی بھی دی جا رہی ہے، تھرکا دورہ کریں تو اندازہ ہوگا پیپلزپارٹی سب سے سستی بجلی بنانے جارہی ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پیکا ایکٹ لاگو ہونے سے پیپلز پارٹی اپنی آواز نہیں روکے گی، پیپلز پارٹی ہمیشہ عوام کے مسائل پر آواز اٹھاتی رہے گی۔

وزیرِ اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے سندھ حکومت کے ترجمان کے بیان پر ردعمل میں کہا ہے کہ ڈمپرز روزانہ کراچی کے شہریوں کو مار رہے ہیں کیا وہ بھی وفاق کا مسئلہ ہے؟

عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ سندھ کے علاقے میں حادثے کو وفاق پر مت ڈالا جائے، پچھلے 16 سال سے سندھ پر حکومت پیپلز پارٹی کی ہے ن لیگ کی نہیں، کارکردگی اچھی ہوتو کام بولتا جیسے مریم نواز کا کام بول رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اللّٰہ کرے سندھ نے جو 956 ارب کا ترقیاتی بجٹ منظور کیا ہے وہ لگ جائے، مالی سال ختم ہونے والا ہے، وزیراعلیٰ سندھ اپنے علاقے کی گلیاں نہیں بناسکے۔

وزیرِ اطلاعات نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ اب تک سڑکیں اور ہائی وے بھی نہیں بنا سکے، وفاق سے ہر سال معمول کے مطابق سندھ کو اس کے حصے کے فنڈز ملتے ہیں، اگر سندھ ان اربوں روپے کے فنڈز سے بھی اپنی سڑکیں نہیں بنا سکتا تو پھر آپ کا اللّٰہ حافظ ہے۔

PPP

Sindh government

sindh

karachi sukkur motorway

ppp leaders