Aaj News

بدھ, مارچ 26, 2025  
26 Ramadan 1446  

علی امین گنڈاپور کی عمران خان سے شیر افضل مروت کو پارٹی سے نکالنے پر نظرثانی کی درخواست

وزیراعلی کی بانی چیئرمین پی ٹی آئی سے ملاقات میں سیاسی صورتحال، صوبے کے امن و امان اور پارٹی امور پر بات چیت
اپ ڈیٹ 13 فروری 2025 07:32pm

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین عمران خان سے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے ملاقات کی ہے، جس میں سیاسی صورتحال، صوبے کے امن و امان اور پارٹی امور پر بات چیت کی گئی جبکہ وزیراعلیٰ نے شیر افضل مروت کو پارٹی سے نکالے جانے کے فیصلے پر عمران خان کو نظر ثانی کی درخواست بھی کی۔

تفصیلات کے مطابق اڈیالہ جیل میں آج جمعرات کا دن سابق وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کا روز ہے، اس سلسلے میں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کے علاوہ پارٹی سے وابستہ دیگر افراد بھی ملاقات کے لیے اڈیالہ جیل پہنچے۔

عمران خان سے ملاقات کے لیے اڈیالہ جیل آنے والوں میں علی امین گنڈاپور کے علاوہ صوبائی وزیر خیبر پختونخوا سہیل آفریدی، حلیم عادل شیخ، بریگیڈیئر ریٹائرڈ مصدق عباسی، سیمابیہ طاہر، سابق ڈپٹی اسپیکر کے پی اسمبلی مشتاق غنی اور صوبائی وزیر تیمور جھگڑا شامل تھے۔

جس کے بعد وزیراعلیٰ خیبر پخونخوا علی امین گنڈاپور نے عمران خان سے ملاقات کی جبکہ ملاقات جیل کے کانفرنس روم میں کروائی گئی، تقریبا ڈیڑھ گھنٹے تک جاری رہنے والی ملاقات میں سیاسی امور، پارٹی معاملاتِ، صوبے میں امن و امان، صوابی جلسہ اور خیبرپختونخوا میں مختلف منصوبوں کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔

ذرائع کے مطابق عمران خان سے سے ملاقات میں علی امین گنڈاپور نے شیر افضل مروت کو پارٹی سے نکالنے کا معاملہ بھی اٹھایا اور شیر افضل مروت کو پارٹی سے نکالے جانے کے فیصلے پر نظر ثانی کی درخواست کی۔

شیر افضل مروت کو پی ٹی آئی سے نکال دیا گیا، نوٹیفکیشن جاری

ملاقات ختم ہونے پر وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سیکیورٹی حصار میں اڈیالہ جیل سے باہر نکلے تو پی ٹی آئی رہنماؤں کو دیکھ کر گاڑی سے اتر آئے، جیل کے باہر موجود بریگیڈیئر (ر) مصدق عباسی، حلیم عادل شیخ، تیمور جھگڑا، عادل بازئی، سہیل آفریدی، سیمابیہ طاہر و دیگر سے مختصرا بات چیت کی۔

اس سے قبل اڈیالہ جیل پہنچنے پر علی امین گنڈاپور نے گیٹ نمبر 5 پر پی ٹی آئی رہنماؤں سے مصافہ کیا۔ جیل حکام سے سوال کیا کہ ان کی عمران خان سے ملاقات ہے، جس پر جیل حکام نے جواب دیا کہ ملاقات کے لیے بھجوائے ہیں۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سے سوال کیا گیا کہ آپ کی عمران خان سے ملاقات کیسی رہی، جس پر علی امین گنڈا پور نے جواب دیا کہ ملاقات اچھی رہی۔

شیر افضل کی پارٹی بےدخلی میں میرا کوئی عمل دخل نہیں، سلمان اکرم راجہ

وزیراعلی خیبرپختونخوا نے میڈیا سے بات کرنے سے معذرت کرلی اور ملاقات کے بعد علی امین گنڈاپور اڈیالہ جیل سے روانہ ہوگئے۔

شوکت یوسف کی شیرافضل مروت کو پارٹی سے نکالنے کے فیصلے پر نظرثانی کی اپیل

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما شوکت یوسفزئی نے شیر افضل مروت کو پارٹی سے نکالنے کے فیصلے پر نظرثانی کی اپیل کردی۔

پشاور سے جاری اپنے ویڈیو بیان میں پی ٹی آئی رہنما شوکت یوسفزئی نے کہا کہ شیر افضل مروت مشکل وقت کا ساتھی ہے، وہ مشکل وقت میں پارٹی کے ساتھ کھڑے ہوئے اور پارٹی کو لیڈ کیا، شیر افضل مروت کو پارٹی سے نکالنے کا فیصلہ سن کر دلی افسوس ہوا۔

پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ شیر افضل مروت کے اندر خامیاں بھی ہوں گی لیکن وہ اُن کی خوبیوں اُن کی خامیوں پر حاوی ہیں، شیر افضل مروت کو پارٹی سے نکالنے کے فیصلے سے ورکرز کو مایوسی ہوئی، پارٹی ڈسپلن سب سے زیادہ مقدم ہے، اب تک اتنا سخت فیصلہ کسی کے خلاف نہیں ہوا۔

جے یو آئی سے اپنا سیاسی کریئر شروع کرنے والے شیر افضل مروت نے پی ٹی آئی میں جگہ کیسے بنائی؟

شیر افضل مروت کو ایک موقع ضرور دینا چاہیئے، شیر افضل مروت بھی پارٹی ڈسپلن کو فالو کریں، عمران خان اور پارٹی قیادت سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ اپنے فیصلے پر نظر ثانی کرے۔

26 ویں آئینی ترمیم کو مس یوز کیا جا رہا ہے، اسد قیصر

پی ٹی آئی رہنماوں کے ہمراہ اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ پیکا ایکٹ قومی اسمبلی سے پاس ہوا، ایک ایکٹ بنانے کے لیے جو پراسس ہوتا ہے اس پرعمل نہیں ہوا، قانون بنانے سے پہلے مشاورت ہوتی ہے، قانون بنانے میں پبلک انٹرسٹ بھی دیکھا جاتا ہے۔

اسد قیصر نے مزید کہا کہ قانون عوام کے حق میں ہے یا نہیں حکومت کو کوئی سروکار نہیں، موجودہ حکومت کو جو آرڈر ملتا ہے وہ اس کی تکمیل کر تی ہے، 26 ویں آئینی ترمیم کو مس یوز کیا جا رہا ہے، عدلیہ میں اب ایگزیکٹیو کا لگایا جا رہا ہے، ملک میں جنگل کا قانون بنایا جا رہا ہے۔

عمران خان قید نہیں ہیں، حکومت کی سوچ قید ہے، مصدق عباسی

پی ٹی آئی رہنما بریگیڈیئر (ر) مصدق عباسی نے کہا کہ میں کے پی کے حکومت کا وزیر ہوں، آج بانی پی ٹی آئی سے صوبے کے مسائل پر گفتگو کے لیے آیا تھا، صوبے میں ویلفیئر اور گورننس پر بانی پی ٹی آئی سے ہدایات لینے آیا تھا،میں آج پانچویں دفعہ ملاقات کے لیے آیا ہوں ملنے نہیں دیا گیا۔

مصدق عباسی نے مزید کہا کہ ملاقاتوں میں رکاوٹیں ڈالنا ظلم ہے رول آف لاء کی نفی ہے، ملاقاتوں میں رکاوٹ ڈالنے سے حکومت کے مائنڈ سیٹ کا پتہ چلتا ہے، بانی پی ٹی آئی قید نہیں ہیں حکومت کی سوچ قید ہے۔

ہم ملاقاتوں میں رکاوٹوں پر عدالت سے رجوع کریں گے، حلیم عادل شیخ

پی ٹی آئی کے رہنما حلیم عادل شیخ نے کہا کہ لگتا ہے ملک میں عدل و انصاف کو دفن کیا گیا ہے، ہر قیدی کا حق ہے وہ اپنے عزیزوں سے ملے، بانی پی ٹی آئی کا آئینی و قانونی حق ہے وہ اپنے کارکنوں سے ملیں، ہم ملاقاتوں میں رکاوٹوں پر عدالت سے رجوع کریں گے، میں فوکل پرسن کی ہدایت پر کراچی سے اڈیالہ جیل پہنچا ہوں، 26 ویں آئینی ترمیم کے بعد ملک میں بچا کھچا انصاف بھی ختم ہوچکا۔

ملاقاتوں میں رکاوٹیں ڈالنے سے پتہ چلتا ہے ملک کس طرح چلایا جارہا ہے، تیمور جھگڑا

تحریک انصاف کے رہنما تیمور جھگڑا نے کہا کہ آج ہم حسب معمول عمران خان سے ملاقات کے لیے آئے تھے، انہوں نے خود ہمارے نام ملاقات کے لیے دیے تھے، پنجاب حکومت نے آج ایک مرتبہ پھر ملاقات نہیں ہونے دی، میں آج تیسری دفعہ ملاقات کے لیے آیا حلیم عادل شیخ کراچی سے آئے، ملاقاتوں میں رکاوٹیں ڈالنے سے پتہ چلتا ہے ملک کس طرح چلایا جارہا ہے۔

تیمور جھگڑا نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت اور پنجاب حکومت پارٹی رہنماوں کو ان کے لیڈر سے ملنے دیں، کل چیف جسٹس یحی آفریدی نے آئی ایم ایف کو کیا بریفنگ دی ہے،کیا یہ بریفنگ دی ہوگی کہ ہمیں قانون کے مطابق اپنے لیڈر سے ملنے نہیں دیا جارہا، پاکستان کا ہر شہری اس بات کا گواہ ہے ملک میں رول آف لا نہیں، حکومت سے گزارش ہے نفرتیں نہ بڑھائیں، ہم بانی کے مؤقف سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹے۔

’بیرسٹر گوہر کو شیر افضل مروت کو ہٹانے کا علم نہیں‘، شہریار آفریدی حمایت میں سامنے آگئے

یاد رہے کہ تحریک انصاف نے رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت کو پارٹی سے نکالنے کا اعلان کرتے ہوئے باقاعدہ اعلامیہ جاری کیا تھا، اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہدایت پر شیر افضل مروت کو پارٹی سے نکال دیا گیا ہے۔

گزشتہ روز پی ٹی آئی نے رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت کو پارٹی سے نکالنے کا فیصلہ کرلیا تھا۔

ذرائع نے بتایا تھا کہ پی ٹی آئی کے بانی عمران خان نے پارٹی قیادت کو شیر افضل مروت کے خلاف فیصلہ کن اقدام کی ہدایت کردی ہے، بنیادی رکنیت ختم ہونے پر شیر افضل مروت سے بطور رکن قومی اسمبلی استعفی بھی طلب کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق شیر افضل مروت کے تحریک انصاف کے صوابی جلسہ میں کردار پر پارٹی رہنماؤں نے بانی پی ٹی ائی سے شکایت کی تھی تاہم پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت کو پارٹی سے نکالنے کے فیصلے پر لاعلم نکلے تھے۔

بیرسٹر گوہر نے پی ٹی آئی رہنما شیر افضل مروت کو پارٹی سے نکالے جانے کی خبروں پر لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان کے پاس عمران خان کی جانب سے ایسی کوئی اطلاعات نہیں آئیں۔

انہوں نے کہا تھا کہ یہ ہمارا پارٹی کا اندرونی معاملہ ہے اور جو احکامات بانی پی ٹی آئی سے آتے ہیں وہ اُن پر فوراً عمل کرتے ہیں۔

imran khan

Ali Ameen gandapur

Ali Amin Gandapur

adiala jail

Adiyala Jail

IMRAN KHAN Adiyala Jail

Sher Afzal Marwat

Adyala Jail

Adiayala Jail