پی ٹی آئی کی 8 فروری کو مینار پاکستان پر جلسے کی درخواست سماعت کیلئے مقرر
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی 8 فروری کو لاہور مینار پاکستان میں جلسے کے لیے لاہور ہائیکورٹ میں دائر درخواست سماعت کے لیے مقرر ہوگئی۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس فاروق حیدر کل پی ٹی آئی چیف آرگنائزر پنجاب عالیہ حمزہ کی درخواست پر سماعت کریں گے۔
قبل ازیں پاکستان تحریک انصاف کی رہنما عالیہ حمزہ نے 8 فروری کو لاہور مینار پاکستان میں جلسے کے لیے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کیا۔
درخواست میں مؤقف اپنایا گیا کہ 8 فروری کو مینار پاکستان میں جلسے کی اجازت کے لیے ڈی سی لاہور کو درخواست دی، 29 جنوری کو درخواست دائر کی گئی مگر تاحال ڈی سی آفس میں کوئی بھی شنوائی نہیں ہوئی۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی جب بھی جلسے کی اجازت مانگتی ہے تو امن و امان کا مسئلہ بنا لیا جاتا ہے، عالیہ حمزہ کو ہراساں کیا جا رہا ہے، درخواست واپس لینے کے لیے دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔
عدالت سے درخواست میں استدعا کی گئی کہ ڈپٹی کمشنر لاہور سمیت دیگر کو ہدایت کی جائے کہ 8 فروری کو مینار پاکستان پر جلسے کی اجازت دیں اور پی ٹی آئی کے بے گناہ کارکنوں کو ہراساں کرنے اور اغوا کرنے سے روکا جائے۔
واضح رہے کہ 8 فروری کو ملک میں عام انتخابات کا ایک سال مکمل ہورہا ہے، پی ٹی آئی نے اس روز یوم سیاہ منانے کا اعلان کرتے ہوئے مینار پاکستان پر جلسے کا اعلان کیا ہے۔
دوسری جانب پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کے صدر جنید اکبر نے کہا ہے کہ اس روز ہم اضلاع کی سطح پر احتجاج کریں گے، تاہم ہم اسلام آباد کی جانب مارچ بھی کر سکتے ہیں کیونکہ ہمارا مینڈیٹ چوری کیا گیا ہے۔
Comments are closed on this story.