Aaj News

جمعہ, جنوری 31, 2025  
01 Shaban 1446  

جنید اکبر نے پنجاب کے راستے بند کرکے اسلام آباد مارچ کی دھمکی دے دی

پی ٹی آئی خیبر پختونخوا کے نئے صدر کا اہم بیان سامنے آگیا
شائع 2 دن پہلے

تحریک انصاف نے ایک بار پھر سڑکوں پر آنے کا عندیہ دے دیا، پی ٹی آئی خیبر پختونخوا کے نئے صدر کا اہم بیان سامنے آگیا، جنید اکبر نے وفاقی حکومت کو دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب کی طرف جانے والے تمام راستے احتجاجاً بند کرکے اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کریں گے، بانی پی ٹی آئی رواں برس 2025 میں رہا ہو جائیں گے۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما جنید اکبر خان نے کہا کہ ہمیں لگ رہا ہے کہ ہماری مذاکرات کی خواہش کو کمزوری سمجھا گیا، ایک بار پھر مارچ پر غورکر رہے ہیں، اسلام آباد کی طرف آنے کا آپشن موجود ہے۔

اچانک عمران خان کےانتہائی قابل اعتماد بننے والے جنید اکبر کون ہیں

ان سے سوال کیا گیا کہ آپ کو عہدہ دینے کا مقصد ہے اب کوئی مذاکرات نہیں، مسئلہ سڑکوں پر حل ہونا ہے؟ اس پر ان کا کہنا تھاکہ جی بالکل ایسا ہی ہے، اب اسلام آباد آئے تو پوری تیاری سے آئیں گے۔

انہوں نے کہا کہ یہ مقدمات بھی وہاں درج کرتے ہیں جہاں سردی ہو اور بستر بھی نہیں دیتے تھے، میں نے صرف ایک پیغام دیا تھا کہ اگر مجھے توڑا تو زندہ گھرنہیں جا سکوں گا۔

انہوں نے بتایا کہ جیل میں سونے نہیں دیا جاتا تھا، ہر تھوڑی دیر بعد تصویریں بنائی جاتی تھیں، وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور نے پارٹی میں سب سے زیادہ محنت کی۔

مذاکرات کے حق میں نہیں ہوں، نہیں لگتا مذاکرات کامیاب ہوں گے، جنید اکبر

رکن قومی اسمبلی نے کہا کہ 8 فروری کو صوابی جلسے کیلئے ایم این ایزکو اعتماد میں لوں گا، اب ہم زیادہ جذبے کے ساتھ احتجاج کے لئے نکلیں گے۔

جنید اکبر نے کہاکہ ہم نے پی اے سی کے لئے پہلے شیخ وقاص کا نام دیا تھا، ان کے نام پر حکومت کا اعتراض تھا، جس کے بعد پی اے سی کے لیے بانی پی ٹی آئی نے میرا نام دیا۔

پی ٹی آئی خیبر پختونخوا کے صدر نے کہا کہ اس ہفتے کے پی کابینہ میں کچھ لوگ کم ہو جائیں گے دو نئے شامل کریں گے، ازسر نو تنظیم سازی کریں گے، ہارڈ لائنر لوگ سامنے آئیں گے۔

پی ٹی آئی کے جنید اکبر بلامقابلہ چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی منتخب

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی ہومیو پیتھک قیادت کو سائیڈ پرکر دیا جائے گا، ہم پہلے رابطہ کرکے نکلتے تھے، اب بغیر رابطے کے نکلیں گے۔

ان کا کہنا تھاکہ ہم 8 فروری کو ڈسٹرکٹ سطح پراحتجاج کریں، ہمارے پاس نکلنے کا آپشن بھی ہے اور ایک آپشن اسلام آباد کا ڈی چوک کا بھی ہے، ہمارے پاس یہ بھی آپشن ہے کہ خیبر پختونخوا کی اہم شاہراہیں بند کردیں۔

علی امین گنڈا پور نے خیبر پختونخوا کی صدارت سے استعفیٰ دے دیا

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ عمران خان نے آج پیغام دیا ہے کہ ہمیں اس حکومت اور وزیر اعظم سے بہت آگے سوچنا ہے، یہ چیزیں میں بھول گیا ہوں کہ مجھے وزیراعظم بننا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ لوگ پی ٹی آئی کی خواتین اور کارکنوں میں سے کسی کو یہ نہیں توڑ سکے، جو پارٹی چھوڑ کر گئے یہ کہیں اور سے کسی اور کے کہنے پر آئے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں پتا ہے حکومت پی ٹی آئی میں فارورڈ بلاک کی کوشش کر رہی ہے ، یہ بھی معلوم ہے کہ کون کون لوگ ہیں، کس کے کس کے ساتھ رابطے ہیں؟ کس کے ساتھ پیسوں پر بات ہوئی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ ہم نے کافی غلطیاں کیں، اسی لیے بھگت رہے ہیں جو 20 سے 22 لوگ ہم سے گئے ہمارے رویوں کی وجہ سے گئے، ہمارے دور میں اداروں کی مداخلت بہت زیادہ تھی۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں عمران خان نے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کو پارٹی کی صوبائی صدارت سے ہٹا کر ان کی جگہ جنید اکبر کو صدر مقرر کیا تھا۔

PTI protest

pti leaders

Pakistan Tehreek Insaf (PTI)

PTI Government Talks

pti talks