190 ملین پاؤنڈ کیس کے فیصلے سے عمران خان کی صحت پر کوئی اثر نہیں پڑا، شیخ رشید
عوامی مسلم لیگ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ انتخابات سے قبل سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے سے متعلق کیس ضروری ہے، 190 ملین پاؤنڈ کیس کے فیصلے سے بانی پی ٹی آئی کی صحت پر کوئی اثر نہیں پڑا، جوڈیشل کمیشن کو نہیں مانیں گے تو مذاکرات کی کوئی حیثیت نہیں۔
سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ آج سمندرپار پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کے حوالے سے کیس میں آیا، شاید ہمیں نظر لگ جاتی ہے، آج ہمارا نمبر پھر لیٹ ہوگیا، ججز صاحبان نے کہا ہے اس کیس کو 2 ہفتے بعد سنیں گے، انتخابات سے قبل سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے سے متعلق کیس ضروری ہے۔
شیخ رشید نے کہا کہ 190ملین پاؤنڈ فیصلے پر بانی پی ٹی آئی عمران خان پر کوئی اثر نہیں، 190 ملین پاؤنڈ پر جھوٹ بولنے کا عادی نہیں، بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے فیصلے آسمانوں پر ہوتے ہیں، جب تک جوڈیشل کمیشن نہیں مانیں گے یہ مذاکرات ٹھس ہیں۔
سابق وزیر داخلہ کا مزید کہنا تھا کہ حساس مسائل پر بات نہیں کرنا چاہتا، مذاکرات کی کوئی حیثیت نہیں جب تک جوڈیشل کمیشن نہیں بنے گا، شہادتوں پر جوڈیشل کمیشن نہ بنے تو حل نہیں نکلے گا، میرے ساتھ کسی سیاسی جماعت کا کوئی رابطہ نہیں ہوا، ٹرمپ نے بالا آخر حلف تو اٹھانا ہی تھا۔
اوورسیز پاکستانیوں کے ووٹ کے حوالے سے کیس کی سماعت 2 ہفتوں کے لیے ملتوی
قبل ازیں سپریم کورٹ کے آئینی بینچ نے وقت کی کمی کے باعث اوورسیز پاکستانیوں کے ووٹ کے حوالے سے کیس کی سماعت 2 ہفتوں کے لیے ملتوی کردی۔
جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں 6 رکنی آئینی بینچ نے اوورسیز پاکستانیوں کے ووٹ سے متعلق کیس کی سماعت کی۔
شیخ رشید احمد کے وکیل سردارعبدالرازق نے مؤقف اپنایا کہ کیس میں اوورسیز پاکستانیوں کے ووٹ کا معاملہ ہے۔
جسٹس جمال خان مندوخیل نے ریمارکس دیے کہ آج وقت کم ہے اس کیس کو جلد سن لیں گے، ابھی تو الیکشن ہو بھی نہیں رہے۔
جسٹس جمال خان مندوخیل نے مسکراتے ہوئے مزید کہا کہ آئندہ الیکشن سے پہلے اس کیس فیصلہ کردیں گے۔ بعدازاں جسٹس امین الدین خان نے سماعت 2 ہفتوں کے لیے ملتوی کردی۔
Comments are closed on this story.