Aaj News

جمعہ, اپريل 18, 2025  
19 Shawwal 1446  

سپریم کورٹ نے غیر قانونی افغان مہاجرین کی بے دخلیوں کیخلاف درخواست نمٹادی

اپنا بوجھ ہم اٹھا نہیں سکتے تو غیر قانونی لوگوں کا کیوں اٹھائیں، جسٹس مسرت ہلالی کے ریمارکس
شائع 21 جنوری 2025 05:32pm

سپریم کورٹ آف پاکستان کے آئینی بینچ نے غیر قانونی افغان مہاجرین کی بے دخلیوں کے خلاف دائر درخواست نمٹا دی جبکہ عدالت نے قرار دیا کہ یہ درخواست نگراں حکومت کے دور میں دی گئی تھی، اگر موجودہ حکومت کی پالیسی سے اختلاف ہے تو نئی درخواست دائر کی جا سکتی ہے جبکہ جسٹس مسرت ہلالی نے ریمارکس دیے کہ اپنا بوجھ ہم اٹھا نہیں سکتے تو غیر قانونی لوگوں کا کیوں اٹھائیں۔

جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 7 رکنی آئینی بینچ نے غیر قانونی مہاجرین کی بے دخلیوں کے خلاف دائر درخواست پر سماعت کی، درخواست گزار کی جانب سے وکیل عمر اعجاز گیلانی عدالت پیش ہوئے۔

دوران سماعت جسٹس محمد علی مظہر نے وکیل درخواست گزار سے استفسار کیا کہ کیا آپ چاہتے ہیں حکومت غیر قانونی مہاجرین کو نہ نکالے؟ جس پر ایڈووکیٹ عمر اعجاز گیلانی نے جواب دیا کہ یہ درخواست بنیادی حقوق کے نفاذ کے لیے ہے۔

جسٹس محمد علی مظہر نے ریمارکس میں کہا کہ بنیادی حقوق پاکستان کے شہریوں کو آئین دیتا ہے، جس پر جسٹس جمال خان مندوخیل نے ریمارکس دیے کہ 40،40 سال سے افغان یہاں رہ رہے ہیں، بچے پیدا ہوگئے بڑے ہوگئے، کیا ان کو سمندر میں پھینک دیں؟ کراچی میں مختلف لوگ ہیں جن کو کوئی لینے کو تیار نہیں۔

محسوس ہو فیصلہ حکومت کے خلاف ہے تو چلتا ہوا کیس بینچ سے واپس لے لیا جائے، عدلیہ کی آزادی ختم ہوگئی، جسٹس منصور علی شاہ

جسٹس مسرت ہلالی نے ریمارکس دیے کہ میرے صوبے کے تو بارڈر کھلے ہیں دہشت گردی کا کون ذمہ دار ہے؟

وکیل عمر اعجاز گیلانی نے کہا کہ پاکستان کا شہریت ایکٹ ہر پیدا ہونے والے کو شہریت دیتا ہے، جس پر جسٹس حسن اظہر رضوی نے ریمارکس دیے کہ شہریت رجسٹرڈ کے لیے ہوگی نہ کہ غیر قانونی کے لیے۔

جسٹس مسرت ہلالی نے ریمارکس دیے کہ اپنا بوجھ ہم اٹھا نہیں سکتے تو غیر قانونی لوگوں کا کیوں اٹھائیں۔

بعدازاں سپریم کورٹ کے آئینی بنچ نے غیر قانون افغان مہاجرین کی بے دخلیوں کے خلاف دائر درخواست نمٹاتے ہوئے وکیل درخواست گزار کو مخاطب کرتے ہوئے ریمارکس میں کہا کہ آپ کی درخواست نگراں حکومت کے خلاف تھی وہ اب ختم ہوچکی ہے، موجودہ حکومت کی پالیسی سے اختلاف ہو تو نئی درخواست لا سکتے ہیں۔

Supreme Court

اسلام آباد

Afghan Immigrants

CONSTITUTIONAL BENCH

Justice Aminuddin

Constitutional Benches

afghan immigrants in pakistan