کراچی ایئرپورٹ حملے میں 6 سے زائد خواتین کو سہولت کاری کیلئے استعمال کیا گیا، سنسنی خیز انکشافات
کراچی میں ایئرپورٹ کے قریب ہونے والے حملے میں کئی خواتین کی سہولت کاری کے انکشافات ہوئے ہیں، گرفتار ملزمہ گل نسا نے سنسی خیز انکشافات کرتے ہوئے کہا کہ اس حملے میں 6 سے زائد خواتین کو سہولت کاری کے لیے استعمال کیا گیا۔
کراچی ایئرپورٹ حملے میں گرفتار سہولت کار گل نسا کی تفتیشی رپورٹ آج نیوز نے حاصل کرلی۔
تفتیش کے دوران ملزمہ گل نساکی جانب سے بتایا گیا کہ 6 سے زائد خواتین کو سہولت کاری کے لیے استعمال کیا گیا، شاہ فہد عرف سرفراز نے اسے خودکش جیکٹ پہننے کا کہا، جیکٹ پہننے سے انکار کیا تو گاڑی سے اتار دیا۔
تفتیشی رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ کلاشنکوف کا بیگ خاتون نے لاکر شاہ فہد کو دیا تھا، گولیاں اور گرنیڈ سے بھرا کاٹن بھی خواتین نے دیا جبکہ خودکش جیکٹ بھی ایک دوسری خاتون شاپنگ بیگ میں رکھ کے لائی تھی۔
ائیرپورٹ خودکش حملہ کرنیوالے دہشت گرد 3 دن کراچی میں گھومتا رہا، ویڈیو سامنے آگئی
گل نسا نے انکشافات کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے بتایا کہ تمام چیزیں مکمل ہونے کے بعد شاہ فہد اسے کراچی لے کر آیا، اس دوران کئی بار شاہ فہد سے قطع تعلی کی کوشش کی لیکن نمبر بدلنے کے باوجود شاہ فہد ہر بار میرا نمبر حاصل کرلیتا تھا، شاہ فہد رابطہ کرکے حب چوکی کے علاقے میں ہی کہیں بلواتا تھا اور وہ ہمیشہ کالے رنگ کی کار استعمال کرتا تھا۔
واضح رہے کہ 6 اکتوبر کی رات کراچی ایئرپورٹ کے قریب خودکش بم دھماکے میں 2 چینی باشندوں سمیت 3 افراد ہلاک جب کہ پولیس اور رینجرز اہلکاروں سمیت 12 سے زائد افراد زخمی ہوئے تھے اور ایک درجن سے زائد گاڑیوں کو نقصان پہنچا تھا۔
دھماکا اس قدر شدید تھا کہ اس کی گونج ڈسٹرکٹ سینٹرل سمیت شہر کے دور دراز علاقوں میں بھی سنی گئی تھی، ابتدائی طور پر دھماکے کی وجہ آئل ٹینکر پھٹنے کو قرار دیا گیا تھا تاہم تحقیقات کے بعد اسے خودکش دھماکا قرار دیا گیا تھا۔
کراچی ایئرپورٹ حملہ: چین کا اپنے عملے کی حفاظت کیلئے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کا فیصلہ
کراچی ایئر پورٹ کے قریب خودکش بم دھماکے کا ایک اور مقدمہ درج
خودکش دھماکے کی ذمے داری بی ایل اے نے قبول کی تھی، واقعے کا مقدمہ تھانہ ایئرپورٹ کے ایس ایچ او کی مدعیت میں سی ٹی ڈی میں درج کیا گیا تھا، جس میں قتل، اقدام قتل، خودکش حملے، دھماکا خیزمواد، دہشت گردی سمیت دیگر دفعات شامل کی گئی ہیں۔