احسان اللہ نے ریٹائرمنٹ کا اعلان واپس لے لیا، مگر کیوں
قومی ٹیم کے فاسٹ بولر احسان اللہ نے اپنے بیان پر معافی مانگتے ہوئے ریٹائرمنٹ بھی واپس لے لی۔
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 10 سے ڈرافٹنگ کے دوران نظر انداز ہونے پر ریٹائرمنٹ کا اعلان کرنے والے نوجوان کھلاڑی احسان اللہ کو اپنی غلطی کا احساس ہوگیا۔
گزشتہ سیزن میں ملتان سلطانز کی نمائندگی کرنے والے احسان اللہ نے ایک روز قبل ڈرافٹنگ میں کسی بھی ٹیم کی جانب سے نہ لینے پر احتجاجاً پی ایس ایل کے بائیکاٹ اور ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔
آج ایک انٹرویو کے دوران احسان اللہ نے کہا کہ مجھے امید تھی کہ کوئی ٹیم منتخب کرلے گی مگر ایسا نہیں ہوا، جس پر مداحوں، دوستوں اور پرستاروں نے میسجز کیے اور ایسی باتیں کیں جس کے بعد جذبات میں آکر اعلان کردیا تھا۔
انہوں نے واضح کیا کہ وہ اپنا اعلان واپس لے رہے ہیں اور 4 ماہ میں اتنی محنت کریں گے کہ جن لوگوں نے انہیں نظر انداز کیا وہ ہی دوبارہ ٹیم میں شامل کریں گے۔
احسان اللہ نے کہا کہ انجری اب ٹھیک ہے بولنگ کررہا ہوں، بولنگ اسپیڈ 135 سے 140 آرہی ہے کوشش ہوگی کہ اس سے زیادہ اسپیڈ آجائے اور 150 سے بولنگ کرنے لگوں، ڈومیسٹک میں اچھا پرفارم کرکے لوگوں کو خوش کروں گا۔