Aaj News

جمعہ, جنوری 10, 2025  
09 Rajab 1446  

پی آئی اے کا طیارہ اسلام آباد سے پیرس کیلئے روانہ، خواجہ آصف کی پچھلی حکومت پر تنقید

پرواز کی روانگی سے قبل اسلام آباد ایئرپورٹ پر تقریب ہوئی
شائع 10 جنوری 2025 12:06pm

سوا چار سال بعد قومی ایئر لائن کی پرواز اسلام آباد سے پیرس کیلئے روانہ ہوگئی۔ وزیردفاع خواجہ آصف نے مسافروں کو الودع کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے پیرس کے لیے پی آئی اے کی پروازیں دوبارہ شروع کروانے میں اہم کردار ادا کیا۔

ترجمان پی آئی اے کے مطابق پہلی پرواز اسلام آباد سے پیرس کے لیے دن بارہ بجے روانہ ہوئی۔

پیرس آنے اور جانے والی پہلی اور دوسری پروازوں کے لیے فلائٹ بکنگ فل ہو چکی ہیں۔ ترجمان کے مطابق پی آئی اے پیرس کے لیے ہفتہ وار دو براہ راست پروازیں چلا رہی ہے۔

ترجمان کے مطابق مسافر اپنے موبائل فون، ٹیبلٹ یا لیپ ٹاپ کے ذریعے ان فلائٹ انٹرٹینمنٹ استعمال کر سکیں گے۔

پرواز روانگی سے قبل اسلام آباد ایئر پورٹ پر تقریب کا انعقاد ہوا جس میں وزیر دفاع خواجہ آصف نے خطاب کیا۔

وزیر دفاع خواجہ آصف کا تقریب سے خطاب میں کہنا ہے کہ پی آئی اے، سول ایوی ایشن نے گزشتہ 4 سال بہت محنت کی، 4 برس میں پی آئی اے کو کئی سو ارب روپے کا نقصان اٹھانا پڑا۔ پچھلی حکومت کی بیان بازی نے بہت نقصان پہنچایا۔

وزیر دفاع کا کہنا ہے کہ اب یورپ کی فضاؤں میں سبز ہلالی پرچم لہرائے گا، پی آئی اے کی پروازیں پورے یورپ میں آپریٹ کریں گی۔

خواجہ آصف نے بتایا کہ پی آئی اے برطانیہ میں بھی 3 مقامات پر آپریٹ کرے گی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پی آئی اے کی پیرس کے لیے پرواز 100 فیصد بک ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائن پر 800 ارب روپے کا قرض ہے۔

پاکستان

PIA

PIA Flight