پی ٹی آئی مذاکراتی کمیٹی کی عمران خان سے ملاقات کیلئے سپرٹینڈنٹ جیل کو درخواست جمع
پاکستان تحریک انصاف کے وکلا نے پی ٹی آئی مذاکراتی کمیٹی کی اڈیالہ جیل میں عمران خان سے ملاقات کے لیے سپرٹینڈنٹ جیل کو درخواست جمع کرا دی ہے۔
جمع کرائی گئی درخواست میں مؤقف اپنایا گیا کہ کل (منگل) کے روز وکلا کے بجائے مذاکراتی کمیٹی کی بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کرائی جائے۔
درخواست میں استدعا کی گئی کہ کمیٹی کی ملاقات کے لیے انتظامات کیے جائیں، 7 رکنی کمیٹی کی عمران خان سے ملاقات کھلے ماحول میں کرائی جائے۔ تاہم جیل انتظامیہ نے تاحال پی ٹی آئی وکلا کو جواب نہیں دیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے عمران خان کیخلاف توشہ خانہ ٹو کیس کو مزید انکوائری کا کیس قرار دے دیا
واضح رہے کہ حکومت اور پی ٹی آئی کی مذاکراتی کمیٹوں کے درمیان دو ملاقاتیں ہوچکی ہیں، پہلی ملاقات 23 دسمبر 2024 کو ہوئی جبکہ دوسری ملاقات 2 جنوری کو ہوئی تھی۔
ملاقاتوں کے دوران مذاکرات جاری رکھنے پر اتفاق ہوا ہے، پی ٹی آئی کی جانب سے چارٹر آف ڈیمانڈ پیش کیے گئے جبکہ حکومت نے اگلی ملاقات میں تمام مطالبات تحریری طور پر مانگے ہیں۔
پی ٹی آئی کی طرف سے مذاکرات کے دوسرے دور میں حکومت سے عمران خان سے ملاقات کے لیے سہولت کا مطالبہ کیا گیا تھا تاکہ بات چیت کے عمل میں مشاورت کے لیے بانی سے رہنمائی لی جاتی رہے۔
مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور مذاکراتی کمیٹی کے ترجمان عرفان صدیقی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ پی ٹی آئی نے عمران خان سے ملاقات کے لیے سہولت کا مطالبہ کیا ہے، وہ چاہتے ہیں بانی سے رہنمائی لیتے رہیں۔
بشریٰ بی بی سے بیک ڈور مذاکرات پر چئیرمین پی ٹی آئی کی وضاحت
مذاکراتی کمیٹی کے ترجمان عرفان صدیقی نے کہا کہ ہمیں پی ٹی آئی رہنماؤں کی عمران خان سے ملاقات اور سہولت لینے پر کوئی اعتراض نہیں ہے۔