حکومت کا مہنگائی کی شرح 81 ماہ کی کم ترین سطح پر آنے کا دعویٰ
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ملک میں مہنگائی کی شرح 81 ماہ کی کم ترین سطح پر آنے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دسمبر 2024ء میں مہنگائی کی شرح 4.1 فیصد پر آنا خوش آئند ہے۔
جاری اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے مہنگائی کم ہونے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میکرو اکنامک استحکام حاصل کرلیا لیکن یہ صرف آغاز ہے، ہم نے ’اڑان پاکستان‘ جیسے منصوبے کا بھی آغاز کیا، یہ منصوبہ پاکستان کو دنیا کے صف اول ممالک کی صف میں کھڑا کر دے گا۔
مہنگائی کی شرح 38 فیصد سے کم ہو کر7 فیصد پرآگئی، وزیراعظم
ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت معاشی اصلاحات کی پالیسی پر گامزن ہے، 24 سال بعد کرنٹ اکاﺅنٹ سرپلس ہوا اور افراط زر 38 فیصد سے کم ہو کر 4.1 فیصد پر آ گیا جبکہ اسٹاک مارکیٹ دنیا کی دوسری بہترین مارکیٹ بن چکی ہے، پالیسی ریٹ 22 فیصد سے کم ہو کر 13 فیصد پر آ گیا ہے۔
ملک میں مہنگائی کی شرح چار سال کی کم ترین سطح پر آگئی
شہباز شریف نے کہا کہ حکومتی معاشی اور مالیاتی ٹیم کی محنت سے معیشت استحکام کی جانب بڑھ رہی ہے، عوام کی مشکلات کا احساس تھا،عوامی مشکلات کے حل کے لیے دن رات کام کیا، جلدعوام کی زندگیوں میں مزید بہتری آئے گی۔
دوسری جانب ادارہ شماریات کی جانب سے مہنگائی سے متعلق دسمبر کی ماہانہ رپورٹ جاری کردی گئی، جس کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے 6 ماہ میں مہنگائی کی شرح 7.22 فیصد ریکارڈ کی گئی، گزشتہ مالی سال کے پہلے 6 ماہ کے دوران شرح 28.79 فیصد تھی۔
ادارہ شماریات کے مطابق رواں ماہ دسمبر کے دوران پاکستان میں مہنگائی کی شرح سالانہ بنیاد پر4.1 فیصد رہی، گزشتہ سال دسمبر میں مہنگائی کی ماہانہ شرح 29.7 فیصد تھی۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ شہری آبادی میں افراط ذر کی شرح کم ہو کر 4.4 فیصد پر آگئی، نومبر میں شہری افراط زر 5.2 فیصد ، گزشتہ سال دسمبر میں 30.9 فیصد تھی۔
جاری رپورٹ کے مطابق دسمبر میں دیہی علاقوں میں افراط زر کم ہوکر سالانہ 3.6 فیصد رہ گئی، نومبر میں افراط زر 4.3 فیصد، دسمبر 2023 میں 27.9 فیصد تھی۔
ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق رواں ماہ دسمبر میں آلو 12.42 فیصد، تازہ پھل 8.84 فیصد مہنگے ہوئے، گھی 5.42 فیصد، کوکنگ آئل 4.39 فیصد، جبکہ شہد 2.79 فیصد مہنگا ہوا۔
اس طرح ملک بھر میں چینی 2 فیصد، مچھلی 1.82 فیصد، انڈے 1.01 فیصد ، گوشت 0.81 فیصد، خشک میوہ جات 0.32 فیصد اور گندم 0.27 فیصد مہنگی ہوگئی۔
ادارہ شماریات کے مطابق ایک ماہ کے دوران چکن 13.06 فیصد، دال چنا 6.94 فیصد سستی ہوئی، جبکہ پیاز 4.91 فیصد، ٹماٹر 3.28 فیصد اور دال ماش 2.59 فیصد سستی ہوئی ہے۔