Aaj News

جمعہ, جنوری 03, 2025  
02 Rajab 1446  

وزیر خزانہ کی امریکی سفیر سے ملاقات، آئی ایم ایف قرض پروگرام میں سہولت پر اظہار تشکر

امریکا پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے، محمد اورنگزیب
شائع 31 دسمبر 2024 04:43pm

وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب سے امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے الوداعی ملاقات کی جس میں دو طرفہ اقتصادی تعاون اور تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

جاری اعلامیہ کے مطابق ملاقات میں وزیر خزانہ نے میکرو اکنامک استحکام کے لیے اصلاحاتی ایجنڈے پر زور دیا اور آئی ایم ایف سے قرض پر سہولت فراہم کرنے پر امریکا کا شکریہ بھی ادا کیا۔

ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ امریکا پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے، امریکا پاکستانی مصنوعات اور خدمات کیلئے ایک اہم مارکیٹ ہے، دونوں ممالک قریبی اقتصادی تعلقات سے فائدہ اٹھانے کے لیے تیار ہیں۔

اعلامیہ کے مطابق وزیر خزانہ نے خاص طور پر بڑھتے ہوئے آئی ٹی ایکسپورٹ سیکٹر پر روشنی ڈالی اور آئی ٹی و ڈیجیٹل خدمات کے شعبوں میں تجارت بڑھانے کے امکانات کو اجاگر کیا۔

امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے امریکا اور پاکستان کے درمیان مضبوط اور پائیدار تعلقات کو سراہا اور پاکستان کی اقتصادی اصلاحات و ترقی کی حمایت جاری رکھنے کے امریکی عزم کا اعادہ کیا۔

وفاقی وزیر خزانہ سے گورنر اسٹیٹ بینک کی ملاقات

علاوہ ازیں وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب سے گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد نے ملاقات کی، جس میں ملک کیلئے زرمبادلہ کے ذریعہ کو مضبوط بنانے کے مشترکہ عزم کے ساتھ ترسیلات زر کی آمد کو مزید بڑھانے کے اقدامات پر بات چیت کی گئی۔

اعلامیہ کے مطابق ملاقات کے دوران گورنر اسٹیٹ بینک نے پاکستان کے مالیاتی فریم ورک کو مضبوط بنانے کے لیے جاری اور مستقبل کے اقدامات کا جامع جائزہ فراہم کیا۔

جاری اعلامیہ کے مطابق ملاقات میں گورنز اسٹیٹ بینک نے شرح مبادلہ مستحکم کرنے، غیر ملکی ذخائر بڑھانے کی کوششوں پر روشنی ڈالی، بینکنگ سیکٹر کی مجموعی کارکردگی اور معیشت میں اس کی نمایاں شراکت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اعلامیہ کے مطابق فریقین نے اقتصادی ترقی میں معاونت میں اس شعبے کے اہم کردار کو تسلیم کیا، ملک کے لیے زرمبادلہ کے اہم ذریعہ کو مضبوط بنانے کے مشترکہ عزم کے ساتھ کارکنوں کی ترسیلات زر کی آمد کو مزید بڑھانے کے اقدامات پر توجہ مرکوز کی۔

federal cabinet

پاکستان

federal government

Federal Minister

Muhammad Aurangzeb

Donald Baloom