Aaj News

جمعرات, دسمبر 26, 2024  
23 Jumada Al-Akhirah 1446  

فوجی تنصیبات پر حملہ ہوگا تو ٹرائل بھی فوجی عدالتیں ہی کریں گی، عطا تارڑ

کچھ لوگ ملٹری کورٹ کے معاملے پر سیاست کر رہے ہیں، وزیر اطلاعات کی پریس کانفرنس
اپ ڈیٹ 25 دسمبر 2024 08:35pm

وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ کچھ لوگ ملٹری کورٹ کے معاملے پر سیاست کر رہے ہیں، بانی پی ٹی آئی نے ماضی میں فوجی عدالتوں کے فضائل بیان کیے، تحریک انتشار نے اس پر سیاست کی کوشش کی، فوجی تنصیبات پر حملہ ہوگا تو ٹرائل بھی فوجی عدالتیں ہی کریں گے، تحریک انصاف سیاست نہ کرے اور معاملے کو متنازع نہ بنائے۔

اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا کہ تحریک انتشار نے 2 دن سے ملٹری کورٹس کی جانب سے سزاؤں کے معاملے پر پروپیگنڈا کیا، ملک سے باہر بھی لابنگ کی جارہی ہے۔

عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ جن لوگوں کو سزاؤں کا سامنا کرنا پڑا ہے، انہوں نے فوجی تنصیبات پر حملے کیے تھے، اس لیے ان کا ٹرائل ملٹری کورٹس میں ہوا۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ جس طرح منشیات کا مقدمہ اینٹی نارکوٹکس فورس کی کورٹس (اے این ایف کورٹس)، دہشتگردی کا مقدمہ انسداد دہشتگردی کی عدالتوں (اے ٹی سیز) میں چلتا ہے، ریلوے تنصیبات پر حملہ ہو تو اسے ریلوے پولیس دیکھتی ہے، اسی طرح فوجی مقامات پر حملے کے مقدمات فوجی عدالتوں میں چلائے گئے۔

فوجی عدالتوں سے سزاؤں پر امریکا، برطانیہ اور یورپی یونین کے بیانات پر پاکستان کا دوٹوک جواب

انہوں نے مزید کہا کہ سانحہ 9 مئی کے تمام ملزمان کو فیئر ٹرائل کا حق دیا گیا ہے، عدالتوں میں ملزمان کے وکیل موجود تھے، ملزمان کی فیملیز کو ان سے ملنے کی اجازت دی گئی تھی۔

عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ اگر فوجی عدالتیں اتنی ہی بری ہیں، تو ماضی میں آپ کے لیڈر ان کے فضائل کیوں بیان کرتے رہے؟، قانون کی پاسداری اور قانون کی حکمرانی ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انتشار کے پروپیگنڈے کا مقصد رعایت حاصل کرنا ہے، تاہم ایسا ممکن نہیں، آپ کے پاس دیگر فورمز پر اپیل کا حق ہے، اسے استعمال کریں۔

وفاقی وزیر اطلاعات کا مزید کہنا تھا کہ سانحہ 9 مئی کے ملزمان کے ٹرائل میں عالمی قوانین کی پاسداری کی گئی، انسانی حقوق کی کوئی خلاف ورزی نہیں کی گئی، تمام ملزمان کو قانون کے مطابق سزائیں ملیں گی۔

یورپی یونین کا فوجی عدالت سے 25 شہریوں کو سنائی گئی سزا پر اظہارِ تشویش

عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ آج وزیراعظم نے قائداعظم کی ولادت اور مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارک باد پیش کی، اور اس عزم کا اظہار کیا کہ ہم سب ملکر اس ملک کو عظیم بنائیں گے۔

دریں اثنا وفاقی وزیر اطلاعات عطاءاللہ تارڑ نے راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ چیمپئنز کپ کے فائنل میں اسٹالینز نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا، ٹیموں نے بہترین کھیل پیش کیا، شعیب ملک، حارث رﺅف نے بہترین کارکردگی دکھائی، چیئرمین کرکٹ بورڈ محسن نقوی کی کاوشوں کو سراہتا ہوں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ محسن نقوی اور ان کی ٹیم کو ایونٹ کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد پیش کرتا ہوں، انہوں نے سلیکٹرز کا بہترین پینل بنایا، ہمارے ملک میں بہت ٹیلنٹ ہے، جو ابھر کر سامنے آ رہا ہے، اس طرح کے میچوں سے نیا ٹیلنٹ سامنے آتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کرکٹ میں بہتری آ رہی ہے، بڑے ٹورنامنٹ ہونے جارہے ہیں، ہوم گراﺅنڈ پر کرکٹ کی واپسی سے عالمی سطح پر پاکستان کا امیج بہتر ہوگا، ماضی میں یہاں آنے والی ٹیموں نے پاکستان کی مہمان نوازی کی تعریف کی۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی عوام کرکٹ کا شوق اور جذبہ رکھتے ہیں،عوام آئیں اپنی پسندیدہ ٹیم کو سپورٹ کریں، محسن نقوی فرائض احسن طریقے سے انجام دے رہے ہیں، مہمان ٹیموں کی سیکورٹی کے لئے بہترین انتظامات کئے جاتے ہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ سیاست کو کھیل میں مکس نہیں کرنا چاہیے، کھیل میں سیاست کا دور دور تک کوئی لینا دینا نہیں، سیاست کو کھیل سے کوسوں دور ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ 2005 کے بھارتی ٹیم کے کھلاڑیوں کے انٹرویوز نکال کر دیکھیں، وریندر سہواگ سمیت بھارتی کرکٹر پاکستان مہمان نوازی کے معترف رہ چکے ہیں۔

عطاءاللہ تارڑ نے کہا کہ بھارتی کھلاڑی آج بھی پاکستان کی مہمان نوازی یاد کرتے ہیں، بھارتی ٹیم ہماری مہمان نوازی مس کرے گی، چیمپئنز ٹرافی کے دوران دنیا بھر کے شائقین کیلئے ویزہ پالیسی نرم کریں گے۔

قائداعظم کی زندگی ہمارے لئے مشعل راہ ہے، عظمی بخاری

وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے کہا ہے کہ قائداعظم کی زندگی ہمارے لئے مشعل راہ ہے، ثقافت کے فروغ کے لئے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک کا مثبت تشخص اجاگرکرنے کیلئے کوشاں ہیں، ثقافتی تقریبات کا بڑی اہمیت کا حامل ہے، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صاف ستھرا پنجاب پروگرام شروع کیا۔

federal cabinet

پاکستان

federal government

Federal Minister

Military courts in Pakistan

Atta Tarar

Military Courts

military court trail

militray court

Military Court Trial

9 May Military Court Judgement