تھانہ شادمان جلاؤ گھیراؤ کیس: شاہ محمود قریشی اور یاسمین راشد پر فرد جرم عائد
لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے تھانہ شادمان جلاؤ گھیراؤ کے مقدمے میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماؤں شاہ محمود قریشی اور ڈاکٹر یاسمین راشد سمیت دیگر ملزمان پر فرد جرم عائد کرتے ہوئے پراسیکیوشن کے گواہوں کو 19 دسمبر کو طلب کرلیا۔
انسداد دہشت گردی عدالت لاہور کے جج مناظر علی گل نے تھانہ شادمان جلانے کے مقدمے میں جیل ٹرائل کی سماعت کوٹ لکھپت جیل میں کی، اس موقع پر تمام ملزمان کو جیل میں قائم کمرہ عدالت میں پیش کیا گیا۔
سماعت کے دوران سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، سابق صوبائی وزیر صحت یاسمین راشد، سابق سینئر صوبائی وزیر میاں محمود الرشید، سینیٹر اعجاز چوہدری، سابق گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ اور دیگر ملزمان پر فرد جرم عائد کردی۔
انسداد دہشت گردی عدالت کے جج مناظر علی گل نے فرد جرم پڑھ کر سنائی جبکہ خصوصی عدالت کی جانب سے فرد جرم عائد کیے جانے کے بعد تمام ملزمان نے صحت جرم سے انکار کر دیا جس پر عدالت نے 19 دسمبر کو پراسیکیوشن کے گواہوں کو طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔
جلاؤ گھیراؤ مقدمات میں پی ٹی آئی رہنماؤں پر فرد جرم کب عائد ہوگی؟
9 مئی کو جلاؤ گھیراؤ کے مقدمے میں شاہ محمود سمیت دیگر پر فردِ جرم عائد
اس کے علاوہ عدالت نے عسکری ٹاور جلاؤ گھیراؤ سمیت دیگر مقدمات میں کارروائی 23 دسمبر تک ملتوی کر دی۔
کیس کا پسِ منظر
یاد رہے کہ گزشتہ برس 9 مئی کو القادر ٹرسٹ کیس میں عمران خان کی اسلام آباد ہائی کورٹ کے احاطے سے گرفتاری کے بعد پی ٹی آئی کی طرف سے ملک گیر احتجاج کیا گیا تھا۔
احتجاج کے دوران لاہور کے علاقے ماڈل ٹاؤن میں 9 مئی کو مسلم لیگ (ن) کے دفتر کو جلانے کے علاوہ فوجی، سول اور نجی تنصیبات کو نذر آتش کیا گیا، سرکاری و نجی املاک کو شدید نقصان پہنچایا گیا تھا جب کہ اس دوران کم از کم 8 افراد ہلاک اور 290 زخمی ہوئے تھے۔
مظاہرین نے لاہور میں کور کمانڈر کی رہائش گاہ پر بھی دھاوا بول دیا تھا جسے جناح ہاؤس بھی کہا جاتا ہے اور راولپنڈی میں واقع جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو)کا ایک گیٹ بھی توڑ دیا تھا۔
اس کے بعد ملک بھر میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ لڑائی، توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ میں ملوث 1900 افراد کو گرفتار کر لیا گیا تھا جب کہ عمران خان اور ان کی پارٹی رہنماؤں اور کارکنان کے خلاف مقدمات بھی درج کیے گئے تھے۔
Comments are closed on this story.