سانحہ 9 مئی پر جوڈیشل کمیشن کی تشکیل، انتخابی دھاندلی کیخلاف عمران کی درخواستیں سماعت کیلئے مقرر
سپریم کورٹ آئینی بینچ کمیٹی نے آئندہ ہفتے کیلئے اہم مقدمات سماعت کے لیے مقرر کر دیے ہیں، مقدمات میں سانحہ 9 مئی کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل تشکیل دینے اور 8 فروری عام انتخابات میں دھاندلی کی تحقیقات سے متعلق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین عمران خان کی درخواستیں بھی شامل ہیں۔
سپریم کورٹ آئینی بینچ کمیٹی نے آئندہ ہفتے کی کاز لسٹ جاری کردی، کاز لسٹ کے مطابق جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں 7 رکنی آئینی بینچ آئندہ ہفتے مقدمات کی سماعت کرے گا۔
بینچ میں جسٹس جمال خان مندو خیل، جسٹس محمد علی مظہر، جسٹس حسن رضوی، جسٹس مسرت ہلالی، جسٹس نعیم اختر افغان اور جسٹس شاہد بلال شامل ہوں گے۔
9 مئی سانحہ پر جوڈیشل کمیشن تشکیل دینے کی درخواست
آئینی بینچ کمیٹی کی جانب سے جاری کاز لسٹ کے مطابق سپریم کوٹ نے 9 مئی سانحہ پر جوڈیشل کمیشن تشکیل دینے کی درخواست سماعت کے لیے مقرر کردی۔
چیف جسٹس کا جسٹس منصور کو 26 ویں آئینی ترمیم سے متعلق خط کا جواب، فل کورٹ بنانے کی مخالفت
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین عمران خان نے 9 مئی سانحہ کی تحقیقات کے لیے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی تھی۔
جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں سپریم کورٹ کا 7 رکنی آئینی بینچ 10 دسمبر کو درخواست پر سماعت کرے گا۔
سابق وزیراعظم عمران خان نے درخواست میں سویلین کے ملٹری کورٹ ٹرائل کو کالعدم قرار دینے کی استدعا بھی کی ہے۔
عمران خان توہین عدالت کیس
سپریم کورٹ میں سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف 25 مئی کے عدالتی احکامات کی خلاف ورزی پر توہین عدالت کیس بھی سماعت کے لیے مقرر کردیا گیا۔
جسٹس امین الدین کی سربراہی میں 7 رکنی آئینی بینچ 10 دسمبر کو ہی اس کیس کی سماعت بھی کرے گا۔
یاد رہے کہ وفاقی حکومت نے 25 مئی کو عدالتی احکامات خلاف ورزی پر توہین عدالت کی درخواست دائر کی تھی۔
8 فروری عام انتخابات میں دھاندلی کے خلاف درخواست
سابق وزیراعظم عمران خان کی 8 فروری 2024 کے عام انتخابات میں دھاندلی کے خلاف درخواست سماعت کے لیے مقرر کردی گئی۔
جسٹس امین الدین کی سربراہی میں سپریم کورٹ کا 7 رکنی آئینی بینچ 11 دسمبر کو سماعت کرے گا۔
یاد رہے کہ انتخابات کی جوڈیشل کمیشن کے ذریعے تحقیقات کے لیے بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی تھی۔
عمران خان کو خیبر پختونخوا جیل منتقل کرنے کی درخواست
سپریم کورٹ میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کو اڈیالہ جیل سے خیبر پختونخوا جیل منتقل کرنےکی درخواست بھی سماعت کے لیے مقرر کردی گئی۔
جسٹس امین الدین کی سربراہی میں 7 رکنی آئینی بینچ 10 دسمبر کو درخواست کی سماعت کرےگا۔
یاد رہے کہ شہری نے سکیورٹی وجوہات کی بنا پر بانی پی ٹی آئی کی جیل سے منتقلی کی درخواست دائر کی تھی۔
ارشد شریف قتل از خود نوٹس کیس
سپریم کورٹ نے سینئر صحافی ارشد شریف قتل از خود نوٹس کیس سماعت کے لیے مقرر کر دیا۔
جسٹس امین الدین نے از خود نوٹس کی سماعت کے لیے 7 رکنی آئینی بینچ تشکیل دے دیا، سپریم کورٹ کا آئینی بینچ 9 دسمبر کو ارشد شریف قتل ازخود نوٹس کی سماعت کرے گا۔
ارشد شریف قتل از خود نوٹس کیس آئینی بینچ کے روبرو سماعت کیلئے مقرر
جسٹس جمال مندوخیل، جسٹس محمد علی مظہر، جسٹس حسن رضوی، جسٹس مسرت ہلالی، جسٹس نعیم افغان، جسٹس شاہد بلال بینچ میں شامل میں شامل ہیں۔
فوجی عدالتوں کے فیصلے کیخلاف انٹرا کورٹ اپیلوں پر سماعت
فوجی عدالتوں کے فیصلے کے خلاف انٹرا کورٹ اپیلوں پر سماعت کے لیے سپریم کورٹ کا 7 رکنی آٸینی بینچ تشکیل دے دیا۔
جسٹس امین الدین خان سربراہی میں 7 رکنی آئینی بینچ 9 دسمبر کو انٹرا کورٹ اپیلوں پر سماعت کرے گا، جسٹس شاہد بلال کو 7 رکنی آئینی بینچ میں شامل کر لیا گیا۔
جسٹس جمال مندوخیل، جسٹس محمد علی مظہر، جسٹس حسن رضوی، جسٹس مسرت ہلالی، جسٹس نعیم افغان اور جسٹس شاہد بلال آئینی بینچ میں شامل ہیں۔
پریکٹس اینڈ پروسیجر آرڈیننس کیخلاف درخواستیں
سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر آرڈیننس کے خلاف درخواستیں بھی سماعت کے لیے مقرر کردی گئیں۔
جسٹس امین الدین کی سربراہی میں سپریم کورٹ کا 7 رکنی آئینی بینچ 12 دسمبر کو درخواستوں کی سماعت کرے گا۔
پی ٹی آئی رہنماؤں کیخلاف مقدمات کے اندراج کیخلاف درخواست
سپریم کورٹ کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) رہنماؤں کے خلاف مقدمات کے اندراج کے خلاف درخواست بھی سماعت کے لیے مقرر کردی گئی۔
جسٹس امین الدین کی سربراہی میں سپریم کورٹ کا 7 رکنی آئینی بینچ 10 دسمبر کو درخواست کی سماعت کرے گا۔
یاد رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی رہنما سیمابیہ طاہر نے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کر رکھی ہے۔
چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی کیخلاف درخواست
سپریم کورٹ میں چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی تعیناتی کے خلاف بھی درخواست سماعت کے لیے مقرر کردی گئی۔
جسٹس امین الدین کی سربراہی میں 7 رکنی بینچ 11 دسمبر کو درخواست کی سماعت کرے گا۔ درخواست شہری محمود اختر نقوی کی جانب سے دائر کی گئی ہے۔
غیرقانونی افغان باشندوں کی بے دخلی کیخلاف درخواستیں
سپریم کورٹ میں غیرقانونی افغان باشندوں کی بے دخلی کے خلاف دائر درخواستیں بھی سماعت کے لیے مقرر کردی گئیں، جسٹس امین الدین کی سربراہی میں 7 رکنی آئینی بینچ 9 دسمبر کوسماعت کرے گا۔
یاد رہے کہ افغان باشندوں کی واپسی کے نگراں حکومت کے فیصلے کے خلاف فرحت اللہ بابر نے سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا۔
مٹھی اسپتال میں بچوں کی اموات کا کیس
سپریم کورٹ کے آئینی بینچ کے سامنے مٹھی اسپتال سندھ میں بچوں کی اموات کا کیس سماعت کے لیے مقرر کردیا گیا۔
جسٹس امین الدین کی سربراہی میں 7 رکنی بینچ 9 دسمبر کو کیس کی سماعت کرے گا جبکہ عدالت نے سندھ حکومت اور متعلقہ حکام کو نوٹس جاری کر دیے۔
1993 سے زیر التوا فون ٹیپنگ کیس سماعت کیلئے مقرر
سپریم کورٹ میں فون ٹپینگ کا 28 سالہ پرانا مقدمہ بھی سماعت کےلیے مقرر کردیا گیا۔
جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں سپریم کورٹ کا 7 رکنی آئینی بینچ 1993 سے زیر التوا فون ٹیپنگ کیس کی 11 دسمبر کو سماعت کرے گا۔
یاد رہے کہ جوڈیشل کمیشن کے فیصلے کے مطابق جسٹس شاہد بلال کو سپریم کورٹ کے 7 رکنی آئینی بینچ میں شامل کر لیا گیا ہے۔
جسٹس امین الدین کی سربراہی میں سات رکنی آئینی بینچ میں جسٹس جمال مندوخیل، جسٹس محمد علی مظہر، جسٹس حسن رضوی، جسٹس مسرت ہلالی، جسٹس نعیم افغان اور جسٹس شاہد بلال شامل ہیں۔
Comments are closed on this story.