Aaj News

منگل, مارچ 25, 2025  
24 Ramadan 1446  

اسلام آباد ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی رہنما علی بخاری کی گرفتاری سے روک دیا

جناح ہاؤس حملہ کیس میں عالیہ حمزہ سمیت 6 ملزمان کے وارنٹ گرفتاری جاری
شائع 05 دسمبر 2024 12:42pm

اسلام آباد ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما علی بخاری کی گرفتاری سے روک دیا اور ان کے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات فراہم کرنے کے لیے وزارت داخلہ، وفاقی پولیس سمیت فریقین کوکل کے لیے نوٹس جاری کردیا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے پی ٹی آئی رہنما علی بخاری ایڈووکیٹ درخواست پر سماعت کی۔

درخواست گزار کی جانب سے صدر اسلام آباد ہائیکورٹ بار ریاست علی آزاد عدالت میں پیش ہوئے۔

درخواست میں مؤقف اختیارکیا گیا تھا کہ ان کے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات فراہم کی جائیں اور اس دوران کسی بھی ایسے مقدمہ میں گرفتارکرنے سے روکنے کا حکم دیا جائے جس کا انہیں علم نہیں۔

عدالت نے علی بخاری کی درخواست پر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کہا کہ وزارت داخلہ، وفاقی پولیس اور دیگر فریقین کل تک بتائیں کہ علی بخاری کے خلاف کتنے مقدمات درج ہیں؟

بعدازاں اسلام آباد ہائیکورٹ نے مقدمات کی تفصیلات پیش ہونے تک علی بخاری کو گرفتار کرنے سے بھی روک دیا۔

جناح ہاؤس حملہ کیس: عالیہ حمزہ سمیت 6 ملزمان کے وارنٹ گرفتاری جاری

لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت لاہور نے جناح ہاوس حملہ کیس میں غیر حاضر ہونے پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رہنما عالیہ حمزہ سمیت 6 ملزمان کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔

انسداد دہشت گردی عدالت کے ایڈمن جج منظر علی گل نے جناح ہاؤس جلاؤ گھیراؤ کیس میں جیل ٹرائل کے لیے پیش نہ ہونے کے معاملے پر کوٹ لکھپت جیل میں درخواست کی سماعت کی۔

عدالت نے جیل ٹرائل کے لیے پیش نہ ہونے پر عالیہ حمزہ سمیت 6 ملزمان کے وارنٹ گرفتاری جاری کئے، پی ٹی آئی رہنما عالیہ حمزہ، فرحان بخاری، عاطف منیر، صفیر کمال، عباس علی اور عمران کے وارنٹ گرفتاری جاری ہوئے۔

انسداد دہشت گردی عدالت نے ملزمان کو 19 دسمبر کو گرفتار کر کے پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

ATC

lahore

arrest warrent

Jinnah House Attack

Aliya Hamza

Pakistan Tehreek Insaf (PTI)

ali bukhari