Aaj News

پیر, جنوری 13, 2025  
12 Rajab 1446  

سپریم کورٹ کے آئینی بینچ نے پی آئی اے نجکاری روکنے کا حکم واپس لے لیا

عدالت اپنا اعتماد دیتی ہے نجکاری اچھے طریقے سے کریں، جسٹس جمال مندوخیل کے ریمارکس
شائع 05 دسمبر 2024 12:27pm

سپریم کورٹ کے آئینی بینچ نے قومی ایئر لائن (پی آئی اے) نجکاری روکنے کا حکم واپس لیتے ہوئے کیس نمٹا دیا۔

جسٹس امین الدین کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے آئینی بینچ نے پی آئی اے نجکاری سے متعلق کیس کی سماعت کی۔

دوران سماعت ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ سپریم کورٹ نے پی آئی اے انتظامیہ کو نئے پروفیشنل بھرتی کرنے کی اجازت دی تھی، حکومت کی طرف سے پی آئی اے نجکاری کا عمل شروع کیا تھا لیکن نجکاری کے عمل کی وجہ سے نئی بھرتیاں نہیں کی گئیں۔

ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے بتایا کہ نجکاری کا عمل کمیشن دوبارہ کرنے جا رہا ہے، پی آئی اے فلائٹ آپریشن پر پابندی بھی ختم ہوگئی ہے۔

آئینی بینچ کے سرابراہ جسٹس امین الدین خان نے ریمارکس دیے کہ دوبارہ نجکاری کے عمل میں اب شاید ریٹ زیادہ ملے۔

جسٹس جمال مندوخیل نے کہا کہ نجکاری کا عمل کرکے حکومت سپریم کورٹ آرڈر کی خلاف ورزی تو نہیں کر رہی، سپریم کورٹ نے حکم دیا تھا کہ نجکاری عدالت کو اعتماد میں لے کر کی جائے۔

ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے بتایا کہ نجکاری پر اعتماد میں لینے کے لیے عدالت میں درخواست دائر کر دی تھی، جس پر جسٹس جمال مندوخیل نے کہا کہ عدالت اپنا اعتماد دیتی ہے نجکاری اچھے طریقے سے کریں۔

بعدازاں سپریم کورٹ کے آئینی بنچ نے قومی ایئر لائن (پی آئی اے) نجکاری کا حکم واپس لیتے ہوئے کیس نمٹا دیا۔

Supreme Court

اسلام آباد

pia privatization

CONSTITUTIONAL BENCH

Justice Aminuddin

Constitutional Benches